امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے پیش نظر خطے میں دوبارہ جنگ کے خطرات منڈلانےلگے ہیں۔ گزشتہ دنوں اسرائیلی جنگی طیاروں کی ایرانی سرحد کی قریب پروازوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنادیا ہے اور اسرائیلی ایڈونچر کے کسی وقت بھی خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، اس طرح ایک وسیع جنگ کا آغاز خارج از امکان نہیں جس سے پورا خطہ ایسے تصادم کی لپیٹ میں آسکتا ہے جسکے اثرات مشرق وسطیٰ کی سرحدوں سے نکل کر عالمی معیشت تک پھیل سکتے ہیں۔ امریکی جریدے ’’نیویارک ٹائمز‘‘ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام، میزائل تنصیبات اور توانائی انفراسٹرکچر کو ہدف بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسرائیل اور امریکہ میں ہونیوالے انتخابات بھی اس منصوبے کا ایک سبب ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران پر حملہ کرکے اپنی گرتی مقبولیت میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ تاثر دیا جاسکے کہ اسرائیل کو اپنی سیکورٹی کیلئے نیتن یاہو جیسی سخت جنگجو قیادت کی ضرورت ہے۔ امریکی صدر پہلے ہی انہیں ’’جنگجو وزیراعظم‘‘ کا خطاب دے چکے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ نیتن یاہو عام انتخابات سے قبل اسرائیلی آرمی چیف پر ایران پر دوبارہ حملے کیلئے دباؤ ڈال رہے تھے تاہم انہیں آرمی چیف کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جن کا موقف تھا کہ انتخابات سے قبل ایران پر حملے کی صورت میں براہ راست جنگ چھڑ سکتی ہے۔ دوسری طرف امریکہ، مشرق وسطیٰ میں اپنے بحری بیڑے میں مسلسل اضافہ کررہا ہے اور حال ہی میں تیسرا طیارہ بردار جنگی بحری بیڑہ USS-Roosevelt مشرق وسطیٰ کی طرف بھیجا گیا ہے جو کسی وقت بھی خطے کی سمندری حدود میں داخل ہوسکتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ کرنا امریکی مفاد میں نہیں کیونکہ ایک اور جنگ دنیا اور امریکہ میں تیل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے اور یہ بوجھ امریکی عوام اٹھانے کو تیار نہیں۔ مشرق وسطیٰ عالمی توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور تیل، گیس کی تنصیبات، بندرگاہیں، ہوائی اڈے اور تجارتی راستے کسی بھی بڑے تصادم سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ جنگ کی صورت میں اس کے اثرات صرف فوجی میدان تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ توانائی کی عالمی منڈیوں، سرمایہ کاری، سیاحت اور خطے کی معاشی ترقی پر بھی مرتب ہوں گے۔ امریکہ اور اسرائیل کی نئی فوجی مہم کے نتیجے میں خلیجی ممالک میں قائم امریکی تنصیبات پر مزید حملے ہوسکتے ہیں جسکے نتیجے میں آبنائے ہرمز کی بندش، باب المندب کو لاحق خطرات، توانائی کی برآمدات اور بحری نقل و حمل کے اخراجات عالمی تجارت کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ایران پہلے ہی یہ دھمکی دے چکا ہے کہ اس کا ردعمل تجارتی جہاز رانی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے تک محدود نہیں رہے گا بلکہ خطے میں موجود فوجی تنصیبات اور سمندر میں بچھائے گئے انٹرنیٹ کیبلز کو بھی ہدف بنایا جاسکتا ہے۔امریکہ اور اسرائیل کی یہ حکمت عملی کہ شدید بمباری ایران کو ہتھیار ڈالنے اور ایرانی حکومت کے خاتمے اور ایرانی قیادت کو امریکی مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کردے گی، کسی خام خیالی سے کم نہیں۔ماضی میں فوجی کارروائیوں اور معاشی دباؤ کے باوجود ایران ، امریکہ اور اسرائیل کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا رہا ہے۔پاکستان کیلئے یہ بحران کئی اعتبار سے اہم ہے۔ پاکستان جیسے ممالک جو اپنی توانائی کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ تیل کی درآمدات کے ذریعے پورا کرتے ہیں، کیلئے ایسی صورتحال معاشی دباؤ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ، مال برداری کے اخراجات میں اضافے، ترسیلاتِ زر میں ممکنہ اتار چڑھا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی سے ملکی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔ اگر عالمی منڈیوں میں توانائی مہنگی ہوتی ہے تو اس کا اثر پاکستان کے تجارتی خسارے، زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی پر پڑ سکتا ہے اور ایک نئی علاقائی جنگ اس کی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ پاکستان سمیت عالمی برادری کے تمام ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کو محض ایک علاقائی تنازع سمجھ کر نظرانداز نہ کریں کیونکہ آج مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والا ایک فیصلہ کل بین الاقوامی سلامتی پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ جنگ کے پھیلاؤ کو روکنا کسی ایک ملک یا خطے کی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ اس تناظر میں مکہ معاہدے کے شریک ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی جانب سے سفارتی سطح پر متحرک ہونا اور ایرانی قیادت سے رابطہ کرنا ایک اہم پیشرفت ہے۔ بصورت دیگر پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آسکتا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کیلئے الیکشن سے ایک رات قبل ایران پر بڑے اور وحشیانہ حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا مگر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں اور پاکستان کی تجاویز پر مکہ معاہدے کے رکن ممالک کامتحرک ہوکر ایران پہنچنا اور ایرانی قیادت کو خطرے سے آگاہ کرنا ایک سفارتی اقدام قرار دیا جارہا ہے۔ اس طرح مکہ دفاعی معاہدے کے ارکان کی ایران میں موجودگی کے سبب نیتن یاہو اپنے مذموم منصوبے میں کامیاب نہ ہوسکا اور مشرق وسطیٰ بڑی تباہی سے بچ گیا۔