نامور بھارتی کامیڈین اداکار راجپال یادیو نے گلوکار دلیر مہندی کے ساتھ ہونے والے تنازع پر اتراکھنڈ کے وزیر کے رویے پر سوال اٹھادیا۔
اتراکھنڈ میں ایک ثقافتی تقریب کے دوران پنجابی گلوکار دلیر مہندی کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر بالی ووڈ شخصیات کی جانب سے شدید ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران اداکار راجپال یادیو نے اس معاملے پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے وزیر کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں راجپال یادیو نے کہا کہ ایک فنکار کے طور پر وہ اتراکھنڈ کے وزیر کے اس رویے سے سخت مایوس ہیں، جنہوں نے ایک لیجنڈری گلوکار کے خلاف اسٹیج پر نامناسب الفاظ استعمال کیے۔
راجپال نے واضح کیا کہ فن اور فنکار کا احترام کیا جانا چاہیے۔ دلیر مہندی ان دنوں صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ اتراکھنڈ کے نئی تہری میں ایک سیاحتی میلے کے دوران کابینہ وزیر سبودھ انیال نے دلیر مہندی پر اسٹیج پر نامناسب حالت میں ہونے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ بھاری معاوضہ لینے کے باوجود وہ ٹھیک سے پرفارم نہیں کر رہے۔
اس واقعے کے بعد انوپم کھیر سمیت کئی دیگر فنکاروں نے بھی دلیر مہندی کی حمایت کی۔