اسلام آباد(مہتاب حیدر)ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے متعارف کرائی گئی حکومتی اسکیم کو انتہائی کم پذیرائی ملنے کے باعث ایف بی آر کو 50 ارب روپے کی متوقع ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت 2 لاکھ سے 5 لاکھ ممکنہ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم تاجروں کی جانب سے عدم دلچسپی نے حکومتی کوششوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ ایف بی آر نے اب بڑے شہری مراکز کے پوش علاقوں میں واقع مارکیٹوں کی جیو ٹیگنگ کے ذریعے ممکنہ ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ ان ریٹیلرز کی شناخت کی جا سکے جو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونیکی صلاحیت رکھتے ہیں۔