شاعر: شاداب صدیقی
صفحات: 176، قیمت: 1000
ناشر: الحمد پبلی کیشنز، گلشنِ اُردو بازار، بلاک 3، گلشنِ اقبال کراچی۔
فون نمبر: 2830957 - 0322
زیرِ نظر کتاب کےشاعر کہنہ مشق ہیں۔ مشاعرے چھوڑ دیئے، لیکن شاعری نہیں چھوڑی۔ ہمارے پیشِ نظر ان کا ساتوں شعری مجموعہ ہے، جس میں انہوں نے 132 غزلیں اور 14 نظمیں شامل کی ہیں۔غزلوں کی تعداد سے اندازہ ہوا کہ غزل ہی اُن کی محبوب ترین صنفِ سخن ہے۔ ویسے غزلوں کے کئی مصرعے بے وزن بھی لگے۔ ممکن ہے، پروف کی غلطیاں ہوں۔
بہرحال، کوئی شعری مجموعہ منظرِعام پر لانے سے پہلے کسی صاحبِ فن سے رجوع کرنے میں کوئی حرج نہیں۔بظاہر شاداب صدیقی ایک روایتی آدمی ہیں اوراُن کی شاعری بھی روایات سے جڑی ہوئی ہے۔کتاب میں تونسہ شریف کے ایک استاد شاعر ابوالبیان ظہوراحمد فاتح نے بھی ’’سخن ہائے گفتنی‘‘ کے عنوان سے ایک مضمون لکھا ہے۔
شاید اس کتاب کا مکمل مسودہ ان کی نظر سے نہیں گزرا، وگرنہ وہ ضرور خامیوں کی نشان دہی کرتے۔ بہرکیف، شاداب صدیقی کی غزل، محبت کے جذبے سے عبارت ہے اورانہوں نے اپنی نظموں، غزلوں میں محبت کا آفاقی تصور پیش کیا ہے، جب کہ کتاب شبیر ناقد اور انیس جالندھیری کے تعریفی وتوصیفی مضامین سے بھی آراستہ ہے۔ قبل ازیں، شاداب صدیقی کے جوشعری مجموعے منظرِ عام پر آئے، ان کے نام بھی ملاحظہ فرمالیں۔ آتشِ پنہاں، غم مِری جاگیر، جھیل کنارے ، گنجینۂ نوراور جہان غم۔