• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوبیٰ زینب مغل، کوٹ غلام محمد

تاریخِ انسانیت میں کچھ ہستیاں ایسی ہیں، جن کی ولادتِ باسعادت کائنات کے لیے سراپا رحمت و برکت، مینارئہ نورثابت ہوئی اور ان ہی عظیم، مقدّس ہستیوں میں کائنات کی افضل ترین خاتون، جگر گوشۂ رسول ﷺ، سیّدہ فاطمۃ الزّہرا رضی اللہ عنہا کا اسمِ گرامی بھی شامل ہے۔

آپ کا اسوہ رہتی دنیا تک تمام خواتین کے لیے رُشد و ہدایت کا عظیم مینار ہے۔ آپ خانوادۂ نبوت کی وہ پاکیزہ ہستی ہیں، جن کی عزّت و تکریم، خود سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے فرمائی اور آپ کو ’’خاتونِ جنّت‘‘ ہونے کی نوید دی۔ بلاشبہ، اسلام نے عورت کو جووقار و بلندی عطا کی، سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی ذاتِ گرامی اس کا سب سے خوب صورت عملی نمونہ ہے۔

ولادتِ با سعادت

رسول اللہﷺ کی لختِ جگر، دو جہاں کے تاج دار ؐ کی نورِ نظر، حضرت علی المرتضیٰؓ کی شریکِ حیات، بتول پاک ،اُمِّ حضرت حسن وحضرت حسینؓ، سیّدۃ النساء، طاہرہ، زاہدہ، صابرہ، عبادت گزار، جنّتی عورتوں کی سردار، عصمت و طہارت کی پیکر، شہزادیِ کونین، خاتونِ جنّت، حضرت فاطمۃ الزّہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی ولادتِ باسعادت 20جمادی الثانی، بروز جمعہ، مکّہ مکرّمہ میں سیّدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓ کے گھر ہوئی۔

روایات کے مطابق حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی ولادت، اعلانِ نبوت سے پانچ سال قبل مکّہ مکرّمہ میں اُس وقت ہوئی، جب قریشِ مکہ، خانۂ کعبہ کی تعمیرِ نوکر رہے تھے اور اُس وقت حضور اکرمﷺ کی عُمرِ مبارک 35برس تھی (المستدرک/خدیجۃ الکبریٰ:جلد8)۔

نبی کریم ﷺنے اپنی پیاری بیٹی کا نام ’’فاطمہ‘‘ رکھا۔ عربی زبان اور لغت کے اعتبار سے ’’فاطمہ‘‘ کے معنی جدا کرنے والی کے ہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا۔’’ اللہ نے میری اس بیٹی اور اس کے چاہنے والوں کو جِنوں کی آگ سے جدا کر دیا ہے۔‘‘ (کنز العمّال:جِلد 12،صفحہ 109)

آپ ؓ کے چہرے کے غیرمعمولی نور، حُسنِ اخلاق، اور تقویٰ کی وجہ سے آپؓ کو ’’الزّہراء‘‘ (روشن، چمک دار) اور’’البتول‘‘ (دنیا سے کٹ کراللہ کی طرف لو لگانے والی) کے القاب سے نوازا گیا۔ عرب کے اُس دَور میں جہاں بیٹی پیدا ہونے پر باپ کا چہرہ سیاہ پڑ جاتا تھا، وہاں رحمتِ عالمﷺ نے سیّدہ فاطمہؓ کی ولادت پر بے پناہ خوشی و مسّرت کا اظہار فرمایا۔

بچپن اور امِّ ابیہا کا لقب

سیّدہ فاطمہؓ کا بچپن کھیل کود میں نہیں، اسلام کی ابتدائی تاریخ کے سخت ترین دَور میں گزرا۔ جب مکہ کے کفار مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتے اور نبی کریم ﷺ کو شدید اذیتیں دیا کرتے تھے، حضرت فاطمہؓ اپنے والدِ گرامی کی تکالیف دیکھ کر تڑپ اُٹھتی تھیں۔ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ خانۂ کعبہ کے پاس نماز ادا فرما رہے تھے اور سجدے کی حالت میں تھے۔

ابو جہل کے اکسانے پر عقبہ بن ابی معیط ایک اونٹ کی اوجھڑی (غلاظت) لے کر آیا اور سجدے کی حالت میں آپ ﷺ کی پیٹھ مبارک اورکندھوں پر ڈال دی۔آس پاس بیٹھے کفار اس حرکت پر ہنس رہے تھے، خوشیاں منا رہے تھے، جب کہ کم سن سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو علم ہوا تو آپؓ نے نبی کریم ﷺ کی پیٹھ سے اوجھڑی ہٹائی اور اس قبیح حرکت پر کفار کو سخت بُرا بھلا کہا۔(صحیح بخاری:حدیث 240)۔

آپؓ کے بچپن کا سب سے کٹھن دَور وہ تھا، جب قریشِ مکّہ نے مسلمانوں کا معاشی اور سماجی مقاطعہ (بائیکاٹ)کرکے انہیں ’’شعب ابی طالب‘‘ میں محصور کر دیا۔ اس دوران آپؓ نے انتہائی صبر و شکر اور ہمّت و استقامت سےبھوک، پیاس، اور کڑی دھوپ کی سختیاں برداشت کیں۔ شعب ابی طالب کی محصوری ختم ہونے کے فوراً بعد آپؓکو ایک بہت بڑا صدمہ پیش آیا، جسے تاریخ میں ‘‘عامّ الحزن‘‘ (غم کا سال) کہا جاتا ہے۔

آپ کی شفیق والدہ ، سیّدہ خدیجۃ الکبری ؓ رحلت فرما گئیں اور کچھ ہی عرصے بعد آپؓ کے شفیق دادا اور رسول اللہﷺ کے پیارے چچا، جناب ابو طالب بھی انتقال کر گئے۔ والدہ کی جدائی کے بعد کم سِن فاطمہؓ نے اپنا غم بھلا کر اپنے والدِ گرامیؐ کی دیکھ بھال کی تمام ذمّے داریاں اپنے سر لے لیں۔

آپ ؓ گھر کے کام کاج کرتیں،آپؐ کے کپڑے دھوتیں، کھانا پکاتیں اور جب آپ ﷺکفار کے ظلم و ستم کا شکار ہو کرگھر لوٹتے، تو اپنے مبارک ہاتھوں سے اُن کے زخم دھوتیں، اُنھیں تسلّی دیتیں۔ آپؓ کی اسی بے پناہ محبت، والہانہ تیمارداری اور ممتا جیسے دلاسا دینے والے رویّے کی بِنا پر رسول اللہ ﷺ نے آپؓ کو ’’اُمِّ ابیہا‘‘ (اپنے باپ کی ماں) کا لقب عطا فرمایا، جو آپ کے بچپن کے کردار کی عظمت و حرمت کا بڑا ثبوت ہے۔

عبادت و ریاضت اور گفتار میں اسوئہ رسولﷺ کی جھلک 

سیّدہ فاطمۃ الزّہرا رضی اللہ عنہا کا کاشانۂ اطہر، کائنات کا سب سے پاکیزہ، نور سے معمور گھر تھا۔ آپ ؓ کا زیادہ تر وقت اللہ کی بندگی، نماز، تلاوتِ قرآن اور ذکر اذکار میں گزرتا۔ حضور اکرمﷺ کے زیرِ سایہ، آغوشِ نبوّت میں تربیت پانے کی وجہ سے سیّدہ فاطمہؓ کی حیاتِ مبارکہ میں بچپن ہی سے زہد و تقویٰ اور عبادت و ریاضت کا رنگ نہایت گہرا اور نمایاں تھا۔

آپؓ کا دل دنیا کی فانی آسائشوں،ظاہری چمک دمک،مادی رنگینیوں کے بجائے اللہ تعالی کی یاد، مناجات، اور سجدہ ریزی میں مصروف رہتا۔ کم عمری کے باوجود شب بے داری، ذوقِ عبادت، اور بارگاہِ خداوندی سے لَو لگانے کا یہ عالم تھا کہ آپؓ دن کو روزے رکھتیں اور راتوں کو بارگاہِ الٰہی میں خشوع و خضوع کے ساتھ یک سُو ہوکر گھنٹوں سجدہ ریز رہتیں۔

سیّدہ پاک ؓ کی یہ بے مثل عبادت، زہد و تقویٰ اور پاکیزہ عادات، دراصل سرکارِ دو عالمﷺ ہی کی کامل تربیت اور صحبت کا اثر تھیں۔ اسی تربیت نے آپؓ کو ہر معاملے میں اپنے والدِ گرامی ؐ کا عکسِ جمیل بنا دیا۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں’’مَیں نے عادات و اطوار، سیرت و کردار، اور اُٹھنے بیٹھنے کے انداز میں حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے زیادہ کسی کو رسول اللہﷺ سے مشابہ نہیں دیکھا۔‘‘(جامع ترمذی:حدیث نمبر 3872/سنن ابو داؤد)۔

عبادت کے اسی نور اور نبوی مشابہت نے آپؓ کے انداز ِگفتگو کو بھی ایک خاص وقار اور حُسن بخشا تھا، آپؓ کے بولنے کا انداز نہایت فصیح و بلیغ، سنجیدہ، حکمت سے بھرپور اور سرکارِ دو عالمﷺ سے مشابہ تھا۔ آپؓ فضول گوئی سے پاک، انتہائی کم گو تھیں اور جب بھی کلام فرماتیں حق اور سچ پر مبنی بات کرتیں۔

ہجرتِ مدینہ

جب مکّہ مکرّمہ میں قریش کے مظالم حد سے بڑھ گئے اور مکّے کی زمین مسلمانوں کے لیے تنگ کر دی گئی، تو اللہ کے حکم سے رسول اللہﷺ رات کے اندھیرے میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ ہجرت کے سفر پر مدینہ منورہ روانہ ہو گئے۔ جب کہ سیّدہ فاطمۃ الزّہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا دیگر خواتین اہلِ بیتؓ کے ساتھ مکّے ہی میں مقیم رہیں۔ حالاں کہ مکّے کے حالات انتہائی کشیدہ تھے۔

نبی کریم ﷺ جب بحفاظت مدینہ پہنچ گئے، تو آپﷺ نے اپنے آزاد کردہ غلام، حضرت زید بن حارثہؓ اور حضرت ابو رافعؓکو مکّہ روانہ کیا، تاکہ وہ اہلِ بیت کو مدینہ لے آئیں۔ حضرت زیدؓمکہ پہنچے اور سیّدہ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا، سیّدہ اُمِّ کلثومؓ، رسول اللہ ﷺ کی زوجہ محترمہ حضرت سودہ بنتِ زمعہؓ، اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کے اہل و عیال (بشمول حضرت عائشہ ؓ، حضرت اسماءؓ اور اُن کی والدہ حضرت اُمِّ رومانؓ)کو ساتھ لے کر مدینہ منورہ کی طرف روانہ ہوئے۔

مکّے سے مدینہ کا یہ طویل سفر سیّدہ فاطمۃ الزّہراؓ کے لیے صبر و استقامت کا ایک بڑا امتحان تھا،کیوں کہ راستے میں کفارِ مکّہ کی طرف سے حملوں اور تعاقب کااندیشہ تھا ۔جب یہ قافلہ تمام تر خطرات عبور کر کے بحفاظت مدینہ پہنچا، تو رسول اللہﷺ اپنی پیاری بیٹی کو دیکھ کر انتہائی مسرور ہوئے اور مدینہ منورہ میں حضرت فاطمہؓ اور سیّدہ ام کلثومؓ اپنے والد گرامی کے ساتھ مسجد نبوی ؐ سے متصل ایک انتہائی سادہ حجرے میں مقیم ہوئیں۔

سیّدنا علیؓ سے نکاح

جب سیّدہ فاطمہ زہراءؓ سنِ بلوغت کو پہنچیں، تو مکّہ اور مدینہ کے کئی جلیل القدر صحابۂ کرامؓ نے رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں نکاح کا پیغام بھیجا۔ اُن میں حضرت ابوبکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ بھی شامل تھے، جو اس سعادت کے آرزومند تھے، لیکن حضورِ اکرم ﷺ ہر ایک کو یہی دیتے کہ ’’مَیں فاطمہ کے معاملے میں وحیِ الٰہی کا منتظر ہوں۔‘‘

دوسری طرف حضرت علی کرم اللہ وجہہ بھی دل ہی دل میں سیّدہ فاطمہؓ سے نکاح کی خواہش رکھتے تھے، مگراظہار سے قاصر تھے۔بہرحال، حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہ اصرار پر حضرت علیؓ، رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے لیکن شرم و حیا کی وجہ سے کچھ بول نہ سکے۔ حضورﷺ نے مسکرا کر پوچھا۔’’علی!کیسے آنا ہوا ؟

کیا فاطمہ کے لیے پیغام لائے ہو؟‘‘حضرت علیؓ نے تائید کی تو نبی کریم ﷺنے فرمایا۔ ’’اِن شاءاللہ، کیوں کہ ابھی جبرائیل علیہ السلام نے آ کر مجھے خبر دی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں پر فاطمہؓ کا نکاح حضرت علیؓ سے طے کر دیا ہے۔‘‘

پھر حضورﷺ گھر گئے، حضرت فاطمہؓ سے پوچھا۔ ’’فاطمہ!علی کا رشتہ آیا ہے، کیا ہاں کر دوں؟ ‘‘حضرت فاطمہؓ نے ہاں کی تو حضورﷺ نے مسجدِ نبوی ؐ میں صحابہ ٔ کرامؓ کو جمع کیا اور فرمایا۔ ’’مجھے جبرائیل علیہ السلام، اللہ کی طرف سے پیغام دینے آئے ہیں کہ مَیں اپنی بیٹی فاطمہ کا نکاح علی سے کردوں۔‘‘ نکاح کا خطبہ آپﷺ نے خود پڑھا، فرمایا۔ ’’مَیں نے فاطمہ بنتِ محمدؐ کا نکاح 480 درہم مہر کے عوض علی سے کردیا۔‘‘

حضرت علیؓ نے اپنی زِرہ 480درہم میں حضرت عثمان غنیؓ کو بیچ کر مہر کا انتظام کیا۔ یہی رقم مہرِ فاطمیؓ کہلائی (حضرت عثمان غنیؓ نے زِرہ خریدنے کے بعد وہ زِرہ واپس حضرت علیؓ کو تحفے میں دے دی )۔ نکاح کے بعد حضورﷺ نے کھجوروں کا طباق یا شہد کا شربت منگوایا اور صحابہؓ میں برکت کے لیے تقسیم کیا۔

روایات کے مطابق حضرت فاطمہؓ کا نکاح 15 برس ساڑھے پانچ ماہ کی عُمر میں ہوا۔ سیّدۃ النساء کے جہیز میں ایک چادر، ایک تکیہ، جس میں کھجور کے درخت کا گودا بھرا ہوا تھا ، ایک چمڑے کا گدّا، ایک بان کی چارپائی، ایک چھاگل، دو مٹّی کے گھڑے، دو مشکیزے، اور ایک چکّی شامل تھی۔(سیرتِ خاتم الانبیاء، ازمفتی محمد شفیع)۔

حضرت فاطمہؓ کی رخصتی کے حوالے سے دو روایات ہیں۔پہلی روایت کے مطابق، حضرت علی بن ابی طالبؓ نے حضرت فاطمہؓ سے نکاح، ہجرتِ مدینہ کے پانچویں مہینے، رجب میں کیا اور آپؓ کی رخصتی غزوئہ بدر سے واپسی پر رمضان یا ذوالحجہ ۲ ہجری میں ہوئی۔ (الطبقات الکبریٰ، جلد8، صفحہ 22)

یہ دورانیہ تقریباً 9سے10ماہ کا بنتا ہےاور دوسری روایت کے مطابق حضرت علیؓ نے حضرت فاطمہؓ سے نکاح کے ساڑھے سات ماہ بعد رخصتی فرمائی۔(شرح الزرقانی، جلد 2، صفحہ369)۔ جب سیّدہ فاطمہؓ کی رخصتی کا وقت آیا تو کائنات کے سب سے شفیق باپ، نبی کریمﷺ نے خود اس کی تیاری کا حکم دیا۔

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اورحضرت اُمِّ سلمہؓ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ہمیں حکم دیا کہ ہم حضرت فاطمہؓ کو(شادی کے لیے)تیار کریں اور انہیں حضرت علیؓ کے پاس پہنچا دیں(شادی کے موقعے پر) ہم نے کھجوریں اور کشمش کھانے کے لیے پیش کیں اور پینے کے لیے میٹھا پانی فراہم کیا۔(سنن ابنِ ماجہ:حدیث 1911)۔

اُمّہات المومنین نے سیّدہ پاکؓ کو دلہن بنایا۔ اس موقعے پر گھر کو صاف کیا گیا، خوشبو کے طور پر خالص مشک کا استعمال کیا گیا۔رخصتی کے وقت رسول اللہﷺ نے پیالے میں پانی منگوایا، اس پر سورۃ الفلق اور سورۃ النّاس پڑھ کر دَم کیا اور یہ پانی حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ کے سینے پر چھڑکا اور دونوں کو پلایا، پھر باہر تک چھوڑنے گئے۔ حضرت فاطمہؓ کو اُمِّ ایمنؓ اور حضرت اسماء بنتِ عمیسؓ کے ساتھ حضرت علیؓ کے گھر روانہ کیا۔

عشاء کی نماز کے بعد حضورﷺ حضرت علیؓ کے گھر تشریف لے گئے۔ آپؐ نے دوبارہ پیالے میں پانی منگوایا، اُس پر سورۃ الفلق اور سورۃ النّاس پڑھ کر دَم کیا۔ یہ پانی حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ کے سینے،کندھوںاور پشت پر چھڑکا اور دُعا فرمائی۔ ترجمہ:’’اے اللہ! مَیں ان دونوں کو اور ان کی اولاد کو شیطان مردود سے تیری پناہ میں دیتا ہوں۔ اے اللہ! ان دونوں میں برکت عطا فرما، ان پر برکت نازل فرما اور ان کی نسل میں برکت عطا فرما۔‘‘(مسند احمد بن حنبل، حدیث نمبر 838/طبقات الکبری جلد 8،صفحہ 19)

حضرت فاطمہؓ کی رخصتی کے اگلے دن رسول اللہﷺ نے ولیمے کا اہتمام کرنے کی ہدایت فرمائی، کیوں کہ ولیمہ سنتِ نبوی ؐ اور شادی کی خوشی کا مسنون طریقہ ہے۔ حضرت فاطمہؓ کے ولیمے کا کھانا انتہائی سادہ تھا۔ روایات کے مطابق اس میں کھجوریں، جَو کی روٹی اورحیس (کھجور، شہد ،اور گھی کا حلوا ) شامل تھا۔ بعض روایات میں دنبے کے گوشت کا بھی ذکر ملتا ہے۔

نکاح کے بعد گھریلو زندگی اور’’ تسبیحِ فاطمہؓ‘‘

سیّدئہ کائنات حضرت فاطمۃ الزّہرا رضی اللہ عنہا کی شادی کے بعد گھریلو زندگی سادگی،صبر وقناعت اور میاں بیوی کے درمیان بے مثال محبّت واحترام کا نمونہ تھی۔ حضرت علیؓسےشادی کے بعد آپؓ نے تمام گھریلو ذمّے داریاں خود سنبھالیں، گھر کے سب کام کاج اپنے ہاتھ سے کرتیں، جیسے چکّی پیسنا، جھاڑو دینا، کھانا پکانا اور مشکیزے میں پانی بھر کر لانا۔

یہ کام اس قدر مشقّت طلب تھے کہ خود حضرت علیؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’حضرت فاطمہ ؓ نےخود چکّی پیسی، یہاں تک کہ اُن کے ہاتھوں میں چھالے پڑ گئے، خود مشکیزے میں پانی بھر کر لاتیں، جس کی وجہ سے اُن کے ہاتھوں پر نشان پڑ گئے، گھر میں جھاڑو دینے کی وجہ سے اُن کے کپڑے گرد آلود ہو جاتے۔‘‘(صحیح مسلم: حدیث نمبر،2727)گھر میں کوئی خادم یا مددگار نہ تھا۔ مگر سیّدہ پاکؓ کبھی زبان پر کوئی شکایت نہ لائیں اور صبر و شُکر کے ساتھ خانگی زندگی بسر کرتی رہیں۔

اس سخت مشقّت کے دوران ایک مرتبہ مدینہ منورہ میں رسول اللہﷺ کے پاس کچھ جنگی قیدی آئے، جنہیں بطور خدّام تقسیم کیا جا رہا تھا۔ جب حضرت علیؓ نے سیّدہ فاطمہؓ کے ہاتھوں کے چھالے اور مشقّت دیکھی، تو محبت وہم دردی کے ساتھ سیّدہ فاطمہؓ سے فرمایا کہ وہ بارگاہِ رسالت ؐ میں حاضر ہو کر اپنے لیے ایک خادم مانگ لائیں، تاکہ اُن کے کام کاج میں کچھ آسانی ہو سکے۔

سیّدہ فاطمہؓ اپنے والدِ گرامی ؐ کی بارگاہ میں حاضر ہوئیں، لیکن ادب و حیا کا یہ عالم تھا کہ خود اپنی زبان سے سوال نہ کر سکیں اور حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو اپنی ضرورت اور خادم کی خواہش کا بتا کر واپس تشریف لے گئیں۔

جب حضوراکرمﷺ کو اس بات کا علم ہوا تو آپؐ حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ کے گھر تشریف لے گئے۔ آپؐ نے فرمایا۔’’کیا مَیں تم دونوں کو ایسی چیز نہ بتاؤں، جو تمہارے لیے خادم سے کہیں زیادہ بہتر ہو؟ جب تم رات کو اپنے بستر پر لیٹنے لگو، تو33 مرتبہ سبحان اللہ، 33 مرتبہ الحمدللہ اور34مرتبہ اللہ اکبر پڑھ لیا کرو، یہ تمہارے لیے خادم سے بہتر ہے۔‘‘(صحیح بخاری، حدیث نمبر 3705) ۔

’’تسبیح ِفاطمہ ؓ‘‘ کا یہ مبارک تحفہ سیّدہ فاطمہؓ کی گھریلو مشقّت اور جسمانی تھکن کے لیے ایک عظیم روحانی سہارا ثابت ہوا، وہیں یہ اس بات کی روشن دلیل بھی ہے کہ حضور اکرمﷺ نے اپنی لختِ جگر کو دنیاوی آسائشات پر آخرت کے دائمی اجر اور ذکرِخداوندی کو ترجیح دینے کی تعلیم فرمائی۔

مقامِ فاطمہؓ اور رسول اللہﷺ کی محبت

آپؓ کو نہ صرف حضورؐ کی لختِ جگر ہونے کا شرف حاصل تھا، بلکہ آپؓ اپنے زہد و تقویٰ اور پاکیزہ صفات کی وجہ سے بارگاہِ رسالت ؐ میں انتہائی ممتاز اور بلند مقام پر فائز تھیں۔اسی ضمن میں حضورؐ کی یہ مشہور حدیث سب سے بڑی دلیل ہے، جس میں آپؐ نے فرمایا۔’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے اسے ناراض کیا، اس نے مجھے ناراض کیا۔ ‘‘(صحیح بخاری:حدیث نمبر 3714)۔

ایک اور روایت میں ہے،آپؐ نے فرمایا۔’’جو چیز فاطمہ کو تکلیف دیتی ہے، وہ مجھے تکلیف دیتی ہے‘‘(صحیح مسلم:حدیث نمبر 2449)۔حضورﷺ کی محبّت کا یہ عالم تھا کہ جب سیّدہ فاطمۃ الزہرا ؓ تشریف لاتیں، رسول اللہﷺ تعظیم کے لیے کھڑے ہو جایا کرتے، اُن کا ہاتھ چومتے اور اُنھیں اپنی جگہ پر بٹھاتے۔

جب آپﷺ حضرت فاطمہؓ کے گھرتشریف لے جاتے، تو حضرت فاطمہؓ تعظیم کے لیے اپنی جگہ سے کھڑی ہو جایا کرتیں، آپ ؐ کا ہاتھ چُومتیں اور اپنی جگہ پہ بٹھاتیں۔ (سنن ابو داؤد:حدیث نمبر5217/ جامع ترمذی: حدیث نمبر 3872)۔ اور جب آپؐ کسی سفر یا غزوے پر روانہ ہوتے تو سب سے آخر میں حضرت فاطمہؓ سے الوداعی ملاقات کرتے اور جب سفر سے واپس تشریف لاتے تومسجد میں دو رکعت نماز پڑھنے کے بعد سب سے پہلے حضرت فاطمہؓ کے یہاں تشریف لے جاتے اور اُن سے ملاقات فرماتے۔ (سنن ابو داؤد،`حدیث نمبر4213)۔

حضور اکرم ﷺ نے حضرت فاطمہؓ کو تمام جہانوں کی خواتین میں سب سے افضل قرار دیتے ہوئے فرمایا۔’’دنیا کی تمام عورتوں میں سے تمہارے لیے چار عورتیں (بطور مثال) کافی ہیں، جو کمال کو پہنچیں۔ مریم بنتِ عمران، آسیہ (زوجہ فرعون)، خدیجہ بنتِ خویلد، اور فاطمہ بنتِ محمد ﷺ۔‘‘(جامع ترمذی3878، مسند احمد2668)۔

سیّدہ فاطمہؓ کا مقام محض دنیا تک محدود نہیں، آپؓ کائنات کی تمام خواتین میں تو افضل ہی ہیں، حضورؐ نے اپنے مرض ِوصال میں آپؓ کے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے ابدی مقام کا اعلان بھی ان الفاظ میں فرمادیا۔’’کیا تم اس بات پر راضی نہیں کہ تم تمام اہل ِجنّت کی عورتوں کی سردار ہو۔‘‘(صحیح بخاری: حدیث 3624)۔

اولاد کی مثالی تربیت

حضرت فاطمہؓ ایک مثالی ماں بھی تھیں۔ آپؓ کی شخصیت میں ایک شفیق ماں کی محبت اور ایک باشعور مربّیہ کی بصیرت نمایاں تھی۔ آپؓ نے اپنی اولاد کی تربیت نہایت محبت و شفقت کے ساتھ فرمائی اور ان کے دلوں میں ایمان، تقویٰ، صبر، شجاعت، اور حُسنِ اخلاق کی ایسی بنیاد رکھی کہ جو اُن کے کردار کا حصّہ بن گئی۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا۔ ’’بے شک! اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کی نسل کو اس کی اپنی صلب(پشت)میں رکھا، لیکن میری نسل کو علیؓ اور فاطمہؓ کی صلب میں رکھ دیا۔ (کنز العمال،حدیث نمبر32892/المعجم الکبیر:جِلد3صفحہ 43)

کتب تاریخ اور احادیث (امام حاکم کی ‘‘المستدرک‘‘ اور ابنِ کثیر کی ‘‘البدایہ والنہایہ‘‘) کے مطابق اللہ تعالیٰ نے سیّدہ فاطمہؓ کو تین صاحب زادے اور دو صاحب زادیاں عطا فرمائیں۔ آپؓ کے پہلے صاحب زادے، حضرت حسن ؓ، ہجرت کے تیسرے سال 15رمضان المبارک کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ پیدائش کے بعد رسول اللہﷺ تشریف لائے،حضرت علیؓ نے ان کا نام ’’حرب‘‘ (جنگجو) رکھنا چاہا، لیکن حضورؐ نے فرمایا۔’’نہیں، اس کا نام، حسن ہے۔‘‘

یہ نام عرب میں اس سے پہلے کسی کا نہیں تھا۔ حضوراکرمﷺ نے انھیں تحنیک کی سعادت بخشی اور ان کے کان میں اذان دی۔ دوسرے صاحب زادے، حضرت حسینؓ ہجرت کے چوتھے سال 3شعبان المعظم کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔حضرت علیؓ نے ان کا نام بھی ’’حرب‘‘ رکھنا چاہا، لیکن حضورﷺ نے ان کا نام حسین تجویز فرمایا۔

حضورؐ کو حسنین کریمین (حسن و حسین) سے بے پناہ محبت تھی۔ آپ ؐ نے فرمایا۔ ’’حسن اور حسین جنّت کے جوانوں کے سردار ہیں‘‘اور’’حسین مجھ سے اور مَیں حسین سے ہوں۔‘‘یہ دونوں بھائی نسلِ رسول کے امین بنے۔ حضرت محسن، حضرت فاطمہؓ کے تیسرے صاحب زادے تھے، جن کا نام رسول اللہﷺ نے اپنی زندگی ہی میں ‘‘محسن‘‘ رکھا، تاہم بچپن (یا ولادت کے فوراً بعد) ہی میں اُن کا انتقال ہوگیا۔ حضرت فاطمہؓ کی بڑی صاحب زادی، سیّدہ زینب بنت علیؓ ہجرت کے پانچویں سال مدینہ منورہ میں پیدا ہوئیں۔ تاریخِ اسلام میں آپؓ کو‘‘ ثانی زہرا‘‘ (دوسری فاطمہ) کہا جاتا ہے۔

سانحۂ کربلا کے بعد کوفہ اور شام کے بازاروں میں آپؓ نے جو جرأت مندانہ خطبے دیے،ان سے سیّدہ فاطمہ کے خطبات اور جرأت کی یاد تازہ ہوگئی۔ سیّدہ اُمِّ کلثوم بنتِ علیؓ آپؓ کی دوسری صاحب زادی ہجرت کے چھٹے سال مدینہ منورہ میں پیدا ہوئیں۔

سیّدہ ام کلثومؓ بھی زہد و تقویٰ اور شرم و حیا کی پیکر تھیں۔ حضرت فاطمہؓ نے اپنی اولاد کی تربیت نہایت، محبّت، شفقت اور دینی اصولوں کے مطابق کی۔ بچّوں کے دِلوں میں اللہ تعالیٰ کی محبّت، رسولِ اکرمﷺ کی اطاعت اور دین کی اہمیت راسخ کی۔ بلاشبہ، حضرت فاطمہؓ کی گود وہ عظیم درس گاہ ہے، جس نے اُمّت کو ایسے ہیرے دیے، جن کی چمک قیامت تک برقرار رہے گی۔

پیکرِ حیا و عفّت مجسّم اخلاق و کردار

حضرت فاطمہؓ، شرم و حیا، عفّت و پاکیزگی کے اعلیٰ اوصاف سے متصف تھیں۔ انؓ کی حیا کا یہ عالم تھا کہ آپؓ کسی نا محرم کے سامنے آنا پسند نہ فرماتیں۔ ایک مرتبہ حضور اکرمﷺ نے پوچھا۔ ’’عورت کے لیے سب سے بہتر کیا ہے؟‘‘ تو حضرت فاطمہؓ نے فرمایا۔’’عورت کے لیے سب سے بہتر یہ ہے کہ نہ وہ کسی نا محرم کو دیکھے اور نہ کوئی نامحرم اُسے دیکھے‘‘(حلیۃ الاولیاء:جِلد2،صفحہ 41)۔ آپؓ کی شخصیت کا سب سے بڑا وصف ہی ‘‘حیا‘‘ تھا۔

یہاں تک کہ آپؓ کا جنازہ بھی دن کے اجالے کے بجائے رات کی تاریکی میں اٹھایا گیا۔ سیّدہ فاطمہؓ کی حیا صرف ایک صفت نہیں ،اُن کے وجود کا حصّہ تھی، نیز، حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے اخلاق و کردار میں رسول اکرمﷺ کی تربیت اور نبوی ؐ مزاج کی جھلک نمایاں تھی۔ آپؓ کی زندگی فقر و فاقے، صبر و شُکر کی تصویر تھی۔

آپؓ نے اپنے شوہر حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کبھی اونچی آواز میں بات نہ کی،نہ کبھی ایسی فرمائش کی، جو اُن کی استطاعت سے باہر ہو، ہمیشہ اُن کی رضا اور خوشی کو مقدم رکھا۔ غیبت اور حسد جیسی برائیوں سے کوسوں دُور تھیں، دل کینہ سے بالکل پاک تھا۔ زبان پر ہمیشہ سچ ہوتا، یہی وجہ ہے کہ آپ کا ایک لقب ‘‘صدیقہ‘‘ بھی تھا۔

اُمّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیں۔ ’’مَیں نے رسول اللہﷺ کے بعد کائنات میں فاطمہؓ سے زیادہ سچّا اور راست گو کسی کو نہیں دیکھا۔‘‘ (مستدرک حاکم) سیّدہ فاطمہؓ کا دل خلقِ خدا کی محبت سے سرشار تھا، آپؓ اپنے پڑوسیوں، غریبوں، اور محتاجوں کے ساتھ انتہائی نرمی، سخاوت اور شفقت کا معاملہ فرماتیں۔ ایثار کا یہ عالم تھا کہ خود بھوکے رہ کر سائل کو کھانا کھلا دینا معمول تھا۔

وفات

حضور اکرمﷺ کے دنیا سے پردہ فرما جانے کے بعد سیّدہ فاطمہؓ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ آپؓ اپنے والدِ گرامی کی جدائی میں اس قدر غم زدہ رہنے لگیں کہ رسولِ اکرم ﷺ کے وصال کے بعد کسی نے بھی سیّدہ فاطمہؓ کو کبھی مسکراتے ہوئے نہیں دیکھا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے اپنی وفات کے وقت سیّدہ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو اپنے پاس بلایا اور ان کے کان میں سرگوشی فرمائی، جس پر سیّدہ فاطمہؓ رونے لگیں، پھر آپؐ نے دوبارہ سرگوشی فرمائی، تو مسکرانے لگیں۔ بعد میں حضرت عائشہؓ کے پوچھنے پر سیّدہ فاطمہؓ نے بتایا۔’’پہلی بار حضورﷺ نے مجھے بتایا کہ آپ ؐ کا وصال قریب ہے، تو مَیں رو پڑی۔

دوسری بار آپﷺ نے مجھے خوش خبری دی کہ اہلِ بیتؓ میں سب سے پہلے تم مجھ سے آکر ملو گی اور تم جنّت کی عورتوں کی سردار ہو، تو مَیں مسکرا دی۔‘‘(صحیح بخاری: حدیث 3624) آپؓ اپنے والدِ گرامی کے وصال کے بعد صرف چھے ماہ تک حیات رہیں۔(صحیح بخاری: حدیث نمبر،`4240) اسی لیے آپؓ سے مروی احادیث کی تعداد بھی کم ہے۔ روایات کے مطابق وفات کے دن سیّدہ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے غیر معمولی طور پر خود غسل فرمایا۔

نئے، پاکیزہ کپڑے زیب ِتن کیے اور اپنی خواب گاہ میں قبلہ روہو کر لیٹ گئیں۔حضرت فاطمہؓ نے اپنی وفات سے چند روز پہلے حضرت اسماء بنت عمیسؓ سے فرمایا۔’’اے اسماء! مجھے یہ بات بُری لگتی ہے کہ عورتوں کے جنازے پر صرف چادر ڈالی جاتی ہے، جس سے جسم کی ساخت ظاہر ہوتی ہے۔‘‘ حضرت اسماءؓ نے فرمایا۔ ’’مَیں نے حبشہ میں دیکھا تھا کہ لوگ جنازے پر لکڑیوں سے ایک ڈولی بناتے ہیں اور اس پر کپڑا ڈال دیتے ہیں۔‘‘

یہ سن کر حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا۔ ’’میرے لیے بھی ایسا ہی کرنا۔‘‘ (سنن الکبریٰ، جِلد4صفحہ 34) آپؓ کا وصال3رمضان المبارک 11ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوا۔ حضرت اسماء بنت عمیسؓ نے غسل دیا۔ سیّدہ فاطمہؓ کی وصیت کے مطابق ان کا جنازہ رات کے اندھیرے میں اُٹھایا گیا، نماز جنازہ حضرت علیؓ نے پڑھائی۔

آپؓ کو مدینہ منورہ کے مشہور قبرستان ’’جنّت البقیع‘‘ میں رات کی خاموشی میں سپرد ِخاک کیا گیا، جب کہ تدفین میں حضرت علیؓ، حسنین کریمین، حضرت عباسؓ، اور خاندان کے چند مخصوص افراد ہی شریک ہوئے۔

سنڈے میگزین سے مزید