اسلام آباد (عاصم جاوید)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ چین کے عدالتی نظام میں رائج بہترین طریقوں کی نشاندہی کی جائے ،چین کے عدالتی تربیتی پروگرام میں شرکت کیلئے ملک بھر سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 25جوڈیشل افسران کا انتخاب کر لیا گیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک بھر سے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کئے گئے 25 جوڈیشل افسران کے پہلے وفد سے ملاقات کی اور انہیں چین کے دو ہفتوں پر مشتمل عدالتی تبادلے اور تربیتی پروگرام میں شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام عدالتی شعبے میں میرٹ، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف کے ساتھ جوڈیشل افسران کو بین الاقوامی تجربات اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ جوڈیشل افسران کا انتخاب متعلقہ ہائی کورٹس کی مشاورت سے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی، عدالتی خدمات اور دور دراز و مشکل علاقوں میں ذمہ داریاں نبھانے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ وفد میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے افسران شامل ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں خدمات انجام دینے والے افسران بھی وفد کا حصہ ہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملاقات کے دوران منتخب افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، استقامت اور عدالتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان کی بہترین کارکردگی کا اعتراف کرنے کے ساتھ انہیں پیشہ ورانہ ترقی، بین الاقوامی تجربات اور ادارہ جاتی سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے افسران کو پاکستان کی عدلیہ کا سفیر قرار دیتے ہوئے چین کے عدالتی طریقہ کار، جدید ٹیکنالوجی اور مقدمات کی مینجمنٹ کے نظام کا مشاہدہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہاں کے بہترین تجربات سے پاکستان میں انصاف کی فراہمی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔