مرتب : انوار احمد
صفحات: 448، قیمت: 2000
ناشر: رب پبلشرز، کراچی۔
فون نمبر: 2535486 - 0301
زیرِنظر کتاب کے مرتب انوار احمد کا شمار موجودہ عہد کے اُن قلم کاروں میں ہوتا ہے، جن کے نزدیک ادب سرچشمۂ حیات ہے۔ انہوں نے اپنی بہترین نگارشات کی وساطت سے بہت جلد ادبی دنیا میں اپنی جگہ بنائی۔ انوار احمد نے اپنی کہانیوں میں بھی ہمیشہ حقیقت نگاری کو مقدم رکھا۔ ان کی تین کتابیں ’’کچھ خاکے، کچھ باتیں‘‘، ’’مزید خاکے، مزید باتیں‘‘ اور’’ادھوری کہانیاں‘‘ کے ناموں سے شائع ہوچُکی ہیں۔
ہمارے پیشِ نظران کی چوتھی کتاب ہے، جو انہوں نے اپنے ماموں، نازش پرتاب گڑھی کے حوالے سے مرتب کی ہے۔ واضح رہے، نازش پرتاب گڑھی کا شمار برِعظیم کے ممتاز و معتبر شعراء میں ہوتا تھا۔ اُن کی شاعری کو ہندوستان کے تمام اہم شاعروں، ادیبوں اور دانش وروں نے سراہا، بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ انہیں ہندوستان کے ’’قومی شاعر‘‘ کی حیثیت سے پہچانا جاتا تھا، توغلط نہ ہوگا۔
یہ کتاب نازش پرتاب گڑھی کی غزلوں، نظموں، قطعات، رباعیات اور متفرق اشعار سے آراستہ ہے، جب کہ اُن کی شخصیت اور فن کے حوالے سے فراق گورکھ پوری، غلام ربّانی تاباں، انوار احمد، حمیرا اطہر اور احمد مکین کے مضامین بھی شامل ہیں۔ اور بقول انوار احمد ’’نازش پرتاب گڑھی، گاندھی اور مولانا ابوالکلام ازد کے خیالات و افکار کے حامی ایک ترقی پسند اور نظریاتی آدمی تھے، انہوں نے کبھی کسی مصلحت اور ترغیب کو اہمیت نہیں دی، یہاں تک کہ خون کے رشتوں سے بھی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا۔‘‘