امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (NVIDIA) کا شمار مصنوعی ذہانت (AI) اور سیمی کنڈکٹرز بنانے والی دنیا کی معروف ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ گزشتہ دنوں کمپنی کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک خاتون کیساتھ مبینہ ذاتی تعلقات اور جدید ترین AI چپس کی چین منتقلی نے اس معاملے کو ایک بڑے قومی سلامتی کے تنازع میں تبدیل کردیا۔ اسکینڈل کے نتیجے میں جینسن ہوانگ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون کا تعلق چین کی انٹیلی جنس سے تھا اور خاتون نے سنگاپور میں قائم کمپنی میگا اسپیڈ (Megaspeed) کے ذریعے جون 2024 میں این ویڈیا کی 4.8ارب ڈالر سے زائد مالیت کی جدید AI چپس حاصل کرکے انہیں امریکی برآمدی پابندیوں سے بچتے ہوئے چین منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تاہم چین نے ان امریکی الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
این ویڈیا کی بنیاد 1993ءمیں مستعفی چیف ایگزیکٹو کمپیوٹر انجینئر جینسن ہوانگ نے اپنے دو ساتھیوں کیساتھ رکھی تھی۔ ابتدائی طور پر کمپنی کا مقصد کمپیوٹر گیمز اور ملٹی میڈیا کیلئے جدید گرافکس ٹیکنالوجی تیار کرنا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ کمپنی نے اپنی ٹیکنالوجی کو ایک نئی سمت دی اور 1999 میں کمپنی نے گرافکس پروسیسنگ یونٹ (GPU) متعارف کرایا جس کے ذریعے گرافکس پروسیسرز کو پیچیدہ سائنسی، ریاضیاتی اور کمپیوٹنگ کاموں کیلئے استعمال کرنا ممکن ہوا۔ اسی ٹیکنالوجی نے آگے چل کر مصنوعی ذہانت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا۔کمپنی کی معاشی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2026ءکمپنی کی سالانہ آمدنی 216 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 65فیصد زیادہ تھی۔ این ویڈیا بنیادی طور پر چیٹ جی پی ٹی جیسی ایپلی کیشن بنانے والی کمپنی نہیں بلکہ یہ ہارڈویئر اور سافٹ ویئر تیار کرتی ہے جس پر دنیا کی بڑی اے آئی کمپنیاں اپنے جدید نظام چلارہی ہیں۔ کمپنی کے تیار کردہ گرافکس پروسیسنگ یونٹس (GPUs) جدید مصنوعی ذہانت کی صنعت کا بنیادی انفراسٹرکچر بن چکے ہیں اور یہ چپس کئی اہم شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں جن کی غیر معمولی کمپیوٹنگ صلاحیت انہیںاسٹرٹیجک اثاثہ بنادیتی ہے۔
امریکہ کو تشویش ہے کہ اگر انتہائی جدید امریکی چپس چینی فوج، دفاعی تحقیق یا حساس مصنوعی ذہانت کے منصوبوں تک پہنچ گئیں تو چین اپنی تکنیکی اور عسکری صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کرسکتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ واشنگٹن نے گزشتہ برسوں میں چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز اور متعلقہ ٹیکنالوجی کی برآمد پر مختلف پابندیاں اور لائسنسنگ شرائط عائد کی ہیں۔
این ویڈیا اسکینڈل کی اہمیت صرف یہ نہیں کہ ایک بڑی کمپنی کے سربراہ کو کن الزامات کا سامنا اور اپنے عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا بلکہ یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ذریعے حساس معلومات اور قومی سلامتی سے متعلق ٹیکنالوجی کا تحفظ کس طرح یقینی بنایا جاسکتا ہے؟ ایک طرف امریکی حکومت چین کو جدید چپس کی فراہمی پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے جبکہ دوسری طرف این ویڈیا جیسی عالمی کمپنیوں کیلئے چین ایک بڑی تجارتی منڈی ہے۔ ایسی صورت میں کمپنیوں کے کاروباری مفادات اور حکومتوں کے قومی سلامتی کے درمیان تصادم پیدا ہونا ایک فطری عمل ہے۔
اس پورے معاملے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ آنے والے برسوں میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں محض کاروباری ادارے نہیں رہیں گی بلکہ عالمی سیاست، معیشت اور قومی سلامتی میں ان کا کردار مزید اہم ہوتا جائے گا۔ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر جس ملک یا کمپنی کی گرفت مضبوط ہوگی، اسے عالمی معیشت اور جدید صنعتوں میں نمایاں برتری حاصل ہوسکتی ہے۔اس طرح آنے والے برسوں میں عالمی طاقت کا تعین صرف فوجی قوت، جوہری ہتھیاروں، میزائلوں اور بحری بیڑوں سے نہیں ہوگا بلکہ مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، ڈیٹا سینٹرز اور غیر معمولی کمپیوٹنگ صلاحیت بھی فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ این ویڈیا اسکینڈل دراصل اس نئی عالمی طاقت کی جنگ کی ایک جھلک ہیں جس کا فیصلہ میدان جنگ کے بجائے لیبارٹریوں، چِپ سازی کے کارخانوں، ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت کے مراکز میں ہوگا۔
پاکستان کیلئے یہ عالمی ٹیکنالوجی مقابلہ ایک بڑا چیلنج ہونے کے ساتھ ساتھ غیر معمولی مواقع بھی فراہم کرتاہے۔ بدقسمتی سے پاکستان ابھی تک سیمی کنڈکٹرز، جدید چپ سازی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عالمی دوڑ سے بہت پیچھے ہے۔ اگر پاکستان نے مستقبل کی عالمی معیشت میں اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے تو اسے محض جدید ٹیکنالوجی کا صارف بننے کے بجائے اس کی تیاری، تحقیق اور ترقی میں بھی حصہ لینا ہوگا جس کیلئے تعلیمی اداروں میں آئی ٹی کے شعبے میں جدید تحقیق، سرمایہ کاری، مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹرز کی تعلیم و تربیت دینا ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس شعبے کیلئے طویل المدتی قومی پالیسی تشکیل دے اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے مصنوعی ذہانت، جدت اور ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ دے۔ بصورت دیگر خدشہ ہے کہ دنیا مصنوعی ذہانت کے ذریعے ترقی اور طاقت کے نئے مدارج طے کرتی رہے گی جبکہ پاکستان محض دوسروں کی تیار کردہ ٹیکنالوجی استعمال کرنے اور صارف کی حد تک محدود ہوکر رہ جائے گا۔