لاہور میں موٹر سائیکل سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کیس میں گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے پولیس کی ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کسی اور جرم میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں موٹر سائیکل سوار نوجوان نے موٹر سائیکل سوار لڑکی کا راستہ روک کر اُسے سرِ بازار تشدد کا نشانہ بنایا تھا، لڑکے نے لڑکی کو زمین پر پٹخا اور تھپڑ بھی مارے تھے، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
موٹر سائیکل سوار شخص نے موٹر سائیکل سوار لڑکی کو اوور ٹیک کر کے روکا اور اترتے ہی اسے دبوچ کر زمین پر پٹخ دیا، تھپڑ مارے اور بال نوچے، اس موقع پر لوگوں نے لڑکی کو بچایا تو ملزم اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا، لوگوں نے ملزم کی موٹر سائیکل تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کر دی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر پٹخا جس میں موجود 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ بھی ٹوٹ گیا جبکہ تشدد سے لڑکی کی ناک اور چہرے پر زخم آئے۔