• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شہداء سب سے اعلیٰ مقام رکھتے ہیں‘: متنازع بیان پر خاقان شاہنواز نے معافی مانگ لی

خاقان شاہنواز---فائل فوٹوز
خاقان شاہنواز---فائل فوٹوز

پاکستانی اداکار اور ماڈل خاقان شاہنواز نے اپنی پوڈکاسٹ میں مسلح افواج کی ملازمت اور فوجی اہلکاروں کی قربانیوں سے متعلق متنازع گفتگو پر معذرت کرتے ہوئے عوام سے خود کو معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔

خاقان شاہنواز نے اپنی پوڈکاسٹ ’ہاٹ پاٹ ود خاقان‘ میں فوجی خدمات اور مسلح افواج کے اہلکاروں کی قربانیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوجی اہلکار اس کام کی تنخواہ لیتے ہیں۔

ان کا مؤقف تھا کہ فوج میں خدمات انجام دینا بھی دیگر ملازمتوں کی طرح ایک تنخواہ دار پیشہ ہے اور اہلکار اپنی ذمے داریاں ادا کرنے کے عوض معاوضہ وصول کرتے ہیں۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ 

بعد ازاں خاقان شاہنواز نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں اپنے بیان میں اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران میں نے اپنی پوڈکاسٹ میں ایسی بات کہی جو نہیں کہنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی ہمارے وطن پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کرتا ہے اور اس ملک کی خاطر شہید ہوتا ہے، اس کا مقام سب سے اعلیٰ ہے۔

خاقان شاہنواز نے پاک فوج کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ہمیشہ پاک فوج کا حامی رہا ہوں اور آئندہ بھی اس کی حمایت جاری رکھوں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کی خدمت کے لیے خاص قسم کی ہمت، بہادری اور عظمت درکار ہوتی ہے، انہی لوگوں کی بدولت ہمارا وطن قائم ہے۔

خاقان شاہنواز نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انسان سے غلطیاں ہوتی رہتی ہیں اور میں خود کو بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھوں گا، معاف کرنا اللّٰہ تعالیٰ کی صفت ہے، اگر ممکن ہو تو مجھے بھی معاف کر دیا جائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید