حکیم الامّت و عارفِ کامل، دانائے راز، مصوّرو مبشّرِ پاکستان اور شاعرِ مشرق، ڈاکٹر علّامہ محمّد اقبالؒ عالمِ ناسوت کی زمانی و مکانی حدود سے ماورا اُس فکر کا نام ہے، جس سے ہر عہد کا انسان فیض یاب ہوسکتا ہے۔ علاّمہ محمّد اقبال کا پیغام بالعموم عالمِ انسانیت اور بالخصوص اُمّتِ مسلمہ کے لیے یک ساں قدر و اہمیت کاحامل ہے۔
علاّمہ اقبالؒ کی شخصیت وفکر کے پانچ تخلیقی عناصر تھے۔ رجوع الی القرآن، عشقِ رسولﷺ، سوز وسازِ رومیؒ، جذبۂ خودی اور جذبۂ بےخودی۔ فکرِ اقبالؒ کا بنیادی ماخذ، زندۂ جاوید کتاب ’’قُرآنِ پاک‘‘ ہے اور اُن کی شدید خواہش تھی کہ اُمّتِ مصطفیٰﷺ بھی قُرآنِ مجید سے تعلق مضبوط کر کے عظمتِ رفتہ حاصل کرے۔
اس ضمن میں فرماتے ہیں کہ ؎ خوار از مہجوریٔ قُرآں شُدی… شکوہ سنجِ گردشِ دوراں شُدی (تو قُرآنِ مجید کو چھوڑنے کی وجہ سے خوار ہوا ہے اور شکایت گردشِ زمانہ کی کرتا ہے) اقبالؒ کی شخصیت کی تخلیق و تعمیر کاپہلا عُنصر، آج ہر مسلمان کے گھر موجود ہے، مگرافسوس، مسلمان اس کی علم و حکمت سے بےبہرہ ہیں۔ اقبالؒ کی پوری زندگی قُرآنِ مجید پر غور وفکر کرتے گزری اور جوں جوں اُن کا مطالعۂ قُرآن بڑھتا گیا، جذبۂ ایمانی میں بھی اضافہ ہوتا چلا گیا۔
فکرِ اقبالؒ کی تخلیق کا دوسراعُنصر، عشقِ رسول ﷺ ہے۔ اقبال ؒ کا ماننا تھاکہ طاغوت کی اوّلین ترجیح ایک مسلمان کے اندر سے رُوحِ محمّدی ﷺ نکالنا ہے۔ چناں چہ آج ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم اپنے نصاب کو اس طورترتیب دیں کہ اس کے ذریعےنوجوان نسل میں عشقِ رسول ﷺ کی ایسی شمع روشن ہو، جس کے ذریعے ساری دُنیا کی تاریکی دُور ہو سکے۔
اس حوالے سے شاعرِ مشرق فرماتے ہیں کہ ؎ بمصطفیٰ برساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست… اگر بہ او نرسیدی تمام بولہبی است (اپنے آپ کو رسول اللہ ﷺ تک پہنچادو کہ وہی دِین کی اساس ہیں۔ اگر وہاں تک نہ پہنچ پائے، تو پھر تیرے سارے اعمال ابولہب والے ہیں)۔ علاّمہ اقبالؒ، حضور اکرم ﷺ سے انتہا درجے کی محبّت کرتے تھے۔
بےشک رسول اللہ ﷺ رُشد وہدایت کے آخری مینار، نبوّت و رسالتؐ کےخاتم اور مولائے کُل ہیں۔ اقبالؒ آپ ﷺ سے اپنے والہانہ عشق کا اظہار کچھ یوں کرتے ہیں کہ ؎ دردلِ مسلم مقامِ مصطفیٰؐ است… آبروئے ما زنامِ مصطفیٰؐ است (مسلمان کا دِل حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ کا مقام ہے۔ مصطفیٰ کریم ﷺ ہی کے نام سے ہماری آبرو سلامت ہے۔) جب کہ اقبالؒ کی مندرجہ ذیل رُباعی اُن کے عشقِ رسول ﷺ کا جیتا جاگتا ثبوت ہے اور بے شک اس رُباعی کو نعتیہ شاعری کی مقبول رُباعی ہونے کا شرف حاصل ہے۔ ؎ تُو غنی از ہر دو عالَم من فقیر… روزِمحشر عُذر ہائے من پذیر… گر تو می بینی حسابم ناگُزیر… از نگاہے مصطفیٰ ؐ پنہاں بگیر ( اے اللہ! مَیں فقیر ہوں اور تُو دونوں عالَم سے غنی ہے۔ تو روزِمحشر میرا عُذر قبول فرما لینا اور میرا حساب مت لینا۔ البتہ اگر میرا حساب لینا ناگزیر ہو، تو میری یہ التجا ہے کہ میرے آقا ﷺ کے سامنے مت لینا کہ اُس وقت میں اپنے آقا ﷺ کو کیا منہ دِکھاؤں گا)۔
اقبالؒ نے خود کو مُریدِ ہندی اور مولانا رومؒ کو پیرِ رومی قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اقبالؒ کی فکرپر مولانا رومؒ کے اثرات نمایاں نظر آتے ہیں۔ اقبالؒ کہتے ہیں کہ ؎ تُو بھی ہے اسی قافلۂ شوق میں اقبال… جس قافلۂ شوق کا سالار ہے رومی۔ اقبالؒ نے مولانا رومؒ کو اپنے کلام میں مختلف القابات اور ناموں سے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جیسا کہ پیرِ رومؒ، پیرِ حق، سرشتِ پیر، پیرِ عجم ، مولانا جلال اور مُرشدِ روم وغیرہ۔
اقبالؒ نے پیرِ رومؒ کو اپنا رہنما تسلیم کیا اور علی الاعلان کہا کہ عقل و خِرد کی ساری گُتھیوں کا، جنہیں یورپ کی مادیّت نے اُلجھا دیا ہے، حل صرف آتشِ رومی کے سوز میں پنہاں ہے۔ وہ چاہے معرکۂ عشق و عقل ہو یا مقلد و محقّق کی بحث، جبر و اختیار کا تقابلی جائزہ ہو یا نالہ و فغاں، قُرآن و حدیث کی تلمیحات ہوں یا تصوّف، خودی ہو یا بےخودی، غرض اقبالؒ کے افکار پر اپنے پیرِ رومیؒ کی جھلک پوری طرح غالب دکھائی دیتی ہے۔
بالِ جبرائیلؑ کی ایک پوری نظم ’’پیر و مُرید‘‘ کے نام سے ہے۔ اس نظم میں اقبالؒ نے اُردو میں اپنے مُرشد، مولانا روم سے سوال کیا ہے اور اُس کا جواب اُن کی معروف مثنوی سے نقل کیا ہے۔ اِسی طرح ’’جاوید نامہ‘‘ میں جب اقبالؒ افلاک کی سیر کو نکلے، تو اُن کی رہنمائی کرنے والے مولانا رومؒ ہر قدم پر اُن کے ساتھ تھے۔
اقبالؒ کہتے ہیں کہ ؎ پیرِ رومی خاک را اکسیر کرد… از غُبارم جلوہ ہا تعمیر کرد۔ (پیرِ رومیؒ نے میری خاک کو اکسیر یعنی کیمیا بنا دیا اور پھر اس غُبار سے کئی جلوے تعمیر کیے۔ یعنی وہ کیمیا گر تھے اور اُنہوں نے مُجھ میں بھی ایسے ہی اوصاف پیدا کردیے) اقبالؒ صرف خود کو مولانا رومؒ کا مرید کہہ کر بات ختم نہیں کر دیتے بلکہ اُمّتِ مسلمہ کو بھی درس دیتے ہیں کہ اُمّت کا ہر فرد فرنگی سوچ کے مقابلے میں فکرِ رومیؒ سے اپنے افکار منوّر کرے۔
جس طرح مولانا رومؒ کو حضرت شمس تبریزیؒ نے پارس کر دیا، اِسی طرح اقبالؒ کو مولانا روم ؒ کے روحانی فیض نے کندن بنادیا۔ سو، اُمّتِ مسلمہ کے ہر فرد کی یہ ذمّے داری ہے کہ وہ نہ صرف دانائے سُبل، ختم الرسل، مولائے کُل، پیرِکامل، نبی آخر الزماںﷺ کی دل وجاں سے اطاعت و فرماں برداری کرے بلکہ دَورِ حاضرمیں رہنمائی کےلیے بھی، اُسوہ ٔرسولﷺ ہی پر صحیح معنوں میں کاربند کسی شخصیت کا انتخاب کرے۔
اقبالؒ کی شخصیت وفکر کی تخلیق کا چوتھا عُنصر، جذبۂ خودی ہے۔ علامہ اقبالؒ نے خودی کا فلسفہ دراصل قرآنِ مجید کی سورۃ المائدہ کی آیت نمبر 105 سے اخذ کیا، جس میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے۔ ترجمہ: ’’اے ایمان والو! تم اپنی جانوں کی فکر کرو، جب تم ہدایت پر ہو تو گم راہ ہونے والا تمہارا کچھ نہ بگاڑے گا۔ اللہ ہی کی طرف تم سب کا لوٹنا ہے، پھر وہ تمہیں بتا دےگا،جوتم کرتے تھے۔‘‘
علاّمہ اقبال کے نزدیک انسانی شخصیت کی حقیقی تعمیر منّت کشِ خودی ہے۔ جب تک عرفانِ ذات حاصل نہ ہو، اُس وقت تک زندگی میں نہ سوز و مستی ہے اور نہ جذب و شوق۔ اقبالؒ کو خودی کی تربیت پر بڑا اعتماد تھا۔ اُن کے نزدیک خود شناسی وخود آگہی انسان کو اسرارِ شہنشاہی سکھاتے ہیں اور عطار ہوں یا رومی، رازی ہوں یا غزالی، خُودی کے بغیر کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
اسی کا نتیجہ ہے کہ اقبالؒ نے اُس رزق پر موت کو ترجیح دی کہ جس رزق سے پرواز میں کوتاہی آتی ہو۔ اور اقبالؒ کے خیال میں، دارا اور سکندر سے وہ مردِ فقیر زیادہ بہتر ہے کہ جس کی فقیری میں حضرت علیؓ کی خُو اور اُن کا اُسوہ ہو۔ ؎ از محبّت چُوں خودی محکم شود… قوتش فرماندہِ عالم شو۔ (جب عشق و محبّت کی بدولت خودی مضبوط ہوجاتی ہے، تو اس کی قوّت، کائنات پر حُکم رانی کرنے لگتی ہے)اقبالؒ نے خودی کی علامتی وضاحت کے لیے ’’شاہین‘‘ کا انتخاب کیا۔
شاہین میں مندرجہ ذیل پانچ خوبیاں پائی جاتی ہیں، جن کی وجہ سے اقبالؒ ایک مسلمان نوجوان کو شاہین سے تشبیہ دیتے ہیں۔ بُلند پروازی، تیز نگاہی، خلوت پسندی، آشیانہ نہ بنانا اور کسی اور کا کیا ہوا شکارنہ کھانا۔ شاعرِ مشرقؒ یہی پانچ خصوصیات ملّتِ اسلامیہ کے نوجوانوں میں دیکھنا چاہتے تھے۔ اقبالؒ چاہتے تھے کہ مسلمان نوجوان شاہین صفت اور بُلند پرواز ہوں۔ یہ نوجوان ایسے ہوں کہ جنہیں دیکھ کر قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کی یاد تازہ ہوجائے۔
اقبالؒ اس بات کے خواہاں تھے کہ مسلمان نوجوان دوسری اقوام کے نوجوانوں کے مقابلے میں اپنے اعمال، اخلاق اور کردار سے نمایاں نظر آئیں۔ ایک مسلمان نوجوان کی یہ شان نہیں کہ وہ تقدیر کا بہانہ بنا کر تدبیر ہی سے ہاتھ اُٹھالے۔ اقبالؒ کے فلسفۂ خودی کے مطابق نوجوانوں کی کام یابی عملِ پیہم، خود پر بھروسے، اپنے مقصد سے عشق، اپنی منزل کے راستے میں آنے والی والی ہر رُکاوٹ پر صبر، کچھ کر دکھانے کا جنون اور آگے سے آگے بڑھنےکی جستجو میں پوشیدہ ہے اور جب جوانوں میں خودی کا جذبہ جنم لیتا ہے، تو اس کا نتیجہ کچھ یوں ظاہر ہوتا ہے ؎ شاہیں کبھی پرواز سے تھک کر نہیں گرتا… پُردَم ہے اگر تُو، تو نہیں خطرۂ اُفتاد۔
اقبالؒ کی تخلیقِ فکر کا پانچواں عُنصر بےخودی ہے۔ یاد رہے، جس طرح خودی کے معنی تکبّر یا غرور نہیں، اِسی طرح بے خودی کے معنی بے ہوشی یا خود فراموشی نہیں بلکہ یہ فرد کی اُس کیفیت کا نام ہے کہ جو جماعت کے ساتھ وابستہ رہنے سے پیدا ہوتی ہے۔ اقبالؒ کا ماننا ہے کہ فرد تنہا زندگی بسر کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوا۔ جہاں تک ہو سکے، اُسے جماعت کے ساتھ وابستہ رہنا چاہیے۔
وہ فرماتے ہیں ؎ حرزِ جاں کُن گُفتۂ خیرالبشر ؐ … ہست شیطاں از جماعت دُور تر (حضورِ اکرم ﷺ کے اس فرمان کو حرزِ جاں بنا لو کہ شیطان جماعت سے دُور رہتا ہے۔) علاوہ ازیں، فرد قوم سے جُدا ہو کر اپنی ہستی کھو بیٹھتا ہے اور ترقّی کی جملہ راہیں مسدود ہوجاتی ہیں۔ ملّت، اختلاطِ افراد سے پیدا ہوتی ہے اور اس کی تربیتی تکمیل نبوّت سے ہوتی ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے انبیاء کو اس لیے بھیجا کہ وہ مختلف الخیال افراد کو ایک مسلک سے منسلک کرکے قوم بنا دیتے ہیں۔
بنی اسرائیل کو حضرت موسیٰؑ نے ایک قوم بنادیا اور بکھرے ہوئے اور منتشر عربوں کو سرکارِ مدینہ حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ نے ایک لڑی میں پرو دیا۔ اقبالؒ کہتے ہیں کہ رسالتِ محمدی ﷺ کا مقصد یہ ہے کہ دُنیا میں انسانوں کے اندر حُرّیت، اخوّت اور مساوات قائم ہو جائے۔ آپ ﷺ نے دُنیا کو اتحاد کا سبق پڑھایا اور چوں کہ ملتِ محمدی ﷺ کی بنیاد توحید و رسالتؐ پر ہے اور یہ حقائق محدود فی المکان نہیں ہیں، اس لیے ملتِ محمدیﷺ بھی محدود نہیں۔
رسولِ اکرم ﷺ نے اپنے وطن سے ہجرت کر کے مسلم قومیت کا عقدہ حل کردیا۔ آپ ﷺ نے مدینے کو اپنا وطن بنا لیا، جو آپ ﷺ کی جائے وِلادت نہیں تھا۔ یعنی پوری دُنیا مسلمان کا وطن ہے اور پوری زمین اس کے لیے مسجد۔ اِسی طرح اقبالؒ جس بے خودی کے قائل ہیں، اُس کا مطلب ہے خُود کو اُمّتِ مسلمہ سے جوڑ کر رکھنا۔ اقبالؒ فرماتے ہیں۔ ؎ بُتانِ رنگ وخُوں کو توڑ کر ملّت میں گُم ہوجا… نہ تورانی رہے باقی، نہ ایرانی نہ افغانی۔
اقبالؒ نے محض شاعری ہی نہیں بلکہ نثر میں بھی کام کیا اورThe Reconstruction of Religious Thoughts in Islam کے نام سے آپ کے خطبات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ حکمتِ دین کے باب میں فکری اعتبار سے جامع ترین کردار اگر حضرت شاہ ولی اللہؒ کے بعد کسی نےادا کیا ہے، تو وہ اقبالؒ کے یہی خطبات ہیں۔ اقبالؒ نے اس کے دیباچے میں لکھا ہے کہ ’’میری ان باتوں کو آئندہ آنے والی نسلیں بہتر انداز میں سمجھیں گی۔‘‘
اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق، جب ایک مسلمان رجوع الی القرآن،عشقِ رسول ﷺ اور جذبۂ خودی کے مراحل کی تکمیل سے گُزر جائے گا، تو وہ ایک ایسے مقام پر کھڑا ہوگا کہ جہاں اُسے اچّھے، بُرے کی تمیز ہوجائے گی۔ ایسے میں اُسے پیرِ رومی جیسے بزرگ کی تلاش ہوگی، جو اُسے اُس کی منزلِ مقصود تک پہنچادے۔ لیکن اقبالؒ یہ بھی جانتے تھے کہ یہ وہ مقام ہے کہ جہاں آکر انسان خود پسندی اور خود نُمائی کے دل فریب جال میں پھنس کر انفرادیت قائم کرتا ہے، اِسی لیے اقبالؒ چاہتے ہیں کہ جب ایک مسلمان کی تربیت ہو جائے، تو وہ خود کو اُمّت کا حصّہ سمجھے۔
ملّت کے ساتھ رابطے میں رہے اور جماعت کے ساتھ چلے، کیوں کہ اتحاد ہی مسلمانوں کی فلاح کا ضامن ہے۔ لہٰذا، ہمیں اپنی نوجوان نسل کی علمی و فکری اور نظریاتی تربیت کے لیے پورے مُلک میں اقبالؒ کی تعلیمات کو اوّل جماعت سے اعلیٰ تعلیم تک نصاب کا حصّہ بنانا چاہیے۔ 9 نومبر 2018ء کو منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں تاجکستان کے سفیر جوسونوو نے کہا تھا کہ ’’پاکستان خوش قسمت ہے کہ اُس کے پاس اقبالؒ ہے۔‘‘ اب یہ ہم پر مُنحصر ہےکہ ہم علاّمہ اقبالؒ کی تعلیمات پر کس حد تک عمل کرتے ہیں۔ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ ہماری قوم کی تعمیر کا راستہ صرف اقبالؒ ہی کا بتایا گیا راستہ ہے۔
آج پوری اُمتِ مسلمہ کا حال سب کے سامنے ہے۔ ہم اپنے اصل مقام سے نا آشنا ہیں۔ دُنیا میں اسلامی ممالک کی تعداد کم و بیش 57 ہے، لیکن طاغوت کے سامنے سب بے بس نظر آتے ہیں۔ تعیّشات اوراغیار پر انحصار نے اُمّت کو اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے کہ آج مختلف بین الاقوامی ادارے جب چاہتے ہیں، اسلامی ممالک پر اپنی مرضی کے مطابق پابندیاں عائد کردیتے ہیں۔
اسلامی ممالک کو قرضے دینے کے عوض اُن پر ضمیر کا سودا کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔ چوں کہ علّامہ اقبالؒ حکیم الامّت تھے، اس لیے انہوں نے دُور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ تعلیم دی کہ مسلمانوں کو ہرگز مغربی ممالک کا دستِ نگر نہیں بننا چاہیے بلکہ خود انحصاری پر توجّہ دینی چاہیے۔ آج ضرورت اس اَمر کی ہے کہ جتنے وسائل بھی میسّر ہیں، اُن ہی کو بروئےکار لاکر ریاست کو خود مختار بنایا جائے تاکہ کسی کے آگے دستِ سوال دراز کرنےکی نوبت ہی نہ آئے۔
گرچہ اس کوشش میں وقتی طور پر مصائب کا سامنا ہوگا لیکن یہ ہر اعتبار سے اغیار کی امداد سے ترقّی کرنے سے بہتر ہے۔ آج دُنیا بَھر میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے لیکن اسلامی ممالک کی تنظیم، او آئی سی کا کوئی کردار نظر نہیں آتا۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ اُمّتِ مسلمہ نے اپنے مفادات کے پیشِ نظر اپنی خودی کا سودا کرلیا ہے اور اب وہ اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کرنے کی بجائے کفر کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔ ضربِ کلیم میں اقبالؒ اپنی ایک نظم ”گلہ“ میں فرماتے ہیں۔ ؎ یورپ کی غُلامی پہ رضامند ہوا تُو… مُجھ کو تو گلہ تُجھ سے ہے، یورپ سے نہیں ہے۔
آج ہمیں اقبالؒ کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اقبالؒ چاہتے تھے کہ مسلمان نوجوان اپنی تہذیب و ثقافت اور اپنے اسلاف کے نقشِ قدم کی پیروی کرکے خود میں ایسی صفات پیدا کریں کہ ایک بار پھر دُنیا کی قیادت اُن کے ہاتھ آجائے۔ اقبالؒ کا پیغام، اُمید کا پیغام ہے ۔ اقبالؒ ایک زندہ شاعر ہیں ۔ وہ خود کو’’ زندہ رُود‘‘ کہتے تھے اور ہمیشہ زندگی کی بات کرتے تھے۔ بلاشبہ، اقبالؒ کا کلام، زندہ کلام اور رہتی دُنیا تک کے لیے مشعلِ راہ ہے۔