شاعر: ویر سپاہی
صفحات: 352، قیمت: 300
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
زیرِنظر کتاب کے مصنف ویرسپاہی پنجابی شاعری کے معاصر روایت میں ایک ایسے صاحبِ اسلوب شاعر کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہوں نے جمالیاتی شعور، رندانہ طرزِ احساس اور صوفیانہ فکر کو ایک دل آویز شعری آہنگ میں ڈھال کر اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ ان کی شاعری میں محض لفظوں کی دل کشی نہیں، انسان دوستی، عشقِ حقیقی، عرفانِ ذات اور زندگی کے تلخ و شیریں تجربات کی گہری بازگشت بھی سُنائی دیتی ہے۔
ان کا لہجہ خالص پنجابی تہذیب کا آئینہ دار ہے۔ زیرِنظر مجموعہ اپنی انفرادیت فنی پختگی اور صوفیانہ رنگ کے باعث اہلِ ذوق میں غیرمعمولی پذیرائی حاصل کرے گا۔ کتاب میں عشق کو محض جذباتی واردات نہیں، بلکہ روحانی ارتقاء اور انسان کے باطنی سفر کی علامت بنا کر پیش کیا گیا ہے۔
ویرسپاہی نے روایت سے وابستگی برقرار رکھتے ہوئے جدید حسیّت کو بھی اپنی شاعری میں سمویا ہے۔ کہا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب پنجابی صوفیانہ شاعری میں ایک معتبر اورقابلِ قدر اضافہ بن کر اُبھرے گی، خصوصاً پنجابی ادب کے قارئین کے لیے لائقِ مطالعہ تخلیقی سرمایہ ثابت ہوگی۔
اس ضمن میں پروفیسر ناصر شبیر کی چند سطور بھی ملاحظہ فرمالیں۔ ’’ویر سپاہی حال اورقال کا صوفی شاعر ہے۔ میرے نزدیک تو وہ اس دَور کا سب سے بڑا صوفی شاعر ہے کہ مجھے دُور دُور تک اِس کاکوئی ہم سردکھائی نہیں دیتا۔‘‘