بھارتی ٹی وی نیوز اینکر روبیکا لیاقت یورپ میں گرمی کی شدید لہروں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ایک لفظ کی غلطی پر تنقید اور طنز کا نشانہ بن گئیں۔
حال ہی میں ایک پروگرام میں یورپ کی گرمی کی لہر پر گفتگو کرتے ہوئے روبیکا لیاقت نے یورپی ممالک میں گرمی کی شدت کی مختلف وجوہات بیان کیں۔
انہوں نے تیسری وجہ نمی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں گرمی کی لہر کے دوران ہوا کی آمد و رفت رک جاتی ہے، جس کے باعث پسینہ خشک نہیں ہوتا اور گھٹن میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس کے بعد انہوں نے یورپی گھروں کی تعمیر کے طریقے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں گھروں کی دیواروں پر ’انسولین‘ جیسا فوم لگایا جاتا ہے، ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
دراصل وہ ’انسولیشن‘ (حرارت سے بچاؤ کے لیے استعمال ہونے والا مواد) کہنا چاہ رہی تھیں، جبکہ انسولین ایک ہارمون ہے جو ذیابیطس کے علاج میں استعمال ہوتا ہے۔
روبیکا لیاقت نے یورپی گھروں میں ایئرکنڈیشنر نہ ہونے کی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا کہ سرد علاقوں میں واقع ہونے کے باعث یورپ کے گھروں میں عموماً اے سی نہیں ہوتے اور وہاں اے سی لگانے کے لیے بھی سخت قوانین موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین نے ان کے انسولین والے بیان پر دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
واضح رہے کہ یورپ میں گرمی کی لہر سے متعلق روبیکا لیاقت کا یہ پہلا بیان نہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہو۔
اس سے قبل رواں ماہ ان کی ایک اور ویڈیو بھی زیرِ گردش ہوئی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں آلودگی بھارتی شہریوں کو گرمی سے محفوظ رکھتی ہے، جبکہ یورپ کی صاف ہوا سورج کی روشنی کو جلد کے لیے زیادہ نقصان دہ بناتی ہے، اس بیان پر بھی انہیں سوشل میڈیا پر شدید طنز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔