• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس میں بڑھتی مہنگائی بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، تعلیمی اداروں کے مسائل اور ہاؤسنگ بحران کیخلاف شروع ہونیوالے پر تشدد مظاہروں کیساتھ دیگر یورپی ممالک میں بھی احتجاجی سرگرمیاں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ فرانس کے علاوہ اٹلی اور البانیہ میں بھی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے پرتگال اور اسپین میں مہنگائی اور رہائشی بحران کیخلاف بڑے مظاہرے کئے گئے۔ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑ پیں ہوئیں، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ احتجاج کے دوران بعض مقامات پر توڑ پھوڑ ، لوٹ مار اور پولیس سے جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔ مختلف شہروں میں لگژری برانڈز کی دکانوں، سپر مارکیٹوں، ملبوسات کی دکانوں، فارمیسیوں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ گاڑیوں کو آگ لگانے اور پولیس پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ پیرس ، مارسیلز ، بورڈو اور لیون سمیت متعدد شہروں میں دکانوں کے شیشے توڑے گئے اور سامان لوٹا گیا۔

فرانسیسی شہر لیموڑ میں تاریخی بلد یاتی عمارت کو آگ لگنے سے شدید نقصان پہنچا، جبکہ بعض تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے ۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ مار کرنیوالوں کو نقصان کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی اور ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق2500افراد کو تفتیش کیلئے حراست میں رکھا گیا تھا جبکہ149افراد مقدمے کی کارروائی کے انتظار میں زیر حراست تھے۔ صدر میکرون نے وزیر داخلہ کے استعفیٰ دینے کی پیشکش کو مسترد کر کے انہیں اپنے فرائض انجام دیتے رہنے کی ہدایت کی ۔ احتجاجی سرگرمیوں کا آغاز ستمبر میں پیرس کے شمالی نواحی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی اور اسکولوں کی خراب سہولتوں کے خلاف ہونیوالے مظاہروں سے ہوا تھا طلبہ، مزدور تنظیموں اور دیگر شہریوں کی شرکت سے یہ احتجاج وسیع تر ہو گیا اور اس میں مہنگائی، توانائی کی بلند قیمتوں عوامی خدمات کے معیار اور معاشی مشکلات کے خلاف مطالبات بھی شامل ہو گئے۔ بڑھتے ہوئے تو انائی اخراجات نے پہلے ہی کئی شعبوں کو متاثر کر رکھا ہے جبکہ فرانس کے سرکاری مالیاتی مسائل حکومت کیلئے عوام کو مزید معاشی ریلیف دینے کی گنجائش محدود کر رہے ہیں البانیہ میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں ترانا میں طلبہ اور شہریوں نے بدعنوانی ، روزگار کی کمی، تعلیمی معیار اور عوامی خدمات سے متعلق مسائل پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کیا مظاہرین بدعنوانی کے خاتمے اور بنیادی سہولتوں کی بہتری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اٹلی کے شہر میلان سمیت بعض شہروں میں بھی مہنگائی، کم اجرتوں، تعلیم ،صحت اور رہائش کے مسائل کیخلاف احتجاجی مظاہرے پر تشدد شکل اختیار کر گئے۔ میلان میں نقاب پوش مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں، دکانوں میں لوٹ مار اور املاک کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے۔ شہر کے میئر نے پر امن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے تشدد، لوٹ مار اور املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی۔ پرتگال کے دارالحکومت لزبن اور دوسرے بڑے شہر پورٹو میں بھی ہزاروں افراد نے بڑھتے کرایوں، رہائش کی عدم دستیابی، کم اجرتوں اور روزمرہ اخراجات کیخلاف مارچ کیا۔

اسپین میں بھی رہائش کے بڑھتے اخراجات کیخلاف احتجاجی کیپ قائم کئے گئے، جبکہ اساتذہ نے بہتر تنخواہوں اور کام کے حالات کیلئے ہڑتال کی۔ مختلف ممالک میں اگر چہ احتجاج کی فوری وجوہات الگ الگ ہیں تا ہم مہنگائی، رہائش ،تعلیم اور عوامی خدمات سے متعلق مسائل نے عوامی بے چینی میں اضافہ کیا ہے۔ دنیا اس وقت شدید بے چینی اور اضطراب کی کیفیت سے گزر رہی ہے۔ یورپ کی سڑکوں پر ہونے والے مظاہرے محض مہنگائی یا رہائش کے بحران کے خلاف احتجاج نہیں بلکہ اس وسیع تر معاشی اور سماجی دبائو کی علامت ہیں جس نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے ۔

دوسری جانب پاکستان میں مہنگائی کا مسئلہ محض عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ یا علاقائی حالات کی پیداوار نہیں، بلکہ اسکے پیچھے مقامی بد انتظامی، کمز ورنگرانی اور انتظامی غفلت کا بھی بڑا کردار ہے۔ عالمی حالات یقینا معیشت پر اثر انداز ہوتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ ان حالات کے اثرات کا سارا بوجھ عام آدمی ہی کیوں برداشت کرے؟ جب اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت عالمی بحرانوں کا حوالہ دیکر بری الزمہ نہیںہو سکتی ۔ اسے یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ ملک کے اندر قیمتوں پر قابو پانے ، ذخیرہ اندوزی روکنے اور نا جائز منافع خوری کے خاتمے کیلئے اسکا اپنا نظام کس حد تک مؤثر ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ عالمی قیمتوں میں اضافے کو مقامی منڈیوں میں من مانے نرخ وصول کرنیکا جواز بنا لیا جاتا ہے۔ ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی ، مصنوعی قلت اور اپنی مرضی کی قیمتیں مقرر کرنے کارجحان عام صارف کی مشکلات میں اضافہ کرتا ہے۔ بعض اوقات عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے سے پہلے ہی مقامی بازاروں میں نرخ اوپر چلے جاتے ہیں ،لیکن جب عالمی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو اسکا فائدہ صارف تک پہنچنے میں غیر معمولی تاخیر ہوتی ہے۔ یہ صورتحال محض عالمی معیشت سے نہیں سمجھی جاسکتی ،اس میں مقامی نگرانی اور انتظامی عملداری کا سوال بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے ،لیکن عوام کو اکثر عملی اقدامات کے بجائے بیانات اور خبر دار کرنے والے اعلانات سننے کو ملتے ہیں۔ مگر عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے روز مرہ اخراجات کم کرنے اور منڈیوں میں ناجائز قیمتوں کو روکنے کیلئے کیا کیا جا رہا ہے۔خطرات کی نشاندہی ضروری ہے۔ یہ معاملہ کسی ایک وزیر تک محدود نہیں۔ حکومت کے ہر متعلقہ شعبے، صوبائی انتظامیہ اور ضلعی افسران کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

تازہ ترین