’’نائیجیریا کافنانس منسٹر،اگنیٹیئس ایک سوئس بینک پہنچتا ہے۔ اور بینک چیئرمین سے نائیجیریا کے اُن سرکاری اہل کاروں اور حکّام کے نام معلوم کرتا ہے، جن کے خفیہ اکاؤنٹس اُس بینک میں موجود تھے۔ چیئرمین نام بتانے سےصاف انکار کردیتا ہے کہ بینک پالیسی کے تحت وہ اپنےاکاؤنٹ ہولڈرز سے متعلق معلومات خفیہ رکھنےکا پابند تھا۔ منسٹر اپنی حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری خط پیش کرتا ہے، مگر چیئرمین انکار کر دیتا ہے۔
منسٹر اُسے لالچ دیتا ہے کہ وہ اُسے بینک میں موجود نائیجیرین حکّام کی دولت میں سے ایک حصّہ بطور سرکاری انعام(ریوارڈ) دلوائے گا۔ چیئرمین پھرانکارکرتا ہے۔ آخر وہ اُسے دھمکی دیتا ہے کہ سوئٹزرلینڈحکومت کو اس انکار کے سنگین سفارتی نتائج بھگتنے پڑسکتے ہیں۔ چیئرمین کا انکار برقرار رہتا ہے۔ انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے منسٹر اپنی جیب سے پستول نکال کر چیئرمین کی کنپٹی پر رکھ دیتا ہے اور غصّے سے پھنکارتے ہوئے دھمکی دیتا ہے کہ اگر اُس نے نام نہ بتائے تو وہ اُسے گولی ماردے گا۔
چیئرمین کے ماتھے پر پسینہ آجاتا ہے مگر وہ انکار ہی کرتا ہے۔ تھوڑی دیر منسٹر اُس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھتا رہتا ہے۔ یک دَم اُس کے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں اور وہ کہتا ہے، ’’شان دار۔‘‘ اُس کےبعد وہ اپنا بریف کیس کھولتا ہے۔ اُس میں پانچ ملین ڈالرز ہوتے ہیں اور چیئرمین سے پوچھتا ہے کہ اُس کے بینک میں اکاؤنٹ کس طرح کُھلوایا جاسکتا ہے۔ یعنی وہ منسٹر بینک کی فولادی پالیسی جانچ رہا تھا۔
جب اُسے یقین ہوجاتا ہے کہ بینک کسی صُورت بھی رازافشا نہیں کرے گا تو وہ اُسے مکمل محفوظ سمجھتے ہوئے وہاں اپنا سیاہ دھن رکھنے کو تیار ہوجاتا ہے۔‘‘ یہ جیفری آرچر کی تحریر کردہ ایک کہانی ہے، جو اُس کی کہانیوں کے ایک مجموعے میں شامل ہے۔ یہ کہانی مَیں نے لڑکپن میں پڑھی اور بھول گیا۔ پھر معروف ادیب محمّد حمید شاہد کی تحاریر پڑھتے ہوئے اِس کہانی کے گرد بُنی اُن کی ایک تحریر نے یہ کہانی یاد دِلا دی۔ یہی نہیں، اوربھی بہت کچھ یاد دِلا دیا۔
مَیں نے جیفری آرچر کی کہانیوں کے تراجم (جس کی کتابوں کے30 کروڑ سےزائد نسخے فروخت ہوئے اور وہ پاپولر ادب کا سُرخیل ٹھہرا) سب رنگ، سسپنس، سیارہ اور اردو ڈائجسٹس میں پڑھے، مگر اس کے فن پر کسی اُردو ادیب کی، سوائے مذکورہ تحریر کے، کوئی قابلِ ذکر تحریرنہ پڑھی۔ جیفری آرچر کا تذکرہ آج یوں برمحل ہے کہ وہ گزشتہ دِنوں اپنےآخری ناول کی اشاعت کے ساتھ ہی یک دم اِس دارِفانی، جہانِ خاک سے چلا گیا۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس کے ہزاروں قارئین بستے ہیں۔ چند برس پہلے کسی بھارتی اخبار/رسالے میں ایک تصویر دیکھی، جس میں جیفری بھارت کے ایک شاپنگ مال میں اپنی کسی کتاب کی تقریب میں موجود تھا اور وہاں ہزاروں کا مجمع تھا۔ کسی فلم اسٹار کے عُشّاق سے زیادہ تعداد میں لوگ اپنے پسندیدہ ادیب کو دیکھنے، ملنے آئے تھے۔
چوں کہ اس کی تحریروں سے مجنونانہ لگاؤ رکھنے والے جتنی بڑی تعداد میں برِعظیم میں موجود تھے، اور کہیں نہ تھے، تواُس کی کُتب اُس کے آبائی وطن برطانیہ سے بھی پہلے بھارت میں ریلیز ہوتی تھیں۔ اب جو مَیں آئینۂ عقب نُما میں اُن ماہ وسال کو دیکھتا ہوں، جورفت بُود ہوئے اور اُن کہانیوں کا سوچتا ہوں تو خیال آتا ہے کہ اُن میں سسپنس، رومان، گلیمر، مہم جوئی کے علاوہ ایک اور شے بھی تھی، جو ہم اُداس نسلوں کے وارثوں کے دِلوں کو بھاتی تھی، وہ تھی اُمید۔
غریب کے بیٹےکا امیر ہوجانا، متموّل گھرانے کی کسی حسین لڑکی کا، کسی عام گھرانے کے لڑکے کی جانب مائل ہونا، مظلوم کا بالآخر جیت جانااورعملی زندگی میں کسی اَن ہونی کا ہوجانا…ان کتابوں میں خواب ملتے تھے اور خُوب ملتے تھے۔ یہ رفت شُد صدی کی آخری دہائی کی بات ہے، لاہو رکے مال روڈ سے نئی انار کلی میں داخل ہوں، تو ایک مسیحی مشینری پبلشنگ ہاؤس سے چند قدم آگے بائیں ہاتھ پر برلبِ راہ کتابوں کے کئی اسٹالز ہوتے تھے (شایداب بھی ہوں) ادھر انگریزی کی پرانی، نئی اور چربہ شدہ کتابوں کے ڈھیر لگے ہوتے تھے۔
سڈنی شیلڈن، ڈینئیل اسٹیل، جیفری آرچر، اینیڈ بلائٹن، ملزاین بونز، نینسی فرائڈے اور ہندوستانی ادیبوں میں خوش ونت سنگھ اور شوبھادےکی کتب کے انبار دھرے ہوتے۔ مغربی پاپولر مصنّفین میں جن ادیبوں کا کام معیاری اورناقدین کی نظرمیں قابلِ ذکر تھا، اُن میں اسٹیفن کنگ، جیمز کلیول اور جیفری آرچر نمایاں تھے۔ اسٹیفین کنگ ہارر اور کلیول تاریخی فِکشن لکھتے تھے۔ جیفری آرچر کی تحریروں میں تجسّس کے ساتھ دل چسپ معلومات اور کرداروں میں کچھ گہرائی نظر آتی تھی۔
تب ایک ہی ٹی وی چینل تھا، پی ٹی وی، جس پر گلیمر کچھ حسینہ معین تو کچھ شعیب منصور کی وجہ سے نظرآجاتا، بھارت کا ’’دُور درشن‘‘ تو ایک روایتی شادی شدہ عورت کی مانند تھا، جو پی ٹی وی سےبھی دوقدم پیچھے چلتا تھا۔ اِن ناولز میں گلیمر تھا۔ تیزرفتار پرائیوٹ جیٹ طیارے، اعلیٰ ہوٹلوں کے نرم و گداز قالین اور کمروں میں آرام دہ بستر، لابی میں کافی اور سگار کی مہک، نفیس ملبوسات میں ملبوس طرح دار لڑکیاں، خوب رُو لڑکے، قیمتی گھڑیاں، دمکتے ہیرے، بیش بہا نیکلس، چمچماتی گاڑیاں اور رنگین بلوریں بوتلیں۔
انار کلی میں لکڑی کے ایسے بینچ پر بیٹھا دودھ پتّی پیتا نوجوان، جس کے ایک پائے کی جگہ اینٹیں رکھی ہوں، تصورات میں پیرس کی شاہ راہ شانزے لیزے، لندن میں دریائے ٹیمز اور نیویارک کے شبینہ کلبز میں پہنچ جاتا تھا، تاوقتیہ کہ دکان دار اُس سے چائے کی اٹھنّی مانگ کر پریشان نہ کردے اور وہ سراسیمہ ہو کر جیبیں ٹٹولنے لگے۔ اُس دَور کے لاہور میں درجنوں اسٹورز تھے، جوکرائے پر کتابیں دیتے تھے۔ گلبرگ کی مین مارکیٹ کے پلازے کی بیس مینٹ ہی میں دو دُکانیں تھیں اورایک بس میں قائم لائبریری بھی قریب ہی سبز قطعے پر ٹھہری ہوتی تھی۔
علامہ اقبال ٹاؤن، چھاؤنی، ماڈل ٹاؤن، انارکلی اور دیگر مقامات پر بھی کرائے پر کتابیں اور رسالے مہیا کرنے کی دکانیں تھیں۔ مین مارکیٹ گلبرگ کی دکانیں شامی روڈ لاہور کینٹ کے نزدیک تھیں اور مجھے ایسے یاد ہیں، جیسے مَیں گزشتہ روز ہی وہاں گیا ہوں۔ انگریزی کے ضخیم اور دُبلے ناول، چمک دار روغنی صفحات والے رسالے اور بھانت بھانت کی اردو کُتب، جن کےاوراق کثرتِ استعمال سے میلے پیلے پڑچُکے ہوتے تھے، وہاں ایک ترتیب سے لگے ہوتے تھے۔
اُن دکانوں میں کتابوں کی مہک تھی۔ کاغذ کی وہ مہک ان ہی کتابوں سے مخصوص تھی، اُس مہک میں ایک نشہ اورآرام تھا، بستر میں لیٹ کر تکیے سے کمر، سر لگا کر ناول میں گُم ہوجانے کا عیش، سردیوں کی راتوں میں لحاف اوڑھ کر ایک آرام دہ گرمی میں آسودہ ہو کر نظروں سے الفاظ چومنےکا سُرور۔ انارکلی میں سستے ایڈیشن بیچنے والے اسٹالز سے لے کر شہر بھر کے گلی کُوچوں میں کتابیں کرائے پر دینے والی دکانوں تک میں انگریزی ناولز کے علاوہ اُردو کے تاریخی، جاسوسی، مذہبی اور سنجیدہ ناولزکی بھی خُوب مانگ تھی، جن میں نسیم حجازی، ابنِ صفی، الیاس سیتاپوری، ضیاء تسنیم بلگرامی، اے حمید، اشتیاق احمد، مظہر کلیم سے لے کرعصمت چغتائی اور قراۃ العین حیدر کی تخلیقات شامل تھیں۔
انگریزی کے پاپولر فِکشن نگار نسبتاً سادہ زبان لکھتے تھے۔ جس کی بنیادی وجہ تیسری دنیا کے قارئین سے زیادہ امریکا، برطانیہ کی اپنی ورکنگ مڈل کلاس اور اوسط درجے کے عام طالبِ علم تھے، جو اعلیٰ ادبی زبان سے بےبہرہ تھے۔ وہاں اسٹالز کے پیچھے ذرا نیچے بھی کتب ورسائل رکھےہوتے۔ فروخت کنندگان نے اپنی تسلی کو وہ چُھپائے ہوتے تھے مگر سامنے ’’اشکنجبین‘‘ بیچنے والے سے لے کرچوک میں کھڑے سپاہی تک کو اُن کی خبر ہوتی تھی۔
دل دادگانِ ادب اُن پوشیدہ کتب و رسائل کے نام نہ لیتے تھے، بس آنکھوں سے اشارہ کرکے اِدھر اُدھر دیکھنے لگتے تھے۔ دکان داربھی اُنھیں یوں چوری چُھپے دیتے کہ سارا بازار اپنا کام چھوڑکر دونوں کی جانب متوجّہ ہوجاتا۔ بہرحال، انار کلی کے اُن اسٹالز سے مَیں نے پہلی مرتبہ جیفری آرچر کا ناول ’’کین اینڈ ایبل‘‘ خرید کر پڑھا اور یہ ہر پہلے تجربے کی طرح یادگار ہوگیا۔
پختہ عُمری میں بہت سے ماضی پرست اپنے بچپن و لڑکپن کی جانب لوٹتے ہیں، ماضی میں قید زندانی فردا میں جیتے ہیں، سو ماضی کےمئےکدے کا ایک رندِ خرابات ہونے کے ناتے رواں برس میں نے یادِ ماضی کو آواز دی اور سنجیدہ ادب کی ثقالت سے فرار ہوکر ہلکے پُھلکے ادب میں پناہ تلاش کرنے کی ٹھانی تو اگاتھی کرسٹی کو پڑھا (اُس پر ایک پوسٹ بھی لکھی) اور جیفری آرچر کے ناول ’’کین اینڈ ایبل‘‘ کو بھی دہائیوں بعد دوبارہ پڑھا۔
یقین جانیے، مایوسی ہوئی۔ پاپولر فِکشن کے وہی پرانے لوازمات (حالیہ پاکستانی ٹی وی ڈراموں والی چال بازیاں) غیرفطری اتفاقات، ہرموڑ کے بعد ایک ہُک (hook) یعنی مچھلی والا کنڈا، قاری اورناظر کوتجسّس کے مارے آگے بڑھنے پر مجبور کرنے والا سامان اورعملی زندگی سے ماورا اور ہٹ کر کرداروں کا آپس میں اتفاقاً مل جانا، وغیرہ وغیرہ مگر ایک چیز نے دوبارہ چونکا دیا اور وہ تھا، جیفری آرچر کا غیر معمولی جینئس، سچویشنز کو ماہرسنگ تراش کی طرح تراشنا، قاری کو یک دم جھنجھوڑ دینا اور غیرمتوقع طور پر حیران کردینا۔
آج نیٹ فلکس، پرائم اور دیگر نشریاتی پلیٹ فارمز کے ایک سیریل کی ایک قسط کو کئی لوگ مل کرلکھتے ہیں۔ ہمارے چینلز پر ناولزکوبہت کم کم ڈرامے میں ڈھالا گیا، اورجنہیں ڈھالا گیا، وہ ناولز کے متن سے خاصے مختلف ہیں۔ ناول ایک شخص نے لکھا ہوتا ہے، جب کہ سیریل کی ہر قسط پر پوری ٹیم سرجوڑ کر بیٹھتی ہے۔ ’’خدا کی بستی‘‘، ’’جانگلوس‘‘، ’’آنگن ‘‘جیسےاچھے ناولز پرماضی کے پی ٹی وی پراُن کے متن کے قریب رہتے ہوئے ڈرامے ضرور بنے، مگر وہ قصّہ ہائے ماضی ہیں۔
جب کہ آرچر کے ناولز پڑھیں تو یہ بات حیران کردیتی ہے کہ کس طرح وہ پوری ٹیم کا کام تنِ تنہا سر انجام دیتا تھا۔ اُس کے سرمیں دماغ کی جگہ ایک مشین فٹ تھی، جونئےخیالات، اچھوتے کردار، دل چسپ لوکیل اورمتنوّع واقعات یوں تخلیق کرتی، جیسے ٹکسال سے تازہ دمکتے سکّے، چھنا چھن۔ دوسری جانب مارک ٹوئن جیسے جہاں دیدہ ادیب و مفکّر ہی نے تو کہا تھا کہ ’’فِکشن کو قابلِ یقین ہونا چاہیے، حقیقی زندگی کی طرح ناقابلِ یقین نہیں۔‘‘
عملی زندگی کی حیرتوں کی مانندحیران کرناتو جیفری آرچر کی عادت تھی۔ اُس کی اپنی زندگی ایسی گزری کہ اُس پر ایک طویل اور بھرپورناول لکھا، نشریاتی سیریز بھی بنائی جا سکتی ہے۔ اُنتیس برس کی عُمر میں وہ پارلیمنٹ کا رکن بنا۔ ایک کاروباری دھوکے میں اپنا سارا سرمایہ گنوا بیٹھا اور پھر ایک جوان، پُرعزم سیاست دان کو سیاست چھوڑنا پڑی، اُس نے پہلا ناول چارکرداروں کے گرد بُنا، جو ایک دھوکے میں اپنی دولت گنوا بیٹھتے ہیں، گویا خود بیتی کومختلف رنگ دے دیا۔ ’’کین اینڈ ایبل‘‘ نام کا ناول دو ایسے کرداروں کے گرد تخلیق کیا، جو یک سرمختلف پس منظر سے تعلق رکھتےتھے۔
ایک امریکا کے رئیس خاندان اور دوسرا پولینڈ کےغریب گھرانے میں ایک ہی روز پیدا ہوتے ہیں اور قسمت اُنھیں مدمقابل لے آتی ہے۔ یہ بین الاقوامی شہرت یافتہ ناول، آرچر کو معاشی استحکام دے گیا۔ سو وہ اپنی پرانی روش پرآیا، سیاست کے میدان میں اُترا، کنزرویٹو پارٹی کا نائب چیئرمین بنا اور لارڈ کا خطاب پایا۔ اِدھر قسمت نے اُسے پھر ایک ایسا دھوبی پٹرا دیا کہ وہ منہ کے بل زمین پر آگرا، اب کی بار اُس کا ایک خاتون کے ساتھ غلط تعلق طشت ازبام ہوا، اُس نے مقدمے میں دروغ سے کام لیا اور چار برس کی سزائے قید پائی۔
کوئی اور ہوتا تو مقامِ قدر سےگرنے پراوراخلاقی پامالی پراَدھ مُوا ہوجاتا۔ ایک فن کار کا فن اورشخصیت دو مختلف چیزیں ہیں، ایک مبلغ ومصلح کو تو اپنے پیغام کی مجسّم صُورت ہونا چاہیے، ہونا تو سبھی کو اچھا چاہیے، پرکارخانۂ حیات کا ہردانہ برابر تو نہیں ہوتا۔ آسکروائلڈ کو مخرّبِ اخلاق حرکات پر دو برس پابندِ سلاسل رہنا پڑا، اوہنری نے فراڈ کیا اور تین برس پسِ زنداں رہا۔
آرچر کا جوشِ جنوں جیل میں فارغ تو نہ بیٹھا، گو وہ مقامِ حشر نہ تھا اور سامنے کوئی گریباں بھی نہ تھا، مگر اُس کا وفورِ تخلیق مائل بہ خلق رہا، اُس نے تین جِلدوں میں احوالِ قفس، رُودادِ اسیری رقم کی۔ وہ جومجرموں، شاطروعیار چال بازوں کا احوال فِکشن میں لکھتا تھا، ایسے ہی لوگوں کے بیچ زندگی بسر کررہا تھا۔ وہ خُود مجرم تھا(ملزم نہیں) اور اپنے ایسے ہم جنسوں کے بیچ تسبیحِ روز شب کا وِرد کررہا تھا۔
اگر اِس کم مایہ کی رائے لی جائے تو یوں نظر آتا ہے کہ جیفری آرچر کی مختصر کہانیاں اُس کے ڈھائی درجن بھاری بھرکم ناولز کے بوجھ تلے دب گئیں، جیسے سمر سیٹ ماہم کےناول اُس کی کہانیوں کی اوٹ میں چُھپ گئے تھے۔ افسانہ یا مختصر کہانی ایک تخلیق کار کا کڑا امتحان ہوتا ہے، ناول پانچ روزہ ٹیسٹ میچ (جوچھے روزہ بھی ہوتا تھا) اورافسانہ ون ڈے، ناول سال بھرکا مکتبی مطالعاتی عمل اورافسانہ تین گھنٹے کا پرچہ، ناول میراتھن ریس اورافسانہ سومیٹر کی دوڑ، افسانہ جمہوری دَور، مختصرمختصر، ناول مارشل لا، طویل تر۔
جدید پاپولر فِکشن میں ایسے تیکھےافسانے، منجھے ہوئے، مشّاق قلم سےاگر جیفری آرچر کے قریب ترکسی نے لکھے ہیں تو اسٹیفن کنگ نے، اور اگر کوئی نام فوری ذہن میں نہ آئے اور جب آئے تو وہ تیسرا نہیں، بعد کا نام ہی ٹھہرے گا۔ پاپولر اور ادبِ عالیہ میں سنجیدہ نقّاد ایک فرق یہ کرتے آئے ہیں کہ پاپولر ادب بتاتا ہے کہ ایک کردار نے فلاں فعل کیا، بڑا ادب اس فعل کے پسِ پردہ محرّکات کھوج لاتا ہے، یعنی اُس نے یہ کیوں کیا؟
آرچرکئی مقامات پر کرداروں کی نفسیاتی پڑتال بھی کرتا ہے۔ ایک نقّاد کا آرچر پر ایک جملہ پڑھا،جو دماغ سے چپک گیا، جس کا مفہوم کچھ یوں تھا۔ ’’جیفری آرچر کے کردار موٹے تازے ہیں مگر صحت مند نہیں۔‘‘ البتہ وقت نےثابت کیا کہ آرچر نے ہر گزرتی دہائی سے بہت کچھ سیکھا، یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ جو کہتے تھے کہ اُس کے کردار سپاٹ ہیں، یا گتّے کے بنے ہوئے لگتے ہیں، خاموش ہوگئے، البتہ ذاتی طور پر مَیں اس رائے سے متفق نہیں، کیوں کہ مَیں آج بھی ولیم کین کےاُس درد کو محسوس کرتا ہوں، جو اُسے تب محسوس ہوا تھا، جب اُس نازوں پلے ننّھے لڑکے تک اپنے رئیس باپ کی ٹائی ٹینک کے ڈوبنے سے ہونے والی موت کی خبر پہنچی تھی۔
ایبل روزنووسکی کے وہ لمحات میرے اندر کہیں اپنی پوری جزئیات کے ساتھ نقش ہیں، جب اُس نے اپنی معصومیت کھوئی تھی۔ گو مَیں نےآرچر کے قیدو بند کا احوال پڑھا اور نہ ہی کلفٹن کرونیکلز پر مشتمل سات کتابیں پڑھیں۔ مجھے یوں محسوس ہوتا تھا، وہ اپنی صلاحیت سے زیادہ مہارت کے بل پرفِکشن لارہا ہے، یک سانیت کے خوف نے مجھے اُس کے مابعد ناولز سے دُور رکھا، مگر اب جب وہ اپنی موت سے پہلے کہہ گیا ہے کہ اُس کا بہترین ناول اس کا تازہ شاہ کار’’ایڈم اینڈ ایو‘‘ یعنی ’’آدم و حوا‘‘ ہے تو جب یہ ناول دکانوں پر فروخت کے لیے آئے گا، تو مَیں یقیناً پہلی قطار کے اوّلین سِرے پر کھڑا ہوکر آرچر کو سلامی دوں گا۔
ایک ادیب کو توپوں سے سلامی نہیں دی جاتی، اُس کی کتابوں کے سامنے قطار بند ہو کر اُسے خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے، اُس کی کتاب کی قیمت ادا نہیں کی جاتی، فقط ایک نذرانۂ ارادت پیش کیا جاتا ہے۔ اے کاش کہ آرچر کا حتمی ناول جب چند ہنوز قائم کتابوں کی دکانوں پر پہنچے تو وہاں عشّاق وقارئینِ ادب کا ویسا ہی ہجوم ہو، جیسا گزری دہائیوں میں کرائے پر کتابیں دینے والی دکانوں پر ہوتا تھا، کتابوں کی وہی مانوس ومخصوص مہک ہو، خانقاہوں کا سا مقدّس ماحول ہو، کتاب کا آغاز کرنے کی وہی تڑپتی مچلتی خواہش سینے میں کلپتی ہو، ہوسِ مطالعہ ویسے ہی انگڑائیاں لیتی ہو اور رات میں کتاب پڑھتے پڑھتے اُسے سینے پر رکھے آدمی یوں سوجائے، جیسے ماں نونہال کو سینے پر اُلٹا لٹائے تھپکیاں دیتے دیتے اُس کے ساتھ خُود بھی سوجاتی ہے۔