کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ راونڈ میں واپڈا نے کراچی وائٹس کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سوئی سدرن گیس نے سابق چیمپئن سوئی ناردرن گیس کے خلاف اننگز اور 45 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پیر کو دوسرے رائونڈ کے تیسرے دن نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کراچی کی ٹیم دوسری اننگز میں 169 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ سعد علی نے 57 اور محمد حسن نے 56 رنز بنائے۔ اسٹیٹ بینک گرائونڈ میں پہلی اننگز میں85 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں سوئی ناردرن نے 225 رنز بنائے۔ ٹیسٹ بیٹسمین افتخار احمد نے سنچری اسکور کی۔ احمد جمال اور ضیاء الحق نے تین تین اور محمد عرفان نے دو وکٹ حاصل کئے۔ یو بی ایل کمپلکس میں میزبان یو بی ایل کے خلاف نیشنل بینک کو جیت کے لئے308 رنز کا ہدف ملا۔ کھیل ختم ہونے پر نیشنل بینک نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 55 رنز بنائے تھے۔ ثمین گل نے دو وکٹ حاصل کئے۔ اس سے قبل یوبی ایل نے دوسری اننگز میں301 رنز بنائے۔ حماد اعظم نے 102 رنز کی اننگز دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کھیلی ۔ یاسین مرتضیٰ نے51 رنز اسکور کئے۔ عاطف جبار نے سات وکٹ 74 رنز دے کر حاصل کئے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں حبیب بینک نے کے آر ایل کو 530 رنز کا وکٹری ٹارگٹ دیا۔ تیسرے دن حبیب بینک نے دوسری اننگز 393 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ امام الحق نے86، رمیز عزیز نے74 اور محمد وقاص نے 52 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر صدف حسین نے چار وکٹ حاصل کئے۔