قلمی کاوش : ڈاکٹر مختار احمد ظفر چوہدری
صفحات: 128، قیمت: 700 روپے
ناشر: ظفر بکس اینڈ پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 6100784 - 0333
زیرِ نظر کتاب ڈاکٹر اے بی اشرف کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین و عقیدت پیش کرنے کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ ڈاکٹر اے بی اشرف کی مادری زبان سرائیکی تھی، لیکن انہوں نے تدریسی، علمی وادبی اور قلمی خدمات کے لیے اُردوکو ذریعۂ اظہار بنایا۔ موصوف اپنے ترقی پسندانہ اندازِ نظر اور انسان دوستی کے حوالے سے امتیازی حیثیت رکھتے تھے۔ متعدّد کتابیں تصنیف، جب کہ گیارہ کُتب مرتّب کیں۔
آسکروائلڈ کے افسانوں کا ترجمہ بھی کیا۔ آغا حشر اوران کا فن، ادب اورسماجی عمل، اردو اسٹیج ڈراما، کچھ نئے اور پرانے افسانہ نگار، حکیم احمد شجاع اور ان کا فن، غالب اور اقبال، کچھ نئے اور پرانے شاعر، اردو ڈراما اورآغا حشر، شاعروں اور افسانہ نگاروں کا مطالعہ، مسائل (تنقید و تجزیہ) اور ذوقِ دشت نوردی (سفرنامہ) اُن کی اِن کتابوں کے ناموں سے بھی اُن کی علمی و تحقیقی بصیرت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
بلاشبہ یہ کتاب گم شُدہ قافلوں کے آوازِ جرس ہے۔ اور ڈاکٹر مختار احمد ظفر نے اِسے مرتّب کرکے نہ صرف حقِ رفاقت ادا کیا بلکہ موصوف کی زندگی کے اہم جہتیں بھی سامنے لائے۔ کتاب کے حصّہ اول میں ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی قلمی کاوشیں شامل ہیں۔
حصّہ دوم میں مرحوم کی تحریریں اور ایک مضمون ڈاکٹر اسلم انصاری (مرحوم) کا ہے، جو ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی کتاب پر ڈاکٹر اے بی اشرف کے مضمون کے حوالے سے تحریر کیا گیا ہے۔ جب کہ حصّہ سوم مرحوم کے احباب اورخوشہ چیں افراد کے خیالات ہیں، جو پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔