پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا کے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں2024سے 2026کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹینڈرنگ کے عمل میں مبینہ ردوبدل کرکے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے، لازمی ضابطہ جاتی تقاضے پورے نہ کرنے اور قومی خزانے کو ممکنہ مالی نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ معزول وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی ستمبر 2024سے اکتوبر 2025تک محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے لیے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کے فرائض انجام دیتے رہے، جس کے بعد وہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ اس عرصے میں محکمہ کے ترقیاتی منصوبوں اور ٹینڈرنگ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔الزامات کے مطابق سرکاری ٹھیکوں کی خریداری اور ٹینڈرنگ کے عمل میں مبینہ ردوبدل کرکے مخصوص من پسند ٹھیکیداروں کو نوازا گیا، جس کے نتیجے میں بعض فرموں کو ناجائز مالی فوائد پہنچانے اور قومی خزانے کو اربوں روپے کے ممکنہ نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔سال 2025 میں مبینہ طور پر ایک من پسند ٹھیکیدار کو اربوں روپے مالیت کے ٹینڈرز میں فائدہ پہنچانے کے لیے مقررہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد بھی درخواستیں جمع کرانے کی اجازت دی گئی۔ ٹینڈرنگ کے لازمی تقاضوں میں اس مبینہ رعایت سے تمام بولی دہندگان کے ساتھ یکساں سلوک اور سرکاری خریداری کے قواعد پر عمل درآمد کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔ایک اور معاملے میں نوگزی بابا سے شیخان کرکٹ اسٹیڈیم تک سات کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی لاگت میں مبینہ طور پر غیرمعمولی اضافہ کیا گیا۔