• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا اکنامک زونز کمپنی میں اربوں روپے کی بے قاعدگیاں، غیرقانونی الاٹمنٹس، معاملے پر صوبائی حکومت کی گہری تشویش

پشاور(ارشد عزیز ملک)  KPاکنامک زونز کمپنی میں اربوں کی بےقاعدگیاں، غیر قانونی الاٹمنٹس، معاملے پر صوبائی حکومت کی گہری تشویش، عدالتی فیصلے پرکمپنی کو 14ارب روپے نقصان کا خدشہ، مالیاتی کنٹرول کی کمزوریوں، زمین کے حصول میں بے ضابطگیوں، پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور انتظامی ناکامیوں کی نشاندہی، کمپنی کے سی ای او شہریار گل کا کہنا ہے کہ شفافیت، احتساب اورقوانین وضوابط کی مکمل پابندی کے لیے پرعزم ہیں، مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا ہے کہ سنجیدہ معاملہ ہے، جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ایزمک ) میں اربوں روپے کے واجبات کی عدم وصولی، مالی نقصانات، زمین کا قبضہ حاصل کیے بغیر ادائیگیوں، کمرشل پلاٹوں کی بے ضابطہ الاٹمنٹ اور سنگین انتظامی ناکامیوں کی نشاندہی کی ہے۔  مالی سال 2024-25 کی آڈٹ رپورٹ میں زمین کے معاوضے سے متعلق عدالتی مقدمات کے باعث کمپنی کو نقصان کا تخمینہ 14 ارب روپے لگایا گیا ہے، جس سے کمپنی کی مالی پائیداری اور سرکاری وسائل کے انتظام پر سوالات اٹھتے ہیں۔آڈٹ کے مطابق کے پی ازمک لیز معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد اور واجبات کی وصولی میں ناکام رہی۔ ڈگری شدہ لیز واجبات کی مد میں کمپنی نے صرف 20 کروڑ 89 لاکھ 38 ہزار روپے وصول کیے، جبکہ 2 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تاحال بقایا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور اکنامک زون میں کمرشل پلاٹوں کے لیز معاہدے 2017 میں ختم ہوگئے تھے، تاہم کمپنی نے تجدید کے لیے پالیسی 2024 میں مرتب کی۔ اس دوران کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں، لیکن لیز کی تجدید کے واجبات وصول نہیں کیے گئے، جس کے نتیجے میں آڈٹ کے مطابق 62 کروڑ 98 لاکھ 89 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔آڈیٹرز نے تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے، قابل وصول واجبات اور جرمانے وصول کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی سفارش کی ہے کہ کوئی بھی کمرشل یونٹ مؤثر لیز معاہدے کے بغیر کام نہ کرے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے بونیر، مہمند اور جلوزئی اکنامک زونز کے لیے زمین کی مد میں ایک ارب 7 کروڑ 74 لاکھ 91 ہزار روپے ادا کیے، لیکن زمین کے حصول اور قبضے کا عمل مکمل نہ ہوسکا۔

اہم خبریں سے مزید