• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کا دعویٰ رہا ہے کہ وہ دنیا کو دیکھ بھال، سمجھ بوجھ اور مول تول کر فیصلے کرتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارا ذہن ایک غیرجانب دار کیمرا نہیں، بلکہ ایک ماہر ایڈیٹر ہے۔ ہم دنیا کو ویسا نہیں دیکھتے، جیسی وہ واقعتاً ہے، بلکہ ویسا دیکھتے ہیں جیسے ہم خُود ہیں۔ علمِ ابلاغیات اور نفسیات کی دنیا میں اس رویے کو ’’انتخابی ادراک‘‘ (Selective Perception) کہا جاتا ہے۔

یعنی اپنی مرضی، پسند اور سابقہ فکر کے مطابق حقائق کا انتخاب کرنا اور باقی کو نظرانداز کر دینا۔ اس نظریے کے چار بنیادی مراحل یا ستون ہیں، جن کے ذریعے ہمارا دماغ معلومات کو فلٹر کرتا ہے۔ اوّل، انتخابی نمائش (Selective Exposure): لوگ ایسے ہی افراد کے درمیان رہنا پسند کرتے، صرف اُن ہی معلومات کا حصول چاہتے ہیں، جو اُن کے اپنے خیالات، عقائد و نظریات سے میل کھاتی ہوں۔

دوم، انتخابی توجّہ (Selective Attention): اگر کسی شخص کے سامنے مختلف قسم کی معلومات بھی رکھی جائیں، تو اُس کا دماغ صرف ان باتوں پر توجّہ مرکوز کرے گا، جو اس کے لیے اہمیت رکھتی ہوں گی یا اس کے نظریات کےحق میں ہوں گی۔ سوم، انتخابی تشریح (Selective Interpretation / Distortion): جب لوگوں کو ایسی معلومات کا سامنا کرنا پڑے، جو ان کے خیالات و عقائد کے خلاف ہوں، تو وہ کچھ اِس طرح توڑ مروڑ کر اُن کا مطلب نکالتے ہیں کہ کسی بھی طور بس اُن کے بوسیدہ یا پسندیدہ خیالات کے مطابق فٹ ہوجائیں۔ چہارم، انتخابی یادداشت (Selective Retention): انسان صرف اُن معلومات کو طویل عرصے تک یاد رکھتا ہے یا رکھنا چاہتا ہے،جو اُس کے اپنے مخصوص نظریات کو درست ثابت کرتی ہیں، جب کہ مخالف عقائد و تصورات پرمبنی معلومات کو یک سر بھلانےیا جھٹلانے کی کوشش کرتا رہتاہے۔

اور…پاکستان کےموجودہ معاشرتی اورسیاسی تناظر میں اس طرزِعمل کی جھلک لمحہ بہ لمحہ دیکھنے کو ملتی ہے۔ ہمارے ہاں ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کی بنیادی وجہ بھی یہی رویہ ہے۔ جب دو مختلف سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد ایک ہی پریس کانفرنس یا عدالت کا فیصلہ سُنتے ہیں، تو دونوں اپنے اپنے حق میں فتح کے شواہد نکال لیتے ہیں۔ ایک فریق کے لیے جو امر ’’قانون کی بالادستی‘‘ ہوتا ہے، دوسرے فریق کے نزدیک وہی عمل ’’انتقامی کارروائی‘‘ بن جاتا ہے۔

حقیقت ایک ہی ہوتی ہے، مگر دونوں کا ذہن اپنی پسند کے مطابق سچائی کا انتخاب کر رہا ہوتا ہے۔ اور بات صرف سیاست تک بھی محدود نہیں، ہماری روزمرہ معاشرتی و سماجی زندگی بھی اِسی سحر میں جکڑی ہوئی ہے۔ مثلاً جب کرکٹ کا مقابلہ ہوتا ہے تو امپائر کے ایک مشکوک فیصلے پر پاکستانی شائقین کو فوری طور پر ’’تعصب‘‘ نظر آنے لگتا ہے، لیکن اگر وہی فیصلہ ہماری قومی ٹیم کے حق میں ہوجائے، تو ہم اسے امپائر کی ’’قابلیت‘‘ قرار دیتے ہیں۔ اسی طرح جب بات منہگائی یا حکومتی کارکردگی کی ہو، تو عام شہری صرف اُن خبروں اور اعداد و شمار کو سچ مانتا ہے، جو اس کے اپنے کچن کے بجٹ یا ذاتی سیاسی رجحان سے میل کھاتے ہوں۔

دراصل ہمارا ذہن غیر محسوس طریقے سے ایک چھلنی لگا لیتا ہے۔ ہم صرف اُنہی اخبارات، وی لاگز اور نیوز چینلز کا انتخاب کرتے ہیں، جو ہماری سوچ کی تائید کریں۔ اگر کوئی مخالف نقطۂ نظر سامنے آ بھی جائے تو ہم اس پر ایسی تاویلیں گھڑتے ہیں کہ کسی طور ہماری انا پر حرف نہ آئے۔ یہ انسان کی فطری خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اندرونی ذہنی تناؤ سے بچے، کیوں کہ اپنے قائم کردہ نظریات کےغلط ثابت ہونے کوسہنا کوئی آسان بات نہیں ہوتی۔

تاہم، اس رویے کا مسلسل غلبہ پاکستانی معاشرے میں شدید Polarization، فکری جمود اور عدم برداشت کو جنم دے رہا ہے۔ جب ہم اپنے مخالف کو سُنے بغیر ہی رد کر دیں گے، تو مکالمے کے تمام دروازے بند ہو جائیں گے، خصوصاً آج کے ڈیجیٹل دَور میں تویہ نظریہ، سوشل میڈیا الگورتھم کے ذریعے مزید مضبوط ہو چکا ہے۔

جب آپ فیس بک، ایکس (ٹویٹر) یا یوٹیوب پر اپنی پسند کا مواد دیکھتے ہیں، تو الگورتھم آپ کو مزید ویسا ہی مواد دکھاتا ہے۔اس کے نتیجے میں صارف ایک ایسے ’’ایکواو چیمبر‘‘میں بند ہو جاتا ہے، جہاں اُسے صرف اپنے ہی خیالات کی گونج سنائی دیتی ہے، اور وہ مخالف بیانیے کو پروپیگنڈا سمجھ کر مکمل طور پر مسترد کر دیتا ہے۔

یہاں تک کہ لوگ سچی خبروں کے مقابلے میں اُن جھوٹی خبروںیا افواہوں پر زیادہ جلدی یقین کر لیتے ہیں، جو ان کے پہلے سے قائم تعصبات کے مطابق ہوں۔خاص طور پر اگر کوئی جعلی خبر اُن کے مخالف سے متعلق ہو، تووہ انتخابی ادراک کے باعث، اُس کی تصدیق کیے بغیرہی اُسے سچ مان لیتے ہیں اور نہ صرف سچ مانتے ہیں، اسے آگے شیئر بھی کر دیتے ہیں۔

اس کا حل یہ ہے کہ ہم اپنے اندر تنقیدی شعور بےدار کریں۔ جب بھی کوئی خبر یا واقعہ سامنے آئے، اُسےاندھی عقیدت یا تعصب کی عینک سے دیکھنے کے بجائے انصاف ومساوات کے پیمانے، غیرجانب دارانہ ترازو میں تولیں۔ سچائی کی تلاش کے لیے اپنے ادراک کی سرحدوں کو وسیع کرنا ہی ایک بےدار مغز معاشرے کی علامت ہے۔

انتخابی ادراک کا یہ رجحان نہ صرف سیاسی، معاشرتی اور روزمرّہ زندگی پر اثرانداز ہوتا ہے، بلکہ جب اسے مذہبی تناظر اور دعوت و تبلیغ کے میدان میں دیکھا جائے تو اس کے اثرات اور بھی زیادہ گہرے اور نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ مذہب کے معاملے میں انسان کا نفس اورسابقہ نظریات اس قدر پیوست ہوتے ہیں کہ حق بات سامنے آنے کے باوجود وہ اسے قبول کرنے سے کتراتا ہے۔

قرآنِ پاک نے اس حقیقت کو صدیوں پہلے سورۃ البقرہ اور سورۃ الجاثیہ جیسی آیات میں یوں بیان کیا کہ ’’اُن کے دلوں پر پردے پڑے ہیں اور وہ حق بات کو سُننے اور سمجھنے سے قاصر ہیں۔‘‘ جب کہ دعوت و تبلیغ کے عمل میں اس رویے کی وجہ سے مندرجہ ذیل نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے:

انتخابی ادراک کی وجہ سےمخاطب شخص یا گروہ اپنی روایات، آبائی نظریات یا فرقہ وارانہ وابستگی کے دائرے میں اس حد تک قید ہو جاتا ہے کہ وہ داعی کی ہر بات کو شک اور تعصّب کی نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ قرآن و سنت کے واضح دلائل کو بھی اپنی مرضی کی تاویلیں دے کر مسترد کر دیتا ہے، جس سے دعوت کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔

تبلیغ کا بنیادی اصول ایک مثبت اور پُرسکون فکری مکالمہ ہے، لیکن انتخابی ادراک، مخالف فریق کو سُننے کی صلاحیت چھین لیتا ہے۔ لوگ بات سُننے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیتے ہیں کہ دوسرا فریق کیا کہے گا، جس کے نتیجے میں مکالمہ ختم ہو جاتا ہے اور بحث، الزام تراشی اور ضد جنم لیتی ہے۔

تبلیغ کا مقصد انسان کو حق کی طرف بلانا ہے، مگر انتخابی ادراک کے شکار افراد اپنی ذات، مسلک یا گروہ کی برتری کو سچ مانتے ہیں۔ وہ صرف اُنھی دینی بیانات اور روایات کو قبول کرتے ہیں، جو اُن کے اپنے نظریات کی تائید کریں، جب کہ مخالف دلائل کو سِرے سے خارج کر دیتے ہیں، جس سے اصلاح کا راستہ بند ہو جاتا ہے۔

جب دین کو بھی انتخابی ادراک کی چھلنی سے دیکھا جائے، تو معاشرے میں برداشت اور رواداری ختم ہو جاتی ہے۔ لوگ دین کی عالم گیر اور محبّت و اخلاقیات پر مبنی رُوح کو چھوڑ کر اسے گروہی تعصبات کا اوزار بنا لیتے ہیں، جس سے دین کا حقیقی پیغام مسخ ہوتا ہے اور معاشرے میں تفریق بڑھتی ہے۔

اس فکری حصار سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ داعی اور مدعو، دونوں قرآن و سنّت کے پیغام کو تعصب، ضد اور گروہی وابستگی سے بالاتر ہو کر کُھلے دل اور غیر جانب دارانہ سوچ کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کریں، کیوں کہ حق ہمیشہ ضد کے مقابلے میں قبولیت کا متقاضی ہوتا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید