اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)تربیلا ٹی5 واقعہ: ارسا کا حفاظتی اقدام، ڈیم میں پانی کی سطح 6 فٹ کم کرنے کا فیصلہ؛ انٹیک پٹ سے پانی نکال دیا گیا، مرکزی سرنگ اور منصوبے کے دیگر حصے محفوظ ہیں، واپڈا کی وضاحت۔ تفصیلات کے مطابق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے زیر تعمیر تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (ٹی 5) کے انٹیک پٹ میں چٹان کا ایک حصہ گرنے کے واقعے کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح چھ فٹ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واقعے کے بعد ڈیم کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز)کے تحت آبی ذخیرے میں پانی کی سطح 1496 فٹ سے کم کرکے 1490 فٹ کر دی جائے گی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انٹیک پٹ سے پانی تیزی سے سرنگ (ٹنل) اور پاور ہاؤس کے زیرِ تعمیر حصے میں داخل ہوگیا۔ ارسا کے ترجمان نے بتایا کہ چٹان کا حصہ گرنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر اتھارٹی نے تربیلا ڈیم سے پانی کی سطح کم کرنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔