• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موقع ملا تو ایران پر پھر حملہ کروں گا، مجھے جہنم نہیں جنت جانا چاہئے، ٹرمپ

کراچی(رفیق مانگٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ موقع ملا تو ایران پر پھر حملہ کروں گا مجھے جہنم نہیں جنت میں جانا چاہیے،بعض دشمنوں سے ہمیشہ نفرت کرتا رہوں گا، ایران جنگ اور مہنگے پیٹرول نے ہمیں ہرایا، شکست کے بعد کابینہ میں تبدیلیاں ہوں گی، چند عہدے داروں کو ہٹانے کا عندیہ، پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کا مطالبہ غیر منصفانہ قرار،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد اپنے پہلے اہم ٹیلی ویژن انٹرویو میں ایران جنگ، ملکی معیشت، امیگریشن پالیسی اور اپنی انتظامیہ کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے بعض پالیسیوں میں غلطیوں کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  دو سے چار ماہ میں امریکی عوام کو معاشی بہتری محسوس ہونے لگیں گے،  ایران کی روایتی فوجی طاقت کمزور کر دی گئی ،تہران سے معاہدہ ہونے کے قریب ہے، انہوں نے غیرقانونی تارکین وطن کی ملک بدری کی پالیسی کو بعض مواقع پر حد سے زیادہ سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں بعض ایسے افراد کو بھی ملک سے نکالا گیا جو اچھے روزگار سے وابستہ اور ٹیکس ادا کر رہے تھے۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے ریپبلکنز کی انتخابی شکست کی بنیادی وجہ یہ قرار دی کہ وہ خود انتخابی بیلٹ پر موجود نہیں تھے۔  ووٹرز کو ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں پٹرول کی بڑھتی قیمتیں بھی پسند نہیں آئیں۔  ان کی انتخابی حمایت اور جلسوں نے متعدد ریپبلکن امیدواروں کو کامیابی کے قریب پہنچایا، بعض حامیوں نے ووٹ ہی نہیں ڈالا جبکہ کچھ امیدوار بھی ووٹرز کو پسند نہیں آئے۔ٹرمپ نے  کہا کہ امریکا ایسے معاشی نتائج حاصل کر رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ ان کے مطابق ریٹائرمنٹ اکاؤنٹس اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اور انہوں نے لوگوں کو دولت مند بنایا ہے۔ تاہم انتخابی شکست کے تناظر میں انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت اپنی معاشی کامیابیوں کا پیغام عوام تک پہنچانے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید ان کی اپنی پیغام رسانی بھی درست نہیں تھی، حالانکہ وہ مسلسل معاشی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آئندہ دو سے چار ماہ میں امریکی عوام کو معاشی بہتری محسوس ہونے لگے گی اور ان کی پالیسیوں کے نتیجے میں مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ملازمتوں میں اضافہ ہوگا۔ایران جنگ کے حوالے سے ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنے کا موقع ملے تو وہ ایران پر حملے کا فیصلہ پھر کریں گے۔  ایران کی روایتی فوجی طاقت کمزور کر دی گئی ہے اور اس کا جوہری پروگرام کئی سال پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ اگر ان کی صدارت کے دوران ایران جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا تو ان پر موجودہ تنقید سے کہیں زیادہ سخت تنقید ہوتی۔  ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا فیصلہ فوری طور پر سیاسی طور پر مقبول نہ بھی ہو، لیکن طویل مدت میں امریکا کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ ٹرمپ نے انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مزید شدت لانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں اور انہیں اس کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنے کے قریب ہے، لیکن امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج نے تہران کو کچھ امید ضرور دلائی ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان سے متعلق سوال پر کہ ریپبلکنز کی شکست کی بنیادی وجہ ایران جنگ تھی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس تشخیص سے اختلاف نہیں کرتے، البتہ ان کے خیال میں ایک اہم وجہ یہ بھی تھی کہ وہ خود انتخابی میدان میں امیدوار نہیں تھے۔امیگریشن پالیسی پر ٹرمپ نے پہلی مرتبہ نمایاں طور پر اعتراف کیا کہ ان کی حکومت کی بعض کارروائیاں ضرورت سے زیادہ سخت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد بند کرنے پر انہیں اے پلس گریڈ ملنا چاہیے، جبکہ جرائم پیشہ افراد کو ملک سے نکالنے کی پالیسی پر بھی انہیں اچھے نمبر ملتے ہیں۔  حکومت کو اس وجہ سے سیاسی نقصان پہنچا کہ ایسے افراد کو بھی ملک بدر کیا گیا جو غیرقانونی طور پر امریکا آئے تھے لیکن باغبانی، ہوٹلوں اور دوسرے شعبوں میں کام کر رہے تھے، بعض ٹیکس بھی ادا کرتے تھے اور ان کی ملازمتیں اچھی تھیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی معاشرے میں ایک طبقہ ایسے افراد کو بھی ملک سے نکالنے کا حامی ہے، جبکہ دوسرا طبقہ سمجھتا ہے کہ اچھے کردار اور روزگار والے افراد کو امریکا میں رہنے کی اجازت ملنی چاہیے۔ انہوں نے امیگریشن کے معاملے پر کانگریس کے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قانون سازی کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔اپنی ذاتی دولت میں مبینہ طور پر تقریباً 8 کھرب 31 ارب روپے(تین ارب ڈالر) اضافے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنی دولت پر تقریباً کوئی وقت صرف نہیں کرتے اور انہیں اس کی پروا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اپنی توقعات سے کہیں زیادہ پیسہ ہے، تاہم انہیں اس بات کا بھی علم نہیں کہ ان کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے ذاتی کاروباری مفادات کو صدارتی ذمہ داریوں سے متصادم قرار دینے کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اسٹاکس وسیع مارکیٹ انڈیکسز میں سرمایہ کاری کی صورت میں ہیں اور ان کے بیٹے خاندانی کمپنی چلاتے ہیں۔ ان کے بقول اپنے بیٹوں سے یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ ان کی چار سالہ صدارت کے دوران کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر امریکی صدر کو عہدے پر رہتے ہوئے مفادات کے ٹکراؤ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انتخابی شکست کے بعد اپنی انتظامیہ میں ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ بعض عہدیداروں کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے الفاظ میں وہ اپنی کابینہ کو پسند کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود چند تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔  وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر ڈیموکریٹس کی جانب سے مواخذے کے مطالبے کو غیرمنصفانہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں ہیگستھ پر اعتماد ہے۔ ٹرمپ نےکہا ان کی حکومت نے دو جنگیں لڑیں اور دونوں جیتیں، جن میں ان کے بقول وینزویلا اور ایران کے محاذ شامل ہیں۔2028 کے صدارتی انتخابات  کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر کسی ریپبلکن امیدوار کی حمایت کریں گے، تاہم یہ ضروری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی میں کئی مضبوط امیدوار موجود ہیں اور ان کے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور بعض سینیٹرز بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں۔ وہ اس انتخابی عمل میں مداخلت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بعد میں کریں گے، اگرچہ ان کی حمایت کسی امیدوار کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنی صدارتی معافیوں کے اختیار کے وسیع استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عہدہ چھوڑنے سے پہلے وہ بہت بڑی تعداد میں معافیاں جاری کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کو اپنی باقی زندگی مقدمات اور قانونی دفاع میں ضائع کرتے نہیں دیکھنا چاہتے جو ان کے بقول ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جو شخص بھی وائٹ ہاؤس سے ایک ہزار میل کے فاصلے کے اندر آیا ہو، ممکن ہے اسے بھی معافی مل جائے۔ تاہم انہوں نے خود کو معاف کرنے کے امکان کے بارے میں کہا کہ وہ ایسا کرنے کی توقع نہیں رکھتے، اگرچہ ان کے خیال میں یہ کوئی غیرمعقول بات نہیں ہوگی۔چھ جنوری 2021 کو امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے میں ملوث افراد کو دی گئی صدارتی معافیوں کا دفاع کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں کسی دوسرے گروہ کے ساتھ اتنا غیرمنصفانہ سلوک نہیں ہوا۔ پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ بعض افراد نے سخت رویہ اختیار کیا تھا، لیکن ان کے بقول پولیس اہلکاروں نے بھی ان کے ساتھ سختی کی تھی۔انٹرویو میں نامعلوم اڑن اشیا اور یو ایف اوز کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان کے وجود پر زیادہ یقین نہیں رکھتے، تاہم اپنی پہلی اور دوسری صدارتی مدت کے دوران انہوں نے فضائیہ کے ایسے پائلٹس سے ملاقاتیں کیں جنہیں وہ قابل اعتماد اور سنجیدہ افراد سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ان پائلٹس نے انہیں بعض انتہائی عجیب و غریب واقعات کے بارے میں بتایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سازشی نظریات پر یقین رکھنے والے نہیں بلکہ تجربہ کار فوجی پائلٹس ہیں۔انٹرویو کے اختتام پر جب ان سے پوچھا گیا کہ وفات کے بعد وہ کیا چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں کس طرح یاد رکھیں تو ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لوگ انہیں یاد کریں گے۔ مذہبی عقیدے اور جنت میں جانے کی خواہش سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ مذہبی شخص ہیں اور نظریاتی طور پر انہیں جنت میں جانا چاہیے، کیونکہ وہ جہنم میں نہیں جانا چاہتے۔ تاہم جب صحافی نے پوچھا کہ کیا وہ جنت میں جانے کے لیے اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کر سکتے ہیں تو ٹرمپ نے صاف جواب دیا، ’’نہیں، میں سچ بولنا چاہتا ہوں، جواب نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بعض دشمنوں سے نفرت کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔

اہم خبریں سے مزید