لندن (نمائندہ جنگ) ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو مکمل طور پر سیاست سے پاک کرنے کے لیے کام ہورہے ہیں اور پولیس عوام کی مددگار کا کام کررہی ہے۔ اسلام آباد سے جرائم کے مکمل خاتمہ کے لیے تمام علاقوں کے ایس پیز کو مکمل چوکس رکھا ہے۔ جو بہتر طور پر کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ساجد کیانی نے میرپور کے رہائشی لندن کی مشہور ٹیکسی کمپنی الفا بیٹ کارز کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد محبوب لطیف، محمد مقصود لطیف کے گھر آمد کے موقع پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ساجد کیانی کے ہمراہ ممتاز قانون دان برطانیہ بیرسٹر راشد اسلم، فیصل شیخ، محمد ظفر، محمد عمر محبوب، ذیشان احمد و دیگر بھی تھے۔ انہوں نے محمد محبوب لطیف کی برطانیہ میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیارغیر میں یہ سروس مختلف پاکستانیوں اور دوسری کمیونٹی کے لیے لوگوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے جو ایک بڑی کاوش ہے۔ ایس ایس پی ساجد کیانی نے محبوب لطیف کے والد حاجی محمد لطیف خان کے چھوٹے بھائی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کمیونٹی کو یقین دلایا ہے وہ بلاخوف و خطر پاکستان کا دورہ کرے وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اب پاکستان میں دہشت گردی اور مافیاز کا مکمل خاتمہ کیا جاچکا ہے۔