کراچی(مطلوب حسین)امریکی حکومت کی جانب سےوومن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن ویسٹ زون لیاقت آباد کو فراہم کیا گیا ہیوی ڈیوٹی جنریٹر متعلقہ آفسران کی عدی کی وجہ سے طویل عرصہ سے ناکارہ پڑا ہے جس کے باعث لیاقت آباد پولیس کمپلیکس میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے دوران وومن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن سمیت مختلف دفاتر میں سرکاری امور کی انجام دہی متاثر ہونے لگی، جبکہ بجلی کی بندش کے باعث اپنے مسائل کے حل اور شکایات کے اندراج کے لیے آنے والے سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس سلسلہ میں موقف جاننے کے لئے ایس ایس پی سیٹرل ڈاکٹر عمران خان کو متعدد بار کال کئے گئے اور ان کے نمبر پر سوال نامہ بھی ارسال کیا گیا تاہم ان کی جانب سے مذکورہ خبر سے متعلق سوال نامہ پر جواب دینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد پولیس کمپلیکس میں قائم وومن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن کا ہیوی ڈیوٹی جنریٹر، جو امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا متعلقہ آفسران کی عدم توجہی کے باعث خراب پڑا ہے اور متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مرمت نہ ہونے کے سبب متبادل بجلی کی سہولت میسر نہیں۔ لیاقت آباد پولیس کمپلیکس میں وومن اینڈ چائلڈ پولیس اسٹیشن کے علاوہ ایس ایس او آئی یو اور ایس پی آپریشن لیاقت آباد ڈویژن کے دفاتر بھی قائم ہیں، جہاں مختلف نوعیت کے سرکاری امور انجام دیے جاتے ہیں۔