پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا کا تعلیمی نظام بیک وقت متعدد سنگین مسائل سے دوچار ہے، صوبے میں تقریباً 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، سرکاری اسکولوں میں 45 ہزار اساتذہ کی کمی ہے جبکہ 26 سرکاری جامعات مالی بحران کا شکار ہیں۔ تعلیمی شعبے کی صورتحال کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اضلاع میں 83فیصد بچے انگریزی کا ایک جملہ، 82فیصد اردو کا ایک پیراگراف پڑھنے سے قاصر ہیں جبکہ 60 فیصد بچے جمع تفریق کے بنیادی سوالات بھی حل نہیں کر سکتے۔صوبے میں 11 ہزار 617 اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک یا دو اساتذہ تعینات ہیں جبکہ 563سرکاری اسکول غیر فعال ہیں۔یہ اہم انکشافات گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک خصوصی بریفنگ کے دوران سامنے آئے، جس میں گورنر خیبر پختونخوا، ان کے مشیران، مختلف محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ گورنر کے مشیر برائے تعلیم عامر عبداللہ نے صوبے کے تعلیمی نظام، اسکولوں کی صورتحال، جامعات کے مالی بحران، تعلیمی معیار اور آئندہ اصلاحاتی منصوبوں کے حوالے سے اعدادوشمار پیش کیے۔بریفنگ کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 34ہزار 848سرکاری اسکول ہیں جن میں تقریباً 59 لاکھ 60 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ تدریسی عملے کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار کے قریب ہے۔ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں تقریباً 45ہزار اساتذہ کی کمی ہے اور ایک استاد کے حصے میں اوسطاً 41 طلبہ آتے ہیں۔