مصنف: شاہد مجید جعفری
صفحات: 160، قیمت: 1000
ناشر: گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان لاہور، اسلام آباد، کراچی۔
فون نمبر: 6780423 - 0318
ہمارے سامنےشاہد مجید جعفری کی مزاحیہ کہانیوں اور کالمز کا مجموعہ ہے۔ نام ہی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کتاب میں کیا ہوگا۔ کتاب میں عطاءالحق قاسمی، رضی الدین، گلِ نوخیز اختر اور حسین احمد شیرازی جیسے ممتاز و معتبر قلم کاروں کے مضامین اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ کتاب ’’پھکڑ پن‘‘ سے دُور ہے۔
درحقیقت، مزاح لکھنا دو دھاری تلوار پر چلنے کے مترادف ہے اور اچھے مزاح کی تخلیق ریاضت اور مطالعے کے بغیر ناممکن ہے۔ یہ کتاب 43 مضامین پر مشتمل ہے اور ہرعنوان ایسا ہے، جو قاری کی توجّہ اپنی طرف مبذول کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شاہد مجید جعفری انتہائی سنجیدہ آدمی ہیں اور ایک سنجیدہ آدمی ہی اچھا مزاح لکھ سکتا ہے۔
بعض مزاح نگار ایسے بھی ہیں، جن کی تحریروں پر کوئی نہیں ہنستا، تو وہ خود ہی مسکرانے لگتے ہیں۔ بقول عطاءالحق قاسمی ’’میری دُعائیں شاہد مجید جعفری کے ساتھ ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کی یہ محنت جاری رہی تو ان شااللہ مستقبل میں ان کی شرارتیں ایک چونکا دینے والا رُوپ اختیار کر جائیں گی۔
مزاح کی کسی بھی نئی کتاب کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ خدا ابھی مزاح نگاروں سے مایوس نہیں ہوا۔‘‘ یہ رائے ایک سند ہے، ایک سینئر کی ایک جونیئر کے لیے۔ گلِ نوخیز اختر کی بھی چند سطریں ملاحظہ فرمائیں۔ ’’شاہد مجید جعفری نے ٹینشن کے اس دَور میں اپنے قلم میں مزاح کی روشنائی استعمال کی ہے، جو اُن کے روشن کل کی دلیل ہے۔‘‘