• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ناتھا خان سڑک کی تعمیر تنازع، ریلوے پولیس نے دیگر شہروں سے100 سے زائد اہلکاروں کو کراچی بلالیا

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس 

کراچی کے علاقے ناتھا خان سے گلستان جوہر تک سڑک کی تعمیر کے تنازع پر ریلوے اور کے ایم سی آمنے سامنے آگئے، دونوں ادارے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرواچکے ہیں، اب خبر یہ ہے کہ ریلوے پولیس نے لاہور، ملتان اور سکھر سے 100 سے زائد اہلکاروں کی نفری کراچی طلب کرلی ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی ناتھ خان گوٹھ سے گلستان جوہر تک سڑک تعمیر کررہی تھی کہ ریلوے پولیس آئی اور کہا کہ منصوبے میں ریلوے کی زمین بھِی شامل ہے اس لیے پہلے این او سی لیا جائے۔

کے ایم سی کا عملہ نہ مانا تو ریلوے پولیس نے سٹی وارڈنز اور ان کے اعلیٰ افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس پر کے ایم سی کی جانب سے شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کروایا گیا۔ جواب میں ریلوے پولیس نے بھی سٹی وارڈنز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ 

اس سلسلے میں چند روز قبل شارع فیصل پولیس نے ریلوے پولیس کے تھانے پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہاں بھی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی۔ 

شارع فیصل پولیس اور ریلوے پولیس دونوں نے ایک دوسرے کے سپاہیوں کو پکڑلیا۔ بعد میں اعلیٰ افسران کی مداخلت پر دونوں اداروں کے اہلکاروں کو واپس کردیا گیا۔

تازہ صورتحال یہ ہے کہ ریلوے پولیس نے لاہور، ملتان اور سکھر ڈویژن سے کمانڈوز، اے ایس آئیز اور سپاہیوں پر مشتمل سو اہلکاروں کی نفری طلب کرلی جو جدید اسلحے اور ایمونیشن سے لیس ہے، اس اضافی نفری کو ڈی ایس ریلوے کے گھر کے باہر تعینات کیا گیا ہے۔

اس بارے میں ریلوے ذرائع کا بتانا ہے کہ کے ایم سی کے ساتھ اعلیٰ سطح پر مذاکرات جاری ہیں، فی الحال تنازع تو حل نہیں ہوا مگر اس کی شدت میں کمی آئی ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید