• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چانڈ کا میڈیکل کالج اسپتال میں زیر تعمیر 600بستروں کے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کوسیاسی محاذ آرائی کے بجائے تمام سیاسی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کرنے اور عوام کو در پیش معاشی مشکلات کے حل پر توجہ دینے کا صائب مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم دہشتگردی ، بھارت، افغانستان، پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان سے لڑتے رہیں گے تو معاشی ترقی کب کرینگے ؟ ہماری ترجیح باہمی اختلافات کے بجائے عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، جنگ کے معاشی اثرات امریکا سے لاڑکانہ تک عوام برداشت کر رہے ہیں ، میٹھے پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں کو آئندہ 50سال کی آبادی کے حساب سے ڈیزائن کیا جائے تا کہ یہ منصو بے دیر پا ثابت ہو سکیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وفاق کے ساتھ ملکر کام کیا جائے اور صوبوں کے مسائل کے حل کیلئے یکساں رابطہ کاری اور تعاون ضروری ہے۔ بلاول بھٹو نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننا چاہیے تا کہ اتفاق رائے سے انتخابی نظام میں بہتری لائی جاسکے۔ بلاول بھٹو نے سندھ میں صحت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ حکومت اسپتالوں کی ذمہ داری بہتر انداز میں نبھا رہی ہے۔ لاڑکانہ کے اسپتال کی تعمیر میں وفاقی حکومت کی کوئی معاونت شامل نہیں، کافی عرصے سے سندھ میں وفاقی منصوبے نہ ہونے کے برابر ہیں۔ملک کو اس وقت جن سیاسی، معاشی اور امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے ، ان کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادت باہمی اختلافات اور محاذ آرائی سے نکل کر قومی ترجیحات پر توجہ دے۔ بلا شبہ بلاول بھٹو کے یہ سولات موجودہ سیاسی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں، کیونکہ عوام کو سیاسی بیانات اور محاذ آرائی کے بجائے مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی مشکلات سے نجات درکار ہے۔ تاہم یہ امر بھی قابل غور ہے کہ بلاول بھٹو خود اقتدار کا حصہ ہیں اور ان کے والد آصف علی زرداری ملک کے صدر مملکت کے منصب پر فائز ہیں۔ ایسے میں انہیں محض بے بسی کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو بروئے کار لا کر مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی قیادت کرنی چاہیے۔ اگر سیاسی محاذ آرائی معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے تو اس کے خاتمے کیلئے بلاول بھٹو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہیں چاہیے کہ تمام پارلیمانی جماعتوں کی قیادت پر مشتمل ایک مستقل سیاسی مذاکراتی فورم کے قیام کی تجویز دیں، جس میں انتخابی اصلاحات، پارلیمان کی بالادستی،سیاسی مقدمات اور وفاقی و صوبائی اختلافات جیسے معاملات پر بات ہو۔ گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں پھینکنے کے بجائے مذاکرات کا آغاز اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہی وقت کی اصل ضرورت ہے۔ دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی ہے، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔حالیہ ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آیا ہے جو عام آدمی کیلئے ایک مثبت اشارہ ہے۔ یہ کمی یکمشت نہیں بلکہ مرحلہ وار ہوئی ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت عالمی منڈی کے رجحانات اور داخلی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں جب توانائی کے اخراجات عام لوگوں کی روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں، قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ خوش آئند قرار دیا جا سکتا ہے۔ عام آدمی کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت محض اعداد و شمار نہیں بلکہ اس کی روز مرہ آمد و رفت، روزگار اور گھریلو بجٹ سے جڑی ہوئی حقیقت ہے۔ جب ایندھن سستا ہوتا ہے تو فطری طور پر نقل و حمل کے اخراجات کم ہوتے ہیں ، جس کے نتیجے میں بازار میں اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ تاہم عملی طور پر یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ گزشتہ15روز میں قیمتوں میں 12فیصد تک کمی ہوئی ہے، وہ خوش آئند ضرور ہے، مگر اس کے مکمل فوائد ابھی تک عام آدمی تک نہیں پہنچے ۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھا ؤکی وجہ سے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی۔ جب بار برداری کے اخراجات پرانے نرخوں پر ہی جاری رہیں تو مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی اپنی جگہ پر قائم رہتی ہیں۔ مہنگائی کا کنٹرول صرف پیٹرول کی قیمت کم کرنے سے نہیں ہوگا، جب تک بار برداری کے اخراجات کم نہیں ہوتے ، اس وقت تک مارکیٹ میں قیمتوں کا دباؤ برقرار رہے گا۔ اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ صرف نوٹیفکیشن جاری کرنے پر اکتفا نہ کرے بلکہ اس بات کو یقینی بنائے کہ قیمتوں میں کمی کے اثرات نقل و حمل کے شعبے تک پہنچیں اور کرایوں میں حقیقی کمی ہو۔ اس کیلئے متعلقہ محکموں، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اور مقامی انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنی ہوگی تاکہ کرایوں میں کمی کا عمل شفاف اور مؤثر طریقے سے نافذ ہو سکے، اگر بار برداری کے اخراجات کم ہوں گے تو مارکیٹ میں مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عام آدمی کو حقیقی ریلیف محسوس ہوگا۔ عام آدمی کی توقع یہی ہے کہ یہ کمی صرف کا غذی نہ رہے بلکہ اس کی روز مرہ زندگی میں بہتری کی شکل اختیار کرے۔

تازہ ترین