جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کا تیسرا فیز شروع کر رہے ہیں، جمعے کو 150 شہروں میں لیوی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
کراچی میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پورے کراچی میں تعلیم کارڈ جاری کریں گے، ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ مفت معیاری تعلیم دے، تعلیمی بجٹ کہاں جاتا ہے کچھ نہیں پتہ۔
انہوں نے کہا کہ پنچاب کی وزیرِ اعلیٰ نے خراب معاشی حالات کے باوجود11 ارب کا جہاز خریدا، پنچاب کے سرکاری اسکولوں کے نتائج بہت خراب آئے ہیں، کراچی یونیورسٹی کا سندھ حکومت نے برا حال کر دیا ہے، ماضی میں کراچی یونیورسٹی میں سوا سو پوائنٹ چلتے تھے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اپنے زیرِ انتظام ٹاؤنز میں تعلیم کارڈ متعارف کرایا ہے، طلبہ کو باعزت طریقے سے تعلیمی وظائف دے رہے ہیں، گلبرگ ٹاؤن میں 10 ہزار تعلیم کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے باوجود شہر بھر میں ترقیاتی کام کر رہے ہیں، سندھ حکومت کی قیادت میں کرپشن ہو رہی ہے، کراچی اور سندھ میں تعلیمی نظام کی صورتِ حال تشویش ناک ہے۔