اسلام آباد (عاصم جاوید) قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے 241 ارب کے قومی اثاثوں کا تحفظ، اربوں ریکور ممکن بنایا، گزشتہ دو ماہ کے دوران تین اہم کامیابیاں حاصل کرلیں جن میں تقریباً 241 ارب 40 کروڑ 84 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے قومی اثاثوں کا تحفظ اور بالواسطہ ریکوری ممکن ہوئی۔ گذشتہ دو ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری ،یہ اہم کامیابیاں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی قیادت اور ڈائریکٹر جنرل نیب اسلام آباد/راولپنڈی محمد رضوان خان کی مؤثر نگرانی، پیشہ ورانہ حکمت عملی اور مسلسل کاوشوں کا مظہر ہیں۔ اس ضمن میں ایک اہم کامیابی پاکستان ریلوے کی 3,927 کنال اراضی کو محفوظ بنانے اور اس کی منتقلی و انتقال کے قانونی و انتظامی امور کی تکمیل کی صورت میں حاصل ہوئی۔ مذکورہ اراضی اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ اور مری میں واقع ہے، جس کی تخمینہ شدہ مالیت تقریباً 118ارب روپے ہے۔ نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی مسلسل کاوشوں، متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور مربوط اقدامات کے نتیجے میں قیمتی سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔ ایک اور اہم کامیابی گلگت بلتستان کے علاقے گینی میں پوزولان کے کان کنی کے لیز سے متعلق دیرینہ تنازع کے حل کی صورت میں سامنے آئی۔ نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے تمام متعلقہ فریقین اور اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے اس معاملے کے حل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نیب کی ان کاوشوں کے نتیجے میں حکومت گلگت بلتستان نے سابقہ لیز کا انتظام منسوخ کر کے اپاٹا/ڈی بی ڈی سی کے حق میں نئی ٹینڈرنگ کے اجرا کی راہ ہموار کی۔