’’صحافت‘‘ کسی بھی فعال جمہوری معاشرے کی آنکھ اور کان ہی نہیں، اس کے زندہ ضمیر کی پہچان ہے۔ ایک جرأت مند صحافی محض خبریںبہم پہنچانے والا نہیں، حکومتی پالیسیز، ریاستی اداروں ، معاشرتی ناسوروں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے بے باک نقّاد کی بھی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ اقتدار کے ایوانوں میں دبے ہوئے اُن سوالات کو زبان دیتا ہے، جنہیں اکثر مصلحت کی چادرتلے چُھپایا جاتا ہے۔
اُن تلخ حقائق کواُجاگر کرتا ہے، جنہیں طاقت ور طبقات ہمیشہ دفن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔یعنی صحافت محض ایک پیشہ نہیں، یہ جمہوری معاشرے کی وہ بصارت اور سماعت ہے، جس کے بغیر عوامی شعور اُدھورا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صحافیوں کی آزادی اور تحفّظ، براہِ راست عام شہری کے حقِ معلومات اور آزادیِ اظہار کی بقا سے منسلک ہے۔
کسی حق گو قلم کار کو جبر کا نشانہ بنا کر خاموش کروایا جانا، درحقیقت پورے معاشرے کو تاریکی میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ ایسے سنگین جرائم پر قانون کی خاموشی یا مجرموں کو سزا نہ ملنا نہ صرف نظامِ انصاف کی کم زوری ہے، بلکہ یہ سچ کا گلا گھونٹنے والے عناصر کی حوصلہ افزائی کا باعث بھی بنتا ہے۔
اسی لیے اقوامِ متحدہ کے تحت ہر سال 2نومبر کو دنیا بھر میں ’’صحافیوں کے خلاف جرائم میں مجرمان کو استثنا کے خاتمے کا دن‘‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اہم مقصد صحافیوں کا تحفّظ یقینی بنانا اور ان پر حملے کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔
صحافیوں کے خلاف بڑھتے جرائم
صحافیوں کے خلاف جرائم کے عالمی اعداد و شمار اس مسئلے کی سنگینی واضح کرتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے خصوصی ادارے، یونیسکو کے مطابق، 1993ء سے اب تک 1,700سے زائد صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران قتل ہو چکے ہیں، جن میں صرف 2023ء اور 2024ء کے دوران ہلاک ہونے والے 162صحافی بھی شامل ہیں۔
افسوس ناک امر یہ ہے کہ 2006ء سے اب تک ایسے85فی صد مقدمات میں قاتلوں کو سزائیںہی نہیں ملیں۔ یہ صورتِ حال نہ صرف قانون کی کم زوری ظاہر کرتی ہے، بلکہ صحافی برادری کے لیے خوف کی فضا بھی پیدا کرتی ہے۔ جب قانون شکنوں، قاتلوں کو سزا نہیں ملتی، تو صحافی بھی حسّاس معاملات پر رپورٹنگ سے گریز کرنے لگتے ہیں۔
یوں، ایک صحافی کا قتل دراصل پورے معاشرے کا قتل ہے، جو عوام کو باخبر رہنے کے بنیادی حق سے محروم کر دیتا ہے۔بدقسمتی سے قوانین کی موجودگی کے باوجود کم زور تفتیش، سیاسی دباؤ، گواہوں کو دھمکیوں اور عدالتی تاخیر کے باعث مجرم سزا سے بچ جاتے ہیں اورجب حملہ آور قانون کی گرفت میں نہیں آتے، تو اُن کے حوصلے مزید بڑھ جاتے ہیں، جب کہ متاثرہ خاندان انصاف سے محروم ہو جاتا ہے۔
یونیسکو کے مطابق، یہ رجحان بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو چُھپانے کا باعث بنتا ہے، جس سے اداروں پر عوام کا اعتماد اُٹھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس، مجرموں کو فوری اور غیر جانب دارانہ سزائیں دینے سے یہ واضح پیغام جاتا ہے کہ آزادیِ اظہار پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
جنگی علاقوں سے ڈیجیٹل دنیا تک
میدانِ جنگ ہو یا ڈیجیٹل فضا، دورِ حاضر میں سچ کی جستجو پہلے سے کہیں زیادہ پُرخطر ہوچکی ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی موجودگی کے باوجود جنگی خطّوں میں صحافیوں کی ہلاکتیں38فی صد سے بڑھ کر50فی صد تک جا پہنچی ہیں۔
مگر اب یہ جنگ صرف گولی اور بارود تک محدود نہیں؛ ڈیجیٹل فورسز نے آن لائن ہراسانی، کڑی نگرانی اور منظم کردار کشی کو صحافیوں کو خاموش کروانے کا ہتھیار بنا لیا ہے۔ رہی سہی کسر مصنوعی ذہانت (AI) کے ڈیپ فیکس نے پوری کر دی ہے، جو صحافتی ساکھ کو سیکنڈز میں ملیا میٹ کر سکتے ہیں۔ چناں چہ، آج کے دَور میں صحافتی تحفّظ کا دائرہ جسمانی سلامتی سے بڑھ کر ڈیجیٹل خود مختاری اور سائبر سیکیوریٹی تک پھیل چکا ہے۔
خواتین صحافیوں کو درپیش خطرات
خواتین صحافیوں کو پیشہ ورانہ مشکلات کے ساتھ ساتھ صنفی ہراسانی، توہین آمیز رویّوں اور جنسی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا مقصد انہیں عوامی مسائل کی کوریج سے روکنا ہے۔ یونیسکو کی تحقیق کے مطابق73فی صد خواتین صحافیوں کو آن لائن تضحیک اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ جدید ٹیکنالوجیز نے اُن کے تحفّظ کے خطرات کو مزید سنگین بنادیا ہے۔
اس بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل تشدّد اور سلامتی کے بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومتوں، میڈیا کے اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فوری طور پر مضبوط شکایتی نظام، سخت حفاظتی تدابیر اور ذمّے داروں کے احتساب کو یقینی بنانا ہوگا، تاکہ ایک محفوظ اور آزاد صحافتی ماحول قائم کیا جاسکے۔
پاکستان میں صحافت اور تحفظ
پاکستان میں آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کا تحفّظ ایک دیرینہ قومی المیہ ہے۔ رپورٹنگ کے دوران دھمکیوں، تشدّد، اغوا اور قتل کے واقعات نہ صرف صحافیوں اور اُن کے اہلِ خانہ کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، بلکہ اس طرح عوام کے درست معلومات تک رسائی کے آئینی و جمہوری حق کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2000ء کے بعد سے اب تک150سے زائد پاکستانی صحافی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جاں بحق ہوچکے ہیں، جب کہ ان مقدمات میں مجرموں کو سزا ملنے کی شرح 4فی صد سے بھی کم ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا سچ لکھنے والے کسی صحافی کو کبھی انصاف ملتا ہے؟ محض مذمتی بیانات اس کا حل نہیں، اصل ضرورت شفّاف پولیس تحقیقات، شواہد کے تحفّظ، گواہوں کی سلامتی اور ٹرائل میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمے کی ہے۔ اگرچہ پاکستان میں Protection of Journalistic and Media Professionals Act (سال 2021ء) منظور کیا گیا، لیکن اس کا عملی نفاذ نہ ہونے کے برابر ہے۔
جب تک مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اور عدالتی نظام انہیں کیفرِ کردار تک نہیں پہنچاتا، اس نوعیت کے قوانین محض کاغذی کارروائی ہی رہیں گے۔ صحافیوں کے تحفّظ کو یقینی بنانے کے لیے ان قوانین پر سیاسی دباؤ سے بالاتر ہو کر غیر جانب دارانہ اور مستقل عمل درآمد ناگزیر ہے۔