ملک بھر میں سرکاری نرخ اور دکاندار کے ریٹ میں بڑا فرق پیدا ہوگیا، ایل پی جی، آٹا، دالیں، مرغی، گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا جانے لگا۔
کراچی لاہور اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت بیشتر شہروں میں ایل پی جی 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 7 ہزار روپے کو چھو گئی۔
لاہور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 280 روپے جبکہ دکاندار کی من مانی قیمت 550 روپے فی کلو ہوگئی۔
کراچی میں مرغی 750 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ کراچی اور لاہور میں گندم کا آٹا 190 روپے فی کلو ہوگيا ہے۔ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 3 سو 33 روپے کا ہوگیا، خضدار، چاغی، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی۔
بلوچستان بھر میں گندم کا بحران سنگین ہوگیا، کابینہ کی منظوری کے باوجود گندم کی خریداری تاحال نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے 5 لاکھ 75 ہزار بوریاں گندم خریدنی تھی اب تک 1 لاکھ بوری بھی خریدی نہ جاسکی، کوئٹہ میں سبزیوں، گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بھی 20، 20 فیصد تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔