شاعر: محسن اسرار
صفحات: 200، قیمت: 1600
ناشر: کراچی پبلی کیشنز، بلاک 16، فیڈرل بی ایریا، کراچی۔
فون نمبر: 1361627 - 0336
محسن اسرار کا شمار70 کی دہائی میں منظرِعام پر آنے والے اُن شعراء میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی تخلیقی قوت کی بدولت، کراچی کے ادبی منظرنامے میں اپنی جگہ بنائی۔ ان کا بنیادی تعلق ’’دبستانِ لانڈھی، کورنگی‘‘ سے ہے۔ ان کےہم عصروں سلیم کوثر، جمال احسانی، اشفاق حسین اور ڈاکٹر ساجد امجد نے بحیثیت شاعر عالمی شہرت حاصل کی، لیکن محسن اسرار نے نہ جانے کیوں خلوت نشینی اختیار کیے رکھی۔
مشاعروں میں بھی کم کم جاتے ہیں، لیکن شاعری کو پورا وقت دیا اور شاعری، خود سپردگی کے ساتھ ہی کی۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’شوربھی ہے، سنّاٹا بھی‘‘ 2006 ء میں منظرِعام پر آیا۔ دیگر شعری مجموعوں کے نام بھی ملاحظہ فرمائیں۔ تاثیر (2009ء) دل جیسی ہے دنیا بھی (2021ء) رنگ و نُور کا دُکھ (2023ء) اندیشے (2024ء)اور ردوقبول کے مابین (2025ء)۔
اس وقت ان کا ساتواں مجموعۂ کلام ہمارے سامنے ہے، جس میں انہوں نےایک سوغزلیں شامل کی ہیں۔ محسن بظاہر دھیمے لہجے کے شاعر ہیں، لیکن اُن کی شاعری کا کینوس بہت وسیع اور جمالیاتی کیفیات، ان کی غزل کا طرۂ امتیاز ہیں۔
ویسے تو مجموعے کا پیش لفظ شاہین عباس نے تحریر کیا ہے، لیکن ڈاکٹر رخسانہ صبا نے فلیپ پر جو رائے دی ہے، وہ نہایت جامع اور پُرمغز ہے۔ وہ لکھتی ہیں۔ ’’شہرت کی طلب اور ستائش کی تمنا سے دُور ایک گوشہ گیر، تنہائی پسند اور خالص غزل کے اس شاعر نے زندگی گزاری نہیں، بلکہ زندگی کو جھیلا ہے۔‘‘