• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع وسطی میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی،کچرے کے ڈھیر موجود

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں منتخب عوامی نمائندوں کو ذمہ داری سنبھالے ہوئے تقریبا ایک ماہ مکمل ہونے جارہا ہے تاہم عوامی نمائندوں کی موجودگی میں کی عوام بالخصوص ضلع وسطی کے مکین تاحال بدترین فضاء میں سانس لینے پر مجبور ہیں ضلع وسطی کے علاقوں ایف بی ایریا ، نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد ،ناظم آباد، گلبرگ سمیت اندرونی علاقوں کے بعد اب مرکزی شاہراہیں بھی کچراکنڈی میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں ،نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن کے قریب ایک موبائل مارکیٹ کے سامنے مرکزی شاہراہ ، نیو کراچی میں آدم ٹاون، اور مسلم ٹاون کی مرکزی سڑک پر منوں کچرا جمع ہے اسی طرح گلبرگ کی مختلف سڑکوں کی سینٹرل بلٹ بھی کچرا سے بھری ہوئی ہے ناظم آباد اور لیاقت آباد کی بیشتر سڑکوں پر جابجا کچرا اور غلاظت کا ڈھیر ضلعی بلدیات کی کارکردگی کا عکس ظاہر کر رہی ہے اس سلسلے میں ضلع وسطی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر عوام بہت خوش تھے کہ ایک بار پھر شہر ترقی کرے گا اور سابق ناظمین کی طرح منتخب چیرمین بھی شہریوں کی دادرسی کریں گے تاہم ایک ماہ کی کارکردگی ہماری توقع کے برعکس ہے بعض شہریوں نے مطالبہ کیا کہ منتخب نمائندوں کو اختیارات کے ساتھ فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت کے مطابق شہر کو صاف ستھرا کیا جاسکے۔
تازہ ترین