شکارپور(نامہ نگار) خانپور میں تھانہ ناپر کوٹ کی حدود گاؤں مہرو ماڑی کے قریب صوبائی وزیر کے بھتیجے میر امداد علی بجارانی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے پر حملہ کردیا۔حملہ آوروں نے ڈیرے پر موجود معمر شخص داد محمد میرانی اور 32سالہ نوجوان شاہ ڈنو عرف شاہنواز کو زدوکوب کرکے اغوا کرلیا۔ کچھ ہی مفاصلے پر کچے کے علاقے میں دونوں مغویوں میں سےداد محمد کو چھوڑ دیا گیا،جس نے گاؤں پہنچ کر شاہ ڈنو کے ورثاء کو اس کے اغوا ہونے کی خبر سنائی۔ مغوی کے ورثاء نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی جس پر پولیس نے دیہاتیوں کے ساتھ مل کر حملہ آوروں کے پیروں کے نشانات کا تعاقب کیا جو کہ کچے کے علاقے گڈو بیراج ڈھک بند کے بعد غائب ہوگئے، جہاں سے پولیس بغیر کسی کاروائی کے واپس لوٹ آئی۔ واقعے کے بعد مغوی کے والد اور بھائیوں سمیت دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے،ہم روزانہ اجرت پر مزدوری کرنے والے لوگ ہیں۔انہوں نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے واقعے کا نوٹس لیکر مغوی کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔