ہر سال 20 نومبر کا دِن دُنیا بَھر کے بچّوں کے حقوق اور روشن مستقبل کی تعمیر کاعزم اُجاگر کرنے کا پیغام لے کر آتا ہے۔ بچّے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ، مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، اُن کی تعلیم و تربیت، صحت، کردار سازی اور فلاح و بہبود پرتوجّہ دراصل ایک مضبوط، خوش حال اورترقّی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔ پاکستان سمیت دُنیا کے تمام ممالک کے لیے یومِ اطفال اس عہد کی تجدید کا موقع ہے کہ ہر بچّےکومحفوظ، پُرامن اور بہتر زندگی گزارنے کے یک ساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
عالمی یومِ اطفال کا پس منظر انسانیت، محبّت اور بنیادی حقوق کے تصوّر سے وابستہ ہے۔ اقوامِ متّحدہ نے 1954ء میں پہلی مرتبہ عالمی یومِ اطفال منانے کی سفارش کی، جس کا مقصد دُنیا بَھر کے بچّوں کے درمیان باہمی محبّت و الفت، بھائی چارے اور یک جہتی کو فروغ دینا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز کرنا تھا۔
بعد ازاں، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچّوں کے حقوق کے کنونشن کی منظوری دی اور پاکستان بھی اس عالمی کنونشن کا حصّہ، بچّوں کے حقوق کے تحفّظ کی ذمّے داریاں ادا کرنے کا پابند ہے۔ نیز، مُلکی آئین بھی بچّوں کی بہتر تعلیم وتربیت اور نشوونما کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 25اے کے تحت 5سے 16سال تک کی عُمر کے بچّوں کو مُفت، لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمّےداری ہے۔
اس آئینی ضمانت کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بچّہ محض غُربت، معاشی مشکلات یاسماجی محرومی کے سبب تعلیم سے محروم نہ رہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ حکومت، تعلیمی ادارے، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات مل جُل کر اپنا کردار ادا کریں۔ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے یا امتحان پاس کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ بچّوں میں شعور، اعتماد، مثبت سوچ اور زندگی کے مسائل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کا بنیادی ذریعہ بھی ہے۔
رواں برس ’’عالمی یومِ اطفال‘‘ مناتے ہوئے ہمیں بچّوں کی فلاح و بہبود کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت کے ساتھ گمبھیر مسائل کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ گرچہ پاکستان میں بچّوں کے حقوق، تعلیم کے فروغ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مختلف سرکاری وغیرسرکاری ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعلیم اور تعلیمی اصلاحات نےعلم کے حصول کےنِت نئے راستے کھولے ہیں۔
کئی فلاحی تنظیمیں مستحق بچّوں کو تعلیمی سہولتیں، صحت کی خدمات اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنےکےلیےسرگرمِ عمل ہیں، لیکن ان کے ثمرات ہر بچّے تک پہنچانا بھی ایک اہم ضرورت ہے۔ خاص طور پر دیہی اورپس ماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولتوں کی بہتری اور تربیت یافتہ اساتذہ کی فراہمی پر خصوصی توجّہ دینا از حد ضروری ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں اب بھی بے شمار ایسے بچّے موجود ہیں، جنہیں غُربت، معاشی مشکلات، کم عُمری میں مزدوری، غذائی قلّت اور تعلیمی سہولتوں کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
مُلک بَھر میں لاتعداد بچّے اسکول جانے کی بجائے محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، جب کہ بعض علاقوں میں بچّوں کی معیاری تعلیمی اداروں اور بنیادی صحت کی سہولتوں تک رسائی محدود ہے۔ اسی طرح بچّوں پر تشدّد، امتیازی سلوک، کم عُمری میں شادی اور عدم تحفّظ کے واقعات بھی نہایت سنگین مسائل ہیں۔ ایسے حالات بچّوں کی ذہنی، جسمانی وجذباتی نشوونما پرمنفی اثرات مرتّب کرتے ہیں، تو ضروری ہے کہ بچّوں کے حقوق کے تحفّظ سے متعلق قوانین پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے۔ اور اس ضمن میں خصوصاً والدین میں شعور بےدار کیا جائے۔
واضح رہے، بچّوں کی بہتر نشوونما کےلیےمتوازن غذا، معیاری طبّی سہولتیں، صاف پانی، کھیل کُود کے مواقع اور محبّت و اپنائیت بھرا ماحول ناگزیر ہے کہ ایک صحت مند بچّہ ہی بہتر طور پر سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں بروئے کارلانے کے قابل ہو پاتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچّوں پر اپنی مرضی، خواہشات مسلّط کرنے کی بجائے اُن کی دِل چسپیاں، صلاحیتیں پہچانیں، اُن کی حوصلہ افزائی کریں، اخلاقی تربیت پر توجّہ دیں۔
اِسی طرح اساتذہ کی بھی ذمّےداری ہے کہ وہ بچّوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ اُن میں برداشت، دیانت داری، احترام، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق جیسی اقدار کو بھی فروغ دیں۔ نیز، موجودہ ڈیجیٹل دَور میں بچّوں کو انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کی تربیت دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ٹیکنالوجی، تعلیم اور معلومات تک رسائی کے بےشمار مواقع فراہم کرتی ہے لیکن اس کے غیر محتاط استعمال سے بچّے نامناسب مواد، آن لائن ہراسانی اور دیگر خطرات کا شکار بھی ہو سکتے ہیں۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچّوں کی رہنمائی کریں، انہیں آن لائن تحفّظ کے اصول سمجھائیں اور ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں، جو ان کی ذہنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ میں اضافہ کریں۔
عالمی یومِ اطفال ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ بچّوں کا تحفّظ اور اُن کے روشن مستقبل کی تعمیر صرف حکومت کی ذمّے داری نہیں، یہ پورے معاشرے کا مشترکہ فرض ہے۔ ہمیں بچّوں سےمتعلق مسائل پرمحض تقاریر،تقریبات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
ہر بچّے کو تعلیم کی طرف راغب کرنا، چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی، ضرورت مند بچّوں کی مدد اور ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ہماری ترجیحات ہونی چاہئیں، جب کہ ذرائع ابلاغ، سماجی تنظیمیں اور تعلیمی ادارے بھی بچّوں کے حقوق سے متعلق شعور اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آئیے، عالمی یومِ اطفال کے موقعے پر یہ عہد کریں کہ ہم کسی بچّے کو محرومیوں کے اندھیروں میں تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ اس کےخوابوں کوحقیقت میں بدلنے کے ضمن میں اپنی ذمّے داریاں پوری کریں گے۔
ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے، جہاں ہر بچّہ خوف کی بجائے اعتماد، محرومی کی بجائے مواقع اور مایوسی کی بجائےامید کے ساتھ زندگی گزارسکے، کیوں کہ بچّوں کا روشن مستقبل ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔