• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2001میں سندس فائونڈیشن کے بانی و صدر محمد یٰسین خان کی دعوت پر تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈکینسر کی علاج گاہ سندس فائونڈیشن گوجرانوالہ کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، جہاں مریض بچوں کو تازہ اورصحت مند انسانی خون کی منتقلی کا عمل دیکھ کر دل پسیج سا گیا۔ چند ساعتوں کےلئے وقت جیسے تھم سا گیا ہو اور میں نے سوچا کہ یہ کیسی الگ سی دنیا ہے جہاں تمام معصوم چہروں پر جینے کی آس اور تمنا ہے۔ کچھ آنکھیں تومجھے دیکھ کر چمک سی اٹھیں کہ شاید میں ان کی مدد کے لئے آیا ہوں۔ بس یہی وہ میری زندگی کاقیمتی لمحہ تھا جب میں نے فیصلہ کیا کہ خدمت کے اس سفر میں یٰسین خان کا ہم سفر بن جائوں اور میں نے اپنی باقی زندگی تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈکینسر کے مریضوں کی خدمت کے لئے بلامعاوضہ وقف کرنے کا عزم کیا۔ میری اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے ادارہ نے مجھے اعزازی چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ بنا دیا اور یہ عہدہ میں نے بخوشی اس سوچ سے قبول کیا کہ تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈکینسر کے مریضوں کو مفت علاج و معالجہ میں مدد مل سکے۔ ادارے کی شب و روز خدمات کی وجہ سے مثبت سوچ رکھنے والے سہیل وڑائچ، سہیل احمد (عزیزی) خالد عباس ڈار (ڈارلنگ) اور ان جیسے دیگر دردِ دل رکھنے والوں کی شمولیت سےادارے کی خدمات کادائرہ وسیع تر ہوتا چلا گیا اور ادارہ پنجاب کے دیگر شہروں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گجرات میں بھی سہولیات فراہم کرنے لگا۔ اس سلسلے میں پنجاب کے سابق گورنر خالد مقبول بھی پیش پیش رہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں منعقد کی جانے والی تھیلیسیمیا کی تقریبات میں بھی مریضوں کی دل جوئی کے لئے شریک ہوتے رہے۔خدمت کے اس سفر میں خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی کلیدی کردار ادا کیا اور تھیلیسیمیا کے خاتمے کے لئے حکومت ِ پنجاب کے زیر اہتمام چلنے والے پنجاب تھیلیسیمیا پروینشن پروگرام کوصوبہ پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جس سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔آج تھیلیسیمیا کی بیماری کا ان ممالک (سائپرس، مالدیپ، یونان اور ایران) میں جہاں سے اس کا آغاز ہوا تھا، خاتمہ ہوچکا ہے۔ مناسب آگاہی اورشادی سے پہلے کیریئر سکریننگ کی قانون سازی ہی سے ان ممالک سے اس بیماری کاخاتمہ ممکن ہوا۔ اس سلسلے میں میری ایک ملاقات کے دوران خادم اعلیٰ پنجاب نے نہ صرف ادارہ کی خدمات کو سراہا بلکہ بیماری کے خاتمے کےلئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ادارہ کے پروجیکٹ ’’سن میک‘‘ (سندس، لیکیولر سنٹر) لیبارٹری کی اپ گریڈیشن کے لئے معاونت فراہم کی، جس سے ہزاروں لو گ مستفید ہو رہے ہیں۔صحت کے شعبہ میں مزید بہتری لانے میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ کے کردار کوبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔میری زندگی کی سب سےبڑی خواہش ہے کہ تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈکینسر کے مریضوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال تعمیر کیا جائے جس میں ICU، CCU، ریڈیالوجی ، بون میرو، آپریشن تھیٹر و دیگر شعبہ جات ہوں جہاں ان کامکمل علاج ہوسکے۔ اسپتال کی تعمیر پر تقریباً 60کروڑ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ میری خادم اعلیٰ پنجاب اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ میری اس خواہش کی تکمیل کے لئے سندس فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کریں۔عطیات ادارہ کے پتہ 880شادمان روڈ لاہور، فون 042-37422140-141:یا آن لائن فیصل بنک کے اکائونٹ بنام سندس فائونڈیشن ، اکائونٹ نمبر 0465005180111005: برانچ کوڈ 0142 میں جمع کروائے جاسکتےہیں۔

تازہ ترین