کراچی (مطلوب حسین) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے مبینہ طور پر جعلی ای پروٹیکٹر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس اور فرضی ملازمت کی بنیاد پر عراق جانے والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ تینوں مسافر عراق کے ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے، جن کی سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران مبینہ جعل سازی کا انکشاف ہوا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے آکاش طارق، مرزا سلیمان ظفر بیگ اور مرزا سفیان مظہر بیگ کے پاس 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ای پروٹیکٹر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس موجود تھے، جن میں انہیں عراق کے شہر بصرہ میں بلیو روز کنسٹرکشن کمپنی کا ورکر ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم دستاویزات میں تنخواہ، آجر کا رابطہ نمبر اور ای میل ایڈریس درج نہ ہونے کے باعث ای پروٹیکٹر سرٹیفکیٹس مشکوک قرار پائے۔ابتدائی تفتیش کے دوران مسافروں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گجرات کے رہائشی شاہد نامی ایجنٹ کو چار لاکھ روپے ادا کرکے مبینہ طور پر جعلی ای پروٹیکٹر بنوائے تھے، جبکہ عراق میں ملازمت اور ویزوں کا انتظام ان کے رشتہ داروں یاسر اور یاسین کے ذریعے کیا گیا تھا۔