• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہرکاری میں اضافہ: اسباب، امکانات اور چیلنجز

؎ مُجھ کو یہ علم تھا کہ وہ منظر نہیں رہے… مَیں پھر بھی ساہیوال بڑی دیر تک رہا۔ ڈاکٹر افتخار شفیع ہی پر کیا موقوف، تاریخِ انسانی میں گزرے کئی فلاسفہ اور شعراء نے شہروں سے محبّت اور ان پر فخر کا اظہار اپنے اپنے انداز سے کیا ہے۔ ایتھنز شہر اور یونانی تہذیب ہومر، سقراط اور افلاطون کے دِل کے قریب تھی، تو ورجل شہرِ روم کی عظمت بیان کرتے ہیں۔ فارابی، ابنِ رُشد اور ابنِ خلدون جیسے پائے کے مفکّرین کے لیے قرطبہ، قاہرہ، بغداد یا دمشق کی علمی فضا محترم تھی، تو امیر خسرو کے لیے دہلی جنّت کا ٹکڑا۔

دانتے الیگیری اپنے شہر، فلورنس کی محبّت میں مبتلا ہونے کے ساتھ اس کے زوال پر دِل گرفتہ نظر آتے ہیں، تو حافظ کے لیے شیراز شہرِ بے مثال تھا۔ جہاں لیو ٹالسٹائی اور فیودر دوستوئیفسکی کے ناولز پر ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ چھائے ہیں، تو وہیں اُردو ادب میں کسی شاعر نے دِلّی کو عالم میں انتخاب قرار دیا ہے، تو کوئی لکھنٔو کے قصیدے پڑھتا ہے۔ خُود ہمارے ہاں ادباء کی اکثریت لاہور، کراچی یا اپنے دیگر آبائی شہروں کی تعریف و توصیف کرتی نظر آتی ہے۔

کسی کو محبوب کے شہر کا موسم سُہانا لگتا ہے، تو مشہور سرائیکی گیت میں گلوکار، عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی ولایت میں بسے محبوب کو اپنے شہر، میاں والی کے دَرشن کروانے پر مُصر ہیں، تو کہیں ابنِ انشا شہر کی بے رُخی سے پریشان ہو کر کُوچ کا ارادہ باندھتے ہیں۔

ایسے ہی محبّت بَھرے گِلے شکووں میں افتخار عارف کی اپنے شہر کے لیے درد مندی ان الفاظ کا لبادہ اوڑھے ہے کہ ؎ تیری شوریدہ مزاجی کے سبب تیرے نہیں… اے میرے شہر تیرے لوگ بھی اب تیرے نہیں۔ منیر نیازی نے تو شہروں کو بے کیفی کا طعنہ دینے کے بجائے خُود ہی کو مورد ِالزام ٹھہرا لیاکہ ؎ عادت ہی بنا لی ہے تم نے تو منیر اپنی… جس شہر میں بھی رہنا اُکتائے ہوئے رہنا۔

حقیقت تو یہی ہے کہ ہر شہر کا ایک اپنا مخصوص مزاج ہوتا ہے، جو وہاں بسنے والوں کا عکّاس ہوتا ہے۔ اس وقت دُنیا کے نقشے پر اندازاً 50 ہزار شہر آباد ہیں، جن میں سے ڈھائی ہزار چھوٹے بڑے میٹروپولیٹن شہرہیں۔ یعنی جو صنعتی و تجارتی مرکز ہیں اور اپنے گردو نواح کے علاقوں پر معاشی اثرات رکھتے ہیں، جیسا کہ کراچی، دہلی ، شنگھائی، برلن اور پیرس وغیرہ، جب کہ 300 سے زائد کاسمو پولیٹن شہر یا گلوبل سٹیز ہیں، جہاں دُنیا بَھر کی مختلف ثقافتوں، زبانوں اور نسلوں کے لوگ بستے ہیں۔

مثلاً نیویارک، لندن اور دُبئی وغیرہ اور 35ایسی میگا سٹیز ہیں کہ جن کی آبادی ایک کروڑ سے زائد ہے، جیسے ٹوکیو ، بیجنگ، کراچی، لاہور اورممبئی وغیرہ۔ دِل چسپ بات یہ ہے کہ زیادہ تر میگا سٹیز ایشیا میں واقع ہیں۔ گرچہ بین الاقوامی سطح پر شہرکی واحد قانونی تعریف توموجود نہیں لیکن مجموعی طور پر ایک ایسا علاقہ کہ جس کی کم از کم آبادی پانچ سے دس ہزارکے درمیان ہو، جہاں بنیادی سہولتیں جیسا کہ اسپتال، اسکولز اور انتظامی دفاتر وغیرہ ہوں اور افراد کی اکثریت زراعت کے بجائے تجارت، صنعت یا خدمات سے وابستہ ہو، تو اُسے شہر تصوّر کیا جاتا ہے۔

’’بیورو آف اسٹیٹسٹکس‘‘ کے مطابق پاکستان میں کسی علاقے کو شہر تسلیم کرنے کی بنیاد اس کی انتظامی حدود پر رکھی گئی ہے۔ یعنی وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے نوٹیفائڈ انتظامی ادارے، جیسا کہ میونسپل اور میٹروپولیٹن کارپوریشنز، میونسپل اورٹاؤن کمیٹیز یا کنٹونمنٹس شہری علاقوں کا تعیّن کرتے ہیں۔ پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے شہروں کی درجہ بندی کریں، تو 2023ء کی مردم شماری کے مطابق یہاں کراچی اورلاہورکی میگا سٹیز کے علاوہ 127 ، ایک لاکھ سے زائد آبادی والے شہر موجود ہیں۔

آبادی کی گنجانیت کے لحاظ سے ان میں کراچی، لاہور، فیصل آباد، راول پنڈی، گوجرانوالہ، پشاور، ملتان، حیدرآباد، کوئٹہ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سرِفہرست ہیں۔ 1951ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کُل آبادی 3 کروڑ 37 لاکھ تھی، جو 2023ء کی مردم شماری میں بڑھ کر 24 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ آبادی میں ہوش رُبا اضافے اور دیہی آبادی کے شہروں کی طرف نقل مکانی کے رُجحان کی وجہ سے بڑے شہروں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ مثال کے طور پر 5 لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں کی تعداد، جو 2017ء میں 14 تھی، اب بڑھ کر 22 ہو چُکی ہے۔

واضح رہے، دُنیا بَھر میں، اٹھارویں صدی کے وسط میں آنے والے صنعتی انقلاب کے نتیجے میں ’’شہرکاری‘‘ (اربنائزیشن، یعنی آبادی کا دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقل ہونا اور شہروں کا رقبے اورآبادی کے لحاظ سے پھیلنا) کے رجحان میں اضافہ ہوا اور اس کی بنیادی وجہ پُرکشش اقتصادی امکانات بہم ہونا ہے۔ شہروں میں کارخانوں، دفاتر، اور کاروبار کی وجہ سے دیہات کی نسبت روزگار کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں اور اُجرت، صحت، اعلیٰ تعلیم، ٹرانسپورٹ اور تفریح کی سہولتیں بھی نسبتاً بہتر ہوتی ہیں، جب کہ خواتین کی خُودمختاری اور ان کے روزگار کے مواقع بھی وسیع ہوتے ہیں۔

شہر کاری کا اہم سبب دیہی علاقوں کے اپنے مسائل، جیسا کہ زراعت پر انحصار کم ہونا اور موسمیاتی تبدیلیوں مثلاً خُشک سالی یا سیلاب کی وجہ سےلوگوں کا گاؤں چھوڑ کرشہروں میں سکونت اختیار کرنا بھی ہے۔ 2026ء کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت دُنیا کی تقریباً 58 فی صد آبادی شہروں یا قصبات میں رہائش پذیر ہے اور ایک اندازے کےمطابق 2050ء تک ترقّی پزیر ممالک میں 64 فی صد اور ترقّی یافتہ ممالک میں 86 فی صد آبادی شہروں کا رُخ کر چُکی ہوگی۔

پاکستان میں شہرکاری کی سالانہ رفتار میں اضافے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2017ء اور 2023ء کےدرمیانی عرصے میں پاکستان کی مجموعی آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح2.55 فی صد رہی، جب کہ شہری آبادی میں اضافے کی رفتار اس سے کہیں زیادہ یعنی 3.57 فی صد سالانہ دیکھی گئی۔ یہ اعدادوشمار اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی سے شہروں میں تبدیل ہونے والا مُلک ہے۔

شہرکاری علاقوں کے آبادیاتی ڈھانچے (ڈیموگرافی) کو بڑے پیمانے پر تبدیل کرتی ہے اور اس تبدیلی کے معیشت اور سماجی زندگی پر مثبت اور منفی دونوں طرح کے گہرے اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔ اربنائزیشن کے نتیجے میں شہروں میں نوجوان اور کام کرنے کی صلاحیت رکھنے والی سَستی اور ماہر افرادی قوّت بڑھ جاتی ہے، جو مُلک کی معاشی ترقّی تیز کرتی ہے، جب کہ دوسری جانب شہربھی بہتر زندگی کےخواب آنکھوں میں سجائے آنے والے لاکھوں افراد کو سہارا دیتے ہیں۔

اعجاز ناسک کا یہ شعر سارے ہی بڑے شہروں پر صادق آتا ہےکہ ؎ تُو شہر نہیں، ماں ہے یتیمانِ وطن کی… تیرے گل و لالہ سے بہاریں ہیں چمن کی۔ تاہم، آبادیاتی ساخت میں تبدیلی کا بڑا نقصان شہروں اور دیہات دونوں کو آبادی کے قدرتی توازن (عُمر، جنس اور صنفی تناسب) میں بگاڑ کی صُورت برداشت کرنا پڑتا ہے۔ دیہی علاقوں سے زیادہ تر نوجوان مَرد شہروں کا رُخ کرتے ہیں، جس سے وہاں افرادی قوّت کی کمی ہوجاتی ہے، جو زراعت اور دیہی معیشت کے نقصان کا موجب بنتی ہے۔

دوسری طرف شہروں کے ناکافی وسائل میں آبادی اچانک بڑھنے سے ہر شعبۂ زندگی ہی متاثر ہوتا ہے۔ زمین کی کمی، رہائش کی قلّت اور بڑھتی منہگائی میں آبادی کا دباؤ شہروں کے بے ہنگم پھیلاؤ اور کچی آبادیوں کی صُورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ بجلی، پانی، پبلک ٹرانسپورٹ، اسکولز اوراسپتالوں کی طلب، رسد کے مقابلے میں کئی گُنا بڑھ جاتی ہے۔

گاڑیوں اور کارخانوں کے دھویں، شور، سیوریج کے ناکارہ نظام اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کی وجہ سے آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، شہروں کی طرف آبادی کے بِلاروک ٹوک بہاؤ کے باعث بے روزگاری عام ہوجاتی ہے اور یہ بے روزگاری، غُربت، سماجی عدم مساوات، چوری، ڈکیتی، اغوا، قتل اور اسٹریٹ کرائمز کا محرّک بنتی ہے۔

شہرکاری انسان کو نفسیاتی اور جذباتی طور پر بھی متاثر کرتی ہے ۔ شہروں کا طرزِ زندگی، تعلیم، ثقافت اور نِت نئے رُجحانات تک رسائی خُود اعتمادی بڑھا کر سوچ کے زاویے وسیع کرتی ہے۔ مختلف نسلوں، زبانوں اور ثقافتوں کے حامل لوگوں کے ساتھ رہنے سے انسان میں دوسروں کو قبول کرنے، برداشت اور بدلتے حالات کے مطابق خُود کو ڈھالنے کی ذہنی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ سماجی رواداری بڑھتی ہے اور روایتی یا قدامت پسند سوچ میں تبدیلی آتی ہے۔

شہری زندگی انسان کو آگے بڑھنے کے لیے متحرک ماحول فراہم کرتی ہے، جس سے کام یابی کی لگن اور جذبہ بےدار رہتا ہے۔ تاہم، شہری زندگی کا سب سے تکلیف دہ پہلو افراد میں پیدا شُدہ قریبی سماجی روابط اور اپنی برادری کی کمی کا احساس ہے۔ دیہات کی طرح ’’ہرایک کا ایک دوسرے کو جاننا بلکہ پورے خاندان سے واقف ہونا‘‘ یہاں مفقود ہوتا ہے، جس کی وجہ سے لوگ ہجوم میں بھی خُود کو تنہا محسوس کرتے ہیں۔

اپنے آبائی علاقے کی فطری اپنائیت، مٹی کی شناسا خوش بُو، پیڑوں اور پُھولوں کے دِل پذیر رنگ، پرندوں کی مانوس آوازیں، مؤذن کا جانا پہچانا لحن، اپنا کھویا بچپن اور بے فکری، تپتی دوپہروں اور ٹھنڈی شاموں میں بےمصرف یاروں دوستوں کے ساتھ مٹرگشت، حتیٰ کہ گلیوں بازاروں کے واقف راستے، سب محض یاد بن کے رہ جاتے ہیں اور شاید ایسے ہی کسی نازک لمحے میں ناصر کاظمی نے کہا ہوگاکہ ؎ دل تو میرا اداس ہے ناصر… شہر کیوں سائیں سائیں کرتا ہے۔

شہروں کی تیز رفتار زندگی، شور اور مسلسل ہجوم انسان کے اعصابی نظام کو بےدار رکھتے ہیں۔ زندگی کی سخت دوڑ، معاشی عدم استحکام اور فطرت سے دُوری کی وجہ سے یہاں ذہنی دباؤ اور ڈیپریشن کے خدشات دیہات سے زیادہ ہوتے ہیں۔ دوسری طرف گاؤں میں رہ جانے والے بچّے، خواتین اور بزرگ شہروں میں جا بسنے والے اپنے پیاروں کی راہ تکتے تکتے انتظار کی تصویر بن جاتے ہیں۔ شہر انسان کے رویّوں پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔

شہروں میں روزمرّہ کے مسائل (جیسے ٹریفک جام، وقت کی کمی اور کام کا دباؤ) مزاج میں چڑچڑاپن اور بے صبری پیدا کرتے ہیں۔ جرائم کی شرح اور غیریقینی صُورتِ حال کی وجہ سے شہری آبادی میں خوف اور عدم تحفّظ کے جذبات عام ہوتے ہیں۔ معاشی مسابقت کے باعث انسانی رویّوں میں مادیّت پسندی بڑھ جاتی ہے، جس سے بعض اوقات ہم دردی اور باہمی تعاون کی اقدار بھی متاثر ہوتی ہیں۔ 

گرچہ ان تمام مشکلات کا سامنا ترقّی یافتہ ممالک کے بڑے شہروں کو بھی کرنا پڑتا ہے، لیکن ترقّی پذیر ممالک میں یہ مسائل زیادہ اُبھر کر سامنے آتے ہیں، کیوں کہ ان کے وسائل محدود ہوتے ہیں اور عام طور پر انتظامی مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اور بااختیار مقامی نظامِ حکومت کی کمی ہوتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ ایسے شہروں میں اُلجھنیں کم ہونے کی بجائے بڑھتی چلی جاتی ہیں۔

ان مسائل کے تدارک کے لیے منظّم اور مربوط انداز میں دیہات میں جدید سہولتیں اور مناسب روزگار کے مواقع پیدا کر کے شہرکاری کے رُجحان کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ شہروں کے بے قابو پھیلاؤ کو روکنے اور حجم کو چھوٹا رکھنے کے لیے مضافات میں بڑھتی آبادیوں کو قانون کے دائرے میں رکھنے کے ساتھ نئے شہر بسانے کی ترغیب اور سعی بھی ضروری ہے۔

یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ پائے دار اور محفوظ شہروں کے قیام کے لیے حکومتوں اور شہریوں دونوں کو مل کر کچھ ذمّے داریاں نبھانی پڑتی ہیں۔رہائش، پانی، بجلی، سیوریج، انفرااسٹرکچر، نظامِ صحت اور تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمّےداری ہے، مگر شہریوں سے بھی یہ تقاضا جائز ہے کہ وہ ان سہولتوں کے بے دریغ استعمال اور ان کو ضائع کرنے سے گریز کریں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ شہروں کے اصولوں پر مبنی بہتر شہری منصوبہ بندی پر عمل شہریوں کے تعاون ہی سے ممکن ہے۔

شہروں سے وابستہ ان مسائل پر قابو پانے کے لیے 31اکتوبر سے 2 نومبر 2026ء تک چین کے شہر فوژو ( Fuzhou ) میں جاری کانفرنس میں تمام اقوامِ عالم سَر جوڑ کر بیٹھی ہیں اور ’’شہروں کی بحالی اور تعمیرِنو کے ذریعے سب کے لیے موزوں رہائش کا خوش کُن خیال‘‘ اِس تقریب کا آفیشل تِھیم قرار پایا ہے۔

تاہم، شہروں کی ترقّی اور بحالی کے اس عالمی ایونٹ کے دوران مجموعی اور عملی طور پر پاکستان میں اتنی خاموشی رہی کہ شہروں کی حالتِ زار میں کسی تبدیلی کی عوام کی اکثریت کو اپنی گناہ گار آنکھوں سے مشاہدہ کرنے کی سعادت حاصل ہونا توکجا، کانوں کان بھی خبر نہ ہو سکی۔

شاید اربابِ اختیار عوامی بھلائی کے کام نیکی کی طرح چُھپا کر کرنے کے قائل ہیں۔ البتہ25 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار قومی ہاؤسنگ فریم ورک کو اَپ ڈیٹ کیا گیا ہے اور پاکستان کی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے یو این ہیبیٹیٹ پاکستان کے اشتراک سے نئی ہاؤسنگ پالیسی کا باقاعدہ اجراء کیا ہے۔ دوسری خوش خبری یہ ہے کہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجینسی کے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بِلا سود قرضوں کے پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کوUN-Habitat Scroll of Honour Award 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

درحقیقت، کسی شہر کا امتیاز صرف اُس کی آبادی کی کثافت، رقبہ، بنیادی ڈھانچا، انتظامیہ، رہائش کی تعداد، تجارتی حجم یا معاشی و معاشرتی افعال ہی نہیں بلکہ اُس کی تاریخی، تہذیبی اور مذہبی شناخت بھی ہوتی ہے۔

شہر، نہ صرف ایسے سیاسی وثقافتی مراکز کے طور پر کام کرتے ہیں کہ جہاں اہلِ علم اور اشرافیہ کی موجودگی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتی ہے، بلکہ یہی شہر باشندوں کا اجتماعی مزاج، اخلاق وکردار، زندگی دیکھنے کا نظریہ، برتنے کا سلیقہ، حتیٰ کہ اُن کی قسمتوں تک کے فیصلہ کرتے ہیں اور پھر یہی سارے عوامل مل کر اقوام اور ممالک کی سمت کا تعیّن کرتے ہیں۔

سنڈے میگزین سے مزید