کراچی (مطلوب حسین) شہر کے مختلف تھانوں میں کھڑی شہریوں کی لاکھوں موٹر سائیکلیں، ہزاروں کاریں اور دیگر گاڑیاں مناسب دیکھ بھال اور طویل انتظار کے باعث کباڑ میں تبدیل ہونے لگی ہیں، جس سے شہریوں کے اربوں روپے مالیت کے اثاثے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ چوری یا چھینے جانے کے بعد برآمد ہونے والی گاڑیوں اور مختلف مقدمات میں مالِ مقدمہ کے طور پر تحویل میں لی گئی گاڑیوں کی بڑی تعداد طویل عرصے سے تھانوں کے احاطوں میں موجود ہے، جبکہ قانونی تقاضوں اور عدالتی کارروائیوں کے باعث متعدد شہری اپنی املاک واپس حاصل نہیں کرپاتے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف تھانوں میں گاڑیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مناسب جگہ اور انتظامات کی کمی ایک اہم مسئلہ بنتی جارہی ہے۔ چوری اور چھینے جانے کے واقعات میں برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں، کاریں، ٹریفک حادثات میں ملوث گاڑیاں اور دیگر فوجداری مقدمات میں تحویل میں لی گئی گاڑیاں تفتیش یا عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک تھانوں کے احاطوں میں کھڑی رہتی ہیں۔ بعض گاڑیوں کی واپسی کا معاملہ طویل عرصے تک زیر التوا رہتا ہے۔