اسلام آباد (قاسم عباسی) پاکستانی خام نمک سستا فروخت، غیر ملکی کمپنیاں بھاری منافع کمانے لگیں۔ نمک کے مجموعی ذخائر 10ارب ٹن سے زیادہ، برآمدات سے حاصل آمدنی محض 21 ارب 48 کروڑ روپے، 30سینٹ پر حاصل نمک بیرون ملک پراسیس ہوکر 15 ڈالر فی کلو تک پہنچ جاتی ہے، امریکہ سب سے بڑا خریدار، پاکستان کے نمک سے 50کروڑ ڈالر کمانے کا امکان، برآمدات بڑھانے کیلئے جدید پراسیسنگ اور برانڈنگ ناگزیر، پاکستان میں نمک کے مجموعی ذخائر 10 ارب ٹن سے زیادہ ہیں، جن میں مشہور کھیوڑہ نمک کی کان میں ایک ارب ٹن سے زائد نمک کے ایسے ذخائر بھی شامل ہیں جو صدیوں تک استعمال کیے جا سکتے ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستان کی نمک کی مجموعی برآمدات سے 2024 میں حاصل ہونے والی آمدنی محض 7 کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہی۔ اس کے برعکس عالمی منڈی میں ہمالیائی گلابی نمک کی مالیت 50 کروڑ ڈالر سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے درمیان ہے۔