پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبرپختونخوا میں محکمہ اوقاف کی 3 لاکھ 40 ہزار کنال سے زائد اراضی محکمے کے اپنے سرکاری ریکارڈ سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ اوقاف کے ریکارڈ میں صوبے بھر کی صرف تقریباً 67 ہزار کنال اراضی درج ہے، جبکہ صوبے کے 20اضلاع کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے اضلاع میں اوقاف کی مجموعی طور پر 4لاکھ 7ہزار 374 کنال اور 8 مرلے اراضی موجود ہے۔اعداد و شمار میں اتنے بڑے فرق نے خیبرپختونخوا میں سرکاری اراضی کے انتظام، تحفظ اور گورننس کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ذمہ دار سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ قیمتی اراضی محکمے کے ریکارڈمیں درج نہیں اور اس پر کئی سال سے بااثر افراد نے قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث اربوں روپے مالیت کی اوقاف کی زمین سرکاری نگرانی سے باہر رہی ہے۔