لاہور(صابر شاہ)چینی خاتون سے مبینہ معاشقے نے این ویڈیا بانی جینسن ہوانگ کا کیریئر ختم کردیا۔11ہزار 704کھرب روپے ( 4.19 ٹریلین ڈالر)مالیت کی کمپنی کے سربراہ بالآخر ناجائز تعلقات و جاسوسی اسکینڈل کے باعث مستعفی ہوگئے۔ماضی میں بھی جنسی اسکینڈلز نے عالمی رہنماؤں و نامور شخصیات کے عہدے 0چھینے۔بعض کو مستعفی ہونا پڑا، کچھ کو قانونی کارروائی اور سزائوں کا سامنا رہا، کئی نامورشخصیات عوامی اور مالی نقصان سے دوچار ہوئیں نو امریکی صدور کو اپنے عہدے پر فائز ہونے سے پہلے یا دوران جنسی اسکینڈلز کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی صدور کینیڈی، روز ویلٹ، ٹرمپ سمیت برلسکونی، انور ابراہیم ودیگر کو غیر ازداوجی تعلقات پر تنازعات کا سامنا رہا۔ سابق اسرائیلی صدر موشے کاتساؤ کو ریپ جرم پر سات سال قید، بل کلنٹن کا مواخذ ہ ہوا،برلسکونی و ٹائیگر ووڈز کی طلاق ہوئی اور کیریئر ختم ہوگیا۔ تائیوانی نژاد امریکی الیکٹریکل انجینئر جینسن ہوانگ، جو مصنوعی ذہانت کے ہارڈویئر، موبائل اور آٹوموٹو ایپلی کیشنز کے شعبوں میں دنیا کی سرکردہ کمپنی نیوڈیا کے سربراہ تھے، جمعرات کو بالآخر اپنے عہدے سے الگ ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق ایک چینی خاتون کے ساتھ ان کے ازدواجی تعلقات سے باہر مبینہ معاشقے نے کمپنی کو بھاری نقصان پہنچایا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران نیوڈیا کی مارکیٹ مالیت میں 450 ارب سے 685 ارب ڈالر تک کمی واقع ہوئی۔ کمپنی کے حصص کی قیمت میں 10 فیصد سے زیادہ گراوٹ آئی اور فی حصص قیمت تقریباً 155.94 ڈالر گر گئی۔ 63 سالہ جینسن ہوانگ کی دولت فوربز میگزین کے مطابق 150 ارب ڈالر ہے، جبکہ اسکینڈل سامنے آنے سے پہلے نیوڈیا کی مارکیٹ مالیت 4.19 ٹریلین ڈالر اور آمدن 215.9 ارب ڈالر تھی۔تاریخ بتاتی ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز بے شمار شخصیات، جن میں صدور، وزرائے اعظم، سیاست دان، کاروباری شخصیات، وزرا، کھلاڑی اور شوبز کے ستارے شامل ہیں، اکثر ایسے متنازع اور ازدواجی تعلقات سے باہر روابط میں ملوث پائے گئے، جن کے نتیجے میں انہیں عوامی ردعمل، اخلاقی ضابطوں کی خلاف ورزی یا اداروں کے اندرونی فیصلوں کے باعث اپنے عہدوں سے محروم ہونا پڑا۔