لائبہ اعجاز خودکشی کیس پاکستان میں حالیہ دنوں کا ایک انتہائی افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ ہے، جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI)سے فزکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی24سالہ طالبہ لائبہ اعجاز نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور اسکالرشپ کے نام پر لاکھوں روپے کے فراڈ کا شکار ہونے کے بعد مایوسی میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔اس کیس کی تفصیلات، ملزمان کا طریقہ واردات اور تازہ ترین پیشرفت درج ذیل ہے۔ لائبہ اعجاز کا خواب تھا کہ وہ امریکہ جا کر اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ایک سائنسدان بنیں۔ لائبہ کے والد موٹر سائیکل پر دودھ بیچنے کا کام کرتے ہیں اور ایک کرائے کے فلیٹ میں رہتے ہیں۔ بیٹی کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے انہوں نے اپنی زندگی کی جمع پونجی، ایک ذاتی پلاٹ اور اپنی اہلیہ کے زیورات بینک میں رکھ کر رقم کا بندوبست کیا۔ محمد نعمان نامی ایک جعل ساز ایجنٹ (جس نے خود کو سپریم کورٹ کا اکاؤنٹنٹ ظاہر کر کے خاندان کا اعتماد جیتا تھا)نے لائبہ کو ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ اور امریکی ویزا دلوانے کا جھانسا دیا۔ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ویزا، یونیورسٹی فیس اور بینک اسٹیٹمنٹ کے نام پر لائبہ کے خاندان سے تقریباََ 93 لاکھ روپے بٹورے۔ ملزم نے چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کا استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے جعلی آفر لیٹرز، ویزا دستاویزات اور فیس کی رسیدیں تیار کیں اور لائبہ کی ایک دوست عائزہ کے نام سے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا کر لائبہ سے گفتگو کرتا رہا۔جب لائبہ نے ان دستاویزات کی پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ وہ سب مکمل طور پر جعلی تھیں۔ اس بڑے مالی نقصان اور شدید ذہنی دباؤ کے باعث لائبہ شدید صدمے میں چلی گئیں۔ انہوں نے اپنے ماموں کو آخری پیغام بھیجا کہ میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے،یہ بات والد کو نہ بتانا ورنہ وہ مر جائیں گے۔9اکتوبر2026کو اسلام آباد کے سیکٹرG-10میں ایک درخت سے لائبہ کی لاش ملی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت گلے میں پھندا لگنے کے باعث ہوئی۔ اس واقعے پر وزیر اعظم پاکستان نے سخت نوٹس لیا، جسکے بعد حکام نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ اسلام آباد پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے(FIA)نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد نعمان کو سیکٹرH-13سے گرفتار کیا، جہاں وہ ایک کرائے کے کمرے میں روپوش تھا۔ اس کے ساتھ اس کی2خاتون سہولت کاروں فاطمہ سرور اور عائزہ کو بھی حراست میں لیا گیا۔ملزم کا اعتراف جرم اور ریکارڈ ملزم نعمان نے تفتیش کے دوران لائبہ کے ساتھ فراڈ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم کے موبائل سے دیگر خواتین کو بلیک میل کرنے اور آن لائن فراڈ کے شواہد بھی ملے ہیں۔ تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نعمان2022تک15سال اینٹی کرپشن کا ملازم تھا اور اسے غیرحاضری پرنکالا گیا، ملزم نعمان بطور منیجر مختلف انشورنس کمپنیوں میں کام کرتا رہا، ملزم نے2025میں بلیو ایریا میں ایک انشورنس کمپنی جوائن کی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا پہلا رابطہ مارچ2023ءمیں ہوا جب لائبہ نے انشورنس کمپنی میں انٹرن شپ اپلائی کی، ملزم کو اسٹاف کی ضرورت تھی، اس نے لائبہ سے رابطہ کیا، لائبہ نعمان سے ملی لیکن ٹیوشن پڑھانے کی وجہ سے آفس جوائن نہیں کرسکی، ملزم نے بعد میں ٹک شاپ ایڈورٹائزنگ کیلئے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کو رکھ لیا۔ذرائع کے مطابق عائزہ نامی لڑکی ٹک شاپ مینج کرکے لائبہ، اس کی بہن اور والدہ کو دیتی تھی، عائزہ کا بھائی امریکا میں تھا، لائبہ نے نعمان سے امریکاکے ویزے کیلئے عائزہ کی مدد مانگی، نعمان نے لائبہ کوکہا کہ وہ امریکا کا ویزا عائزہ کے بھائی کے ذریعے دلوا دیگا، نعمان نے عائزہ بن کر ایک اور اکاونٹ بنایا اورلائبہ سے بات کرناشروع کی۔ ملزم نے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے عائزہ اور اس کے بھائی کا کرداراداکیا، نعمان نے سارے ڈاکومنٹس لائبہ کو بھیجے اورلائبہ کو بالکل شک نہ ہوا، نعمان نے انٹرویوکی تاریخ پہلے یکم ستمبر، پھر17ستمبر اور پھر 26ستمبربتائی، لائبہ کو شک ہوا جسکی وجہ سے اس نے ڈاکومنٹس چیک کئے اور وہ جعلی نکلے۔ذرائع کے مطابق لائبہ نے اپنے والد سے21لاکھ روپے کاپلاٹ بیچ کا رقم لینے کے ساتھ سوتیلی ماں کا زیور بھی نعمان کو دیا تھا، لائبہ پر اپنی سوتیلی ماں کا زیور واپس لوٹانے کا پریشر تھا، لائبہ نے نعمان سے کہاکہ باقی پیسے بعد میں دیکھیں گے، اس کی سوتیلی ماں کا زیور واپس کردے بعد ازاں نعمان نے لائبہ کو نظرانداز کرنا شروع کیا اور اس سے رابطہ منقطع کردیا، جب لائبہ کوکچھ سمجھ نہ آیا تو اس نے خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق ملزم نعمان نے کئی اورخواتین کیساتھ بھی فراڈ کیا تھا، گرفتاری میں وقت ملنے کی وجہ سے نعمان نے موبائل فون کا سارا ڈیٹا ڈیلیٹ کردیا، موبائل فون کا فارنزک کرانے کے بعد ڈیٹا ریکورکرکے مزید متاثرین کو ڈھونڈا جائے گا ۔ اگرچہ ملزم نعمان تو پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے لیکن میری حکومت سے گزارش ہے کہ یہ منظم فراڈ ہے جس میں باہر بھیجنے کا جھانسا دےکرلوگوں کو پھنسایاجاتاہے ۔ہر مہینے ہر سال پاکستان سے اس ہی طرح لوگ جاتے ہیں اور اسی طرح مسلسل یہ فراڈ چل رہا ہے ۔آج تک حکومت اس کو روک نہیں سکی ۔انتظامیہ اور حکومت کو چاہئے کہ اس کی روک تھام کیلئے سختی کریں اور جو لوگ یا گروہ یہ فراڈ کر رہے ہیں ان سب کو فوری گرفتار کریں اور ایک سسٹم بنا ئیں کہ بغیر رجسٹرڈ کمپنی کے کوئی بھی شخص کسی کو غیر قانونی طور پرباہرنہیں لے جا سکے گا۔جیسے دوائیاں بنانے کیلئے یا گاڑی چلانے کیلئے لائسنس درکار ہوتا ہے ۔ اسی طرح یہ جو بیرون ملک بھیجنے والے افراد یا کمپنی وغیرہ کا بھی لائسنس ہونا چاہئے اور حکومت اس کی گارنٹی رکھے کہ اگر وہ فراڈ کریں گے تو ان کا لائسنس کینسل ہو جائے گا۔