• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میک اے وش چلڈرن فائونڈیشن پاکستان جان لیوا مرض میں مبتلا بچوں کی خواہشات کی تکمیل کا ادارہ ہے جو اُمید، خوشی اور ناقابل فراموش لمحات لاکر ان بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرتا ہے۔ فائونڈیشن اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ہر بچے کو مسکرانے، خواب دیکھنے اور ایسا لمحہ ملنا چاہئے جس سے اِسے یہ احساس ہو کہ اس کی خواہش بھی اہمیت رکھتی ہے۔ گزشتہ دنوں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر (NICVD) میں زیر علاج 17 سالہ عباد نے ادارے سے اپنے دل میں چھپی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا کہ وہ پاک نیوی میں شمولیت اختیارکرے اور سفید یونیفارم میں ملبوس ہوکر پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ کرے۔ عباد کی خواہش کے مدنظر فائونڈیشن نے پاک بحریہ سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ عباد کی بیماری کی سنگینی کے پیش نظر اس کی خواہش کی تکمیل کو ممکن بنایا جائے۔ پاک نیوی نے جلد ہی یہ خوشخبری سنائی کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عباد کی خواہش کی تکمیل کی اجازت دے دی ہے۔ مقررہ روز نیوی کی یونیفارم میں ملبوس عباد اپنے والدین، میرے اور فائونڈیشن کی ٹیم کے ہمراہ ڈاکیارڈ پہنچا تو ا س کی خوشی قابل دید تھی۔ پاکستان نیوی کے 18th Destroyer اسکواڈرن کے کموڈور تیمور نیاز خان نے بچے کا استقبال کیا اور ایک پروقار تقریب میں عباد کو پاک نیوی کے اعزازی لیفٹیننٹ کا بیج لگایا۔ اس موقع پر عباد نے وہاں موجود سینئر نیوی افسران کو سیلوٹ کیا۔ بعد ازاں عباد اور تقریب کے شرکاء کو PNS خیبر پر لے جایا گیا اور بحری جہاز کا وزٹ کرایا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی کا حامل PNS خیبر پاکستان نیوی کا ایک اہم Destroyer بحری جہاز ہے جسے کچھ سال قبل ہی ترکیہ میں تیار کیا گیا تھا اور یہ جہاز خیبر سیریز کا چوتھا جہاز ہے۔ سب سے پہلا خیبر بحری جہاز HMS کیڈٹس برطانوی نیوی سے پاکستان نے 1956 ء میںحاصل کیا تھا جو 1971 کی پاک بھارت جنگ میں حادثے کا شکار ہوا۔ دوسرا PNS خیبر امریکی نیوی کا USS Brooke تھا جسے پاکستان نے 1989میں امریکی نیوی سے حاصل کرکے بحری بیڑے میں شامل کیا تاہم 1994 میں اسے اسکریپ کردیا گیا۔ 1994 میں برطانوی نیوی کا بحری جہاز HMS Arrow حاصل کرکے اسے پاکستان نیوی میں شامل کیا گیا اور موجودہ PNS خیبر 2025 میں ترکیہ سے حاصل کرکے دسمبر 2025 میں اسے پاک نیوی میں شامل کیا گیا جو تارپیڈو اور جدید میزائل سسٹم سے لیس ہے۔ عباد کو اس بحری جہاز کے برج جہاں سے جہاز کو آپریٹ کیا جاتا ہے، پر لے جاکر کیپٹن کی نشست پر بٹھایا گیا اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن علی رضا اور اُن کی ٹیم نے عباد کو PNS خیبر کی کیپ پہنائی جس پر عباد کی خوشی قابل دید تھی۔ عباد کیلئے نیوی افسر بننے اور بحری جہاز قریب سے دیکھنے کی خواہش محض ایک جہاز دیکھنے تک محدود نہیں تھی بلکہ یہ بہادری، نظم و ضبط، عزت، وقار اور حب الوطنی سے اس کی گہری وابستگی کی عکاسی تھی جس کا اس نے مشاہدہ کیا۔ یہ یادگار تجربہ محض بحری جہاز کی سیر تک محدود نہیں تھا بلکہ پاک بحریہ کے جہاز پر کھڑے ہو کر وطن کی خدمت کے جذبے کو قریب سے محسوس کرنا عباد کیلئے فخر اور خوشی کا موقع تھا۔ یہ قابل تحسین اقدام صرف ایک بچے کی خواہش پوری کرنے سے کہیں بڑھ کر ہے اور اس حقیقت کا عکاس ہے کہ مہربانی، ہمدردی اور اجتماعی کوششیں کس طرح موذی بیماریوں کا سامنا کرنے والے بچوں کی زندگیوں میں خوشی اور امید کے رنگ بکھیر سکتی ہیں۔

میک اے وش چلڈرن فائونڈیشن گزشتہ 20 سال میں 25 ہزار سے زائد لاعلاج بچوں کی خواہشات کی تکمیل کرکے اُن کی زندگی کے آخری ایام میں چہرے پر مسکراہٹ بکھیر چکا ہے۔ ان بچوں میں ایک بڑی تعداد ہمارے درمیان نہیں مگر ہمیں خوشی ہے کہ یہ بچے کوئی خواہش یا حسرت لئے دنیا سے رخصت نہیں ہوئے۔ عباد کی نیول آفیسر بننے اور بحری جہاز کے وزٹ کی خواہش یقیناََ ایک منفرد خواہش تھی جو پاک نیوی نے انتہائی باوقار انداز میں پوری کی اور عباد کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جس پر میں اور میرا ادارہ میک اے وش چلڈرن فائونڈیشن، پاک بحریہ کے سربراہ نوید اشرف، کموڈور تیمور نیاز خان، کیپٹن علی رضا اور اُن کی ٹیم کا تہہ دل سے مشکور ہے۔ نیوی کی سفید یونیفارم میں ملبوس عباد کا ہاتھ تھامے میں جب PNS خیبر کی سیڑھیوں سے نیچے اتر رہا تھا تو عباد کا خوشی سے چمکتا چہرہ اور اس کے ہاتھ کی گرمی میرے اس یقین میں اضافہ کررہی تھی کہ قوم میں جب تک عباد جیسے بہادر بچے موجود ہیں جن کے ہیرو پاکستان نیوی کے وہ جوان ہیں جو ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت پر دن رات مامور ہیں اور وقت آنے پر اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے، ان کی موجودگی میں دشمن کبھی اپنے مذموم عزائم اور پاکستان کی آبی سرحدوں کو عبور کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔

تازہ ترین