• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

35 ارب کے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنیوالا ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں کارروائی کر کے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کے آن لائن فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے بتایا کہ ملزم فہیم اکرم نے امریکی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت سے 35 ارب روپے کا فراڈ کیا۔

عاطف امیر کے مطابق ملزم نے اگست 2023ء سے ستمبر 2026ء تک آن لائن جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ بیچے، ملزم نے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے بھائی، بیوی ، بہن اور خالہ کے بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کیے، تحقیقات کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم فہیم اکرم نے مبینہ طور پر ایک ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے امریکی پوسٹل کمپنی کے نظام کو بائی پاس کرکے 50 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت کیے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی، ملزم کی گرفتاری کے لیے 122 کال ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس، 120 کیمروں کی ویڈیو، آڈیو کا تجزیہ کیا گیا، ملزم کا سراغ لگانے کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔

عاطف امیر کا کہنا تھا کہ کیس کی تفتیش کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مالی لین دین اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے کردار کی جانچ رہی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست فلوریڈا میں فہیم اکرم کے خلاف امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید