• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحقیق و تدوین: شجاع الدین غوری

صفحات: 240 ، قیمت : 2000

ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اُردو بازار، کراچی۔

فون نمبر: 2054154 - 0300

زیرِ نظر کتاب کے مرتب، شجاع الدین غوری نہایت سنجیدہ، پُروقار شخصیت کے مالک ہیں اور ایک قلم کار کی حیثیت سے خاصی نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ طنز و مزاح کے حوالے سےاب تک اُن کی 9 کتابیں منظرِعام پر آ چُکی ہیں، جب کہ زیرِ نظر کتاب میں انہوں نے مولانا عبدالمجید سالک کو بھرپور انداز سے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

کتاب میں مولانا ماہرالقادری، شورش کاشمیری، احمد ندیم قاسمی، شوکت تھانوی، محمد عبداللہ قریشی، نصراللہ خان، جگن ناتھ آزاد، جلیل قدوائی، صادق الخیری، حکیم نثار احمد علوی، ضیاءا لدین احمد برقی، شفیع عقیل، صادق نسیم اور کلیم اختر کے وہ نادر و نایاب مضامین شامل کیے گئے ہیں، جن سے مولانا عبدالمجید سالک کی شخصیت کے کئی گوشے پہلی بار سامنے آئے۔

کتاب میں شجاع الدین غوری کی محنت واضح نظر آرہی ہے کہ کسی بڑی شخصیت پر ایسی جامع کتاب مرتب کرنا کوئی آسان امر نہیں۔ واضح رہے، مولانا عبدالمجید سالک کا شمار اُن نابغۂ روزگار شخصیات میں ہوتاہے، جنہوں نے ادب اور صحافت کی یک جائی سے ایک نئے ڈکشن کو جنم دیا۔ وہ صاحبِ طرز ادیب تھے، تو شاعری بھی کی۔

تراجم پر بھی ملکہ حاصل تھا، جب کہ ایک صحافی کی حیثیت سے تو غیر معمولی مقبولیت و شہرت پائی۔ مولانا عبدالمجید سالک نے صحافتی زندگی کا آغاز 1914ء میں کیا اور سب سے پہلے نیا ذاتی رسالہ ’’فانوسِ  خیال‘‘ پٹھان کوٹ سے نکالا، جو ایک سال بعد ہی بند ہوگیا۔ 1915ء تا 1920ء تہذیبِ نسواں، پھول اور ماہ نامہ کہکشاں کے ایڈیٹر رہے۔ 1920ء میں مولانا ظفر علی خان کے اخبار، زمیندار کی ادارت سنبھالی۔ 1927ء میں مولانا غلام رسول مہر کے ساتھ مل کر روزنامہ ’’انقلاب‘‘ جاری کیا اور اکتوبر1949ء میں اُس کے خاتمے تک اُس سے وابستہ رہے۔

مولانا عبدالمجید سالک کی ایک وجۂ شہرت اُن کے کالم ’’افکار و حوادث‘‘ بھی ہیں کہ اِس طرز کالم نگاری سے کالم نگاری کے ایک نئے دَور کا آغاز ہوا،جس کی بعد ازاں تمام اردو اخبارات نے تقلید کی۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں مولانا عبد المجید کے صاحب زادے ڈاکٹر عبدالسلام خورشید نے ’’یادیں اور یاد داشتیں‘‘ کے عنوان سے جومضمون سپرِد قلم کیا ہے، وہ انتہائی معلوماتی ہے کہ جو باتیں انہوں نے تحریر کی ہیں، وہ کوئی دوسرا لکھ ہی نہیں سکتا تھا۔

سنڈے میگزین سے مزید