اسلام آباد ( مہتاب حیدر) پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی جائے تاکہ پاکستان یورپی یونین کی نئی جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت یہ حیثیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے اور یورپی منڈی تک ترجیحی رسائی برقرار رہے۔ پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی 28 اپریل 2026 کو منظور کردہ نئی جی ایس پی ضابطہ بندی کے تحت پاکستان کو ضمیمہ اول میں معیاری جی ایس پی ملک کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ آرٹیکل 51(3) کے مطابق پاکستان کو جی ایس پی پلس سے مستفید ہونے والے ملک کی حیثیت صرف 31 دسمبر 2028 تک حاصل رہے گی۔