کراچی (مطلوب حسین) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سندھ بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کی مالی امداد سے مبینہ غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے میرپورخاص میں ایجنٹ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ سکھر میں بھی نجی کمیونیکیشن کمپنی کے مالک کے خلاف مستحقین کی امدادی رقوم سے غیر قانونی کٹوتیوں کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد زون کی ہدایات پر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل میرپورخاص نے بی آئی ایس پی کے مستحقین کی امدادی رقوم سے مبینہ غیر قانونی کٹوتیاں کرنے والے ایجنٹ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تین آپریٹرز اکشے کمار، پون کمار اور ہاتھی کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد مستحقین نے شکایت کی کہ امدادی رقم کی ادائیگی کے وقت ریٹیلرز اور ایجنٹس فی قسط ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک غیر قانونی طور پر کاٹ رہے تھے۔تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ مستحقین سے غیر قانونی طور پر وصول کی جانے والی رقم کا ایک حصہ مختلف سہولت کاروں میں بھی تقسیم کیا جاتا تھا۔