پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور پولیس کو درپیش افرادی قوت، مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی کمی دور کرنے کیلئے تقریباً 70ارب روپے خرچ کرنے، پولیس کی 17ہزار خالی آسامیاں پُر کرنے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد 12 فیصد سے بڑھا کر 37فیصد اور پولیس کی مجموعی استعداد 75 فیصد تک لے جانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، دہشت گردوں کے ٹرائل کیلئے فیس لیس انسداد دہشت گردی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجوزہ نظام کے تحت دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے دوران ججوں، گواہوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائیگی تاکہ انہیں دہشت گردوں یا ان کے نیٹ ورک کی جانب سے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس مقصد کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے، تاہم مجوزہ عدالتی نظام میں متعلقہ فریق کو فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ یہ بات محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائیگی، جے یو آئی نے مدارس یا ان کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی تو کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات، پولیس کی موجودہ استعداد، سکیورٹی اداروں کو درپیش مشکلات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے دی جانے والی ایک اہم بریفنگ دی گئی۔ جس میں گورنر خیبر پختونخوا، ایڈوائزر ز، چیف سیکرٹری، تمام محکموں کےسیکرٹریز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ بریفنگ میں پولیس کو درپیش مالی اور انتظامی مشکلات، خالی آسامیوں، جدید آلات کی کمی، سی ٹی ڈی کی استعداد اور سکیورٹی اداروں کو درکار وسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سیکرٹری داخلہ امجد علی خان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ٹرائل کیلئے فیس لیس انسداد دہشت گردی عدالتیں قائم کرنے، متعدد شہروں کو سیف سٹی میں تبدیل کرنے، 10 اضلاع میں خصوصی سینٹرز کے قیام اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔